سہیل آفریدی وزیراعلیٰ نہیں رہیں گے، اگلا وزیراعلیٰ کون ہوگا معلوم نہیں، شیر افضل مروت

image

رکن قومی اسمبلی شیر افضل مروت نے دعویٰ کیا ہے کہ خیبر پختونخوا کے موجودہ وزیراعلیٰ سہیل آفریدی اپنے عہدے پر برقرار نہیں رہیں گے، تاہم اگلا وزیراعلیٰ کون ہوگا، اس بارے میں کچھ نہیں کہا جاسکتا۔

پشاور ہائیکورٹ میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے شیر افضل مروت نے کہا کہ 9 مئی کے واقعات کے بعد ان کے خلاف متعدد ایف آئی آرز درج کی گئیں۔ ان کا کہنا تھا کہ خیبر پختونخوا میں پاکستان تحریک انصاف کی حکومت کو ناقص قانونی مشاورت فراہم کرنے والے لا افسران کی وجہ سے نقصان اٹھانا پڑا، جبکہ انہی افسران کی وجہ سے سہیل آفریدی کے خلاف چالان جمع کرایا گیا۔

گورنر راج اور ایمرجنسی سے متعلق گفتگو کرتے ہوئے شیر افضل مروت نے کہا کہ آئین میں ایمرجنسی کے لیے کوئی مخصوص مدت مقرر نہیں۔ ان کے بقول، گورنر راج ممکنہ طور پر دو ماہ بعد ختم ہوجائے، تاہم 12 اضلاع میں ایمرجنسی برقرار رہ سکتی ہے۔

انہوں نے عدلیہ کی آزادی پر بھی سوالات اٹھاتے ہوئے کہا کہ جج اور عدلیہ آزاد نہیں ہیں۔ جسٹس محسن اختر کیانی کے استعفے پر تبصرہ کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ عدلیہ ایک قابل اور محنتی جج سے محروم ہوگئی ہے۔

نئے صوبوں کے قیام کے حوالے سے شیر افضل مروت نے کہا کہ تحریک انصاف نئے صوبوں کی حامی ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ اگر جنوبی اضلاع کو الگ صوبے کی حیثیت دی جاتی ہے تو وہاں اپنا وزیراعلیٰ، اسمبلی اور ہائیکورٹ ہوگی۔ انہوں نے کہا کہ موجودہ نظام نے عوام کو کچھ نہیں دیا، اس لیے نئے نظام کے ممکنہ نقصانات کی نشاندہی کی جانی چاہیے۔

لانگ مارچ سے متعلق سوال پر شیر افضل مروت نے تنقید کرتے ہوئے کہا کہ مارچ میں دو ہزار افراد بھی شریک نہیں ہوتے تھے اور اس کے منتظمین نے مطلوبہ محنت نہیں کی۔ ان کا کہنا تھا کہ عوام کو رسائی اور علاج کی سہولیات فراہم کرنا کوئی ایسا قومی مسئلہ نہیں تھا جس کے لیے اس انداز میں لانگ مارچ کیا جاتا۔

انہوں نے مزید الزام عائد کیا کہ انہوں نے پہلے ہی پیش گوئی کی تھی کہ مارچ کرنے کا کوئی ارادہ نہیں تھا۔ ان کے مطابق، پارٹی کے اندر موجود یوٹیوبرز نے تحریک انصاف کو موجودہ صورتحال تک پہنچانے میں کردار ادا کیا ہے اور وہ پارٹی کو مزید نقصان پہنچائیں گے۔


Meta Urdu News: This news section is a part of the largest Urdu News aggregator that provides access to over 15 leading sources of Urdu News and search facility of archived news since 2008.

Follow US