افغانستان میں طالبان حکومت نے اسلامی تعلیمات کے منافی قرار دیتے ہوئے قرنیے (Cornea) کی پیوندکاری پر پابندی عائد کردی ہے اور ڈاکٹروں کو اس نوعیت کے تمام آپریشن فوری طور پر روکنے کی زبانی ہدایات جاری کی ہیں۔
اس فیصلے سے پیدا ہونے والی صورتحال پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کابل کے معالج ڈاکٹر نور زمان ہاشم نے بتایا کہ پابندی سے قبل صرف کابل کے ایک اسپتال میں ہی قرنیے کی پیوندکاری کے 90 کامیاب آپریشن کیے جا چکے تھے، تاہم اب اس روک تھام کے باعث سیکڑوں افراد بینائی کی بحالی کے علاج سے محروم ہوسکتے ہیں۔
دوسری جانب، ایک امریکی فلاحی تنظیم نے طالبان حکام سے اس پابندی کو فوری طور پر ختم کرنے کا مطالبہ کیا ہے، کیونکہ اس فیصلے سے وہاں جاری انسانی و طبی فلاحی پروگرام شدید متاثر ہو رہے ہیں۔