قرضوں کا حصول آسان بنانے کے لیے اسٹیٹ بینک کا مرکزی ڈجیٹل پورٹل 'ایس ایم ای کنیکٹ' متعارف

image

بینک دولت پاکستان نے ملک بھر میں چھوٹے اور درمیانے درجے کی انٹرپرائزز (ایس ایم ایز) کے لیے قرضوں تک رسائی آسان اور شفاف بنانے کی غرض سے ایک مرکزی ڈجیٹل پلیٹ فارم "ایس ایم ای کنیکٹ" (SMEConnect) متعارف کروا دیا ہے۔

یہ پورٹل (https://smeconnect.sbp.org.pk/) تمام بینکوں اور ترقیاتی مالی اداروں (ڈی ایف آئیز) میں ایس ایم ای قرضوں کی درخواستیں جمع کروانے کے لیے ون ونڈو کے طور پر کام کرے گا۔

نئے ڈجیٹل نظام سے قرضوں کی درخواست دینے کا طریقہ کار آسان ہوگا جبکہ ایس ایم ای فنانسنگ کی کارکردگی اور شفافیت میں اضافہ ہوگا۔

اس پورٹل کے ذریعے درخواست دہندگان اپنی درخواستوں کا بروقت اسٹیٹس جان سکیں گے اور درخواست مسترد ہونے کی صورت میں اس کی واضح وجوہات سے بھی آگاہ ہوسکیں گے۔

علاوہ ازیں، اس پورٹل کا لائیو ڈیش بورڈ اسٹیٹ بینک کو موصول شدہ، زیرِ عمل، منظور شدہ اور مسترد شدہ درخواستوں کا بروقت ڈیٹا انفرادی بینکوں اور مجموعی صنعت کی بنیاد پر فراہم کرے گا۔

اسٹیٹ بینک کی ہدایات کے مطابق یکم نومبر 2026ء سے تمام ایس ایم ای قرضوں کی درخواستیں صرف 'ایس ایم ای کنیکٹ' کے ذریعے ہی موصول کی جائیں گی، جبکہ بینکوں کی شاخوں یا ویب سائٹوں پر آنے والے درخواست دہندگان کو اسی پورٹل کی جانب منتقل کیا جائے گا۔

تمام بینکوں اور ڈی ایف آئیز کو ہدایت کی گئی ہے کہ وہ پورٹل کا لنک اپنی ویب سائٹس پر نمایاں کریں اور اپنے فیلڈ اسٹاف و ایس ایم ای ٹیموں کو مکمل آگاہی دیں تاکہ وہ صارفین کی رہنمائی کرسکیں۔

پورٹل پر صارفین کی سہولت کے لیے ایک تربیتی ویڈیو بھی اپ لوڈ کر دی گئی ہے۔ اسٹیٹ بینک کے مطابق اس اقدام کا مقصد مالی شمولیت کو فروغ دینا، انٹریپرینیور شپ کی معاونت کرنا اور شمولیتی معاشی ترقی کا حصول ممکن بنانا ہے۔


Meta Urdu News: This news section is a part of the largest Urdu News aggregator that provides access to over 15 leading sources of Urdu News and search facility of archived news since 2008.

Follow US