پاکستان اسٹاک ایکسچینج میں کاروباری ہفتے کے آغاز پر مندی چھا گئی جہاں کے ایس ای 100 انڈیکس 800 سے زائد پوائنٹس گر گیا۔ شرحِ سود میں اضافے کے خدشات اور عالمی معاشی غیر یقینی صورتِ حال نے سرمایہ کاروں کو محتاط کردیا۔
کاروبار کے آغاز کے بعد صبح 9 بج کر 50 منٹ پر انڈیکس 832.57 پوائنٹس کمی کے بعد 161,542.30 پوائنٹس پر ٹریڈ کر رہا تھا۔ آٹو، سیمنٹ، بینکنگ، تیل و گیس اور توانائی سمیت اہم شعبوں میں فروخت کا دباؤ دیکھا گیا۔
اسٹیٹ بینک کی مانیٹری پالیسی کمیٹی کا اجلاس آج ہو گا جس میں شرحِ سود کا جائزہ لیا جائے گا۔ تجزیہ کاروں کو خدشہ ہے کہ مہنگائی اور بیرونی معاشی دباؤ کے پیشِ نظر شرحِ سود میں 50 بیسس پوائنٹس اضافہ کیا جا سکتا ہے۔
دوسری جانب اسٹاک مارکیٹ میں مسلسل گراوٹ کا سلسلہ پانچویں ہفتے بھی جاری رہا۔ گزشتہ ہفتے کے ایس ای 100 انڈیکس 4,044.84 پوائنٹس، یعنی 2.4 فیصد کمی کے بعد 162,374.84 پوائنٹس پر بند ہوا تھا۔ خام تیل کی بڑھتی قیمتوں اور جغرافیائی سیاسی کشیدگی نے بھی سرمایہ کاروں کی تشویش میں اضافہ کیا۔