پاکستان اور سعودی عرب میں میڈیا، ثقافت، ڈرامہ، موسیقی اور سیاحت کے شعبوں میں تعاون بڑھانے پر اتفاق

image

وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات عطاء اللہ تارڑ سے پاکستان میں تعینات سعودی عرب کے سفیر راجع بن طامی البقمی نے ملاقات کی، جس میں پاکستان اور سعودی عرب کے درمیان اطلاعات، نشریات، میڈیا، ثقافت اور عوامی روابط کے شعبوں میں تعاون کو مزید وسعت دینے پر اتفاق کیا گیا۔

وفاقی وزیر اطلاعات نے سعودی سفیر کو پاکستان میں سفارتی ذمہ داریاں سنبھالنے پر مبارکباد دیتے ہوئے خوش آمدید کہا۔ اس موقع پر عطاء اللہ تارڑ کا کہنا تھا کہ پاکستان اور سعودی عرب کے تعلقات نئی بلندیوں کو چھو رہے ہیں، دونوں ممالک کے درمیان تعلق محض سفارتی اور سیاسی نہیں بلکہ تاریخی، مذہبی اور عوامی سطح پر مضبوط بنیادیں رکھتا ہے۔

انہوں نے کہا کہ دونوں برادر ممالک کے درمیان میڈیا، ثقافت، ڈرامہ، موسیقی، سیاحت اور عوامی روابط کے شعبوں میں تعاون کے وسیع امکانات موجود ہیں۔ سعودی ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان کی قیادت میں سعودی عرب نے معاشی اور ثقافتی میدان میں نمایاں تبدیلیاں کی ہیں، جبکہ العلا میں سیاحت کا فروغ اور الدرعیہ کی تاریخی و ثقافتی اہمیت کو اجاگر کرنا سعودی قیادت کے وژن کا مظہر ہے۔

وفاقی وزیر نے کہا کہ پاکستان اور سعودی عرب کے درمیان دفاعی تعاون بھی مضبوط شراکت داری کی عکاسی کرتا ہے۔ انہوں نے دونوں ممالک کے درمیان ثقافتی روابط بڑھانے کے لیے مشترکہ منصوبے شروع کرنے اور پاکستانی ڈراموں کو سعودی عرب میں متعارف کرانے کی ضرورت پر زور دیا۔ ان کا کہنا تھا کہ پاکستانی ڈرامے خاندانی اقدار، مشرقی روایات اور اسلامی ثقافت کی بھرپور عکاسی کرتے ہیں۔

عطاء اللہ تارڑ نے ادیبوں، شاعروں، فنکاروں، موسیقاروں، صحافیوں اور ڈیجیٹل مواد تخلیق کرنے والوں کے وفود کے تبادلوں کی تجویز دیتے ہوئے سعودی میڈیا نمائندوں، سیاحوں اور سوشل میڈیا انفلوئنسرز کو پاکستان کے سیاحتی مقامات کے دورے کی دعوت بھی دی۔

انہوں نے غلط معلومات اور منفی پروپیگنڈے کی روک تھام، فیکٹ چیکنگ کے نظام کو مؤثر بنانے اور مشترکہ ثقافتی اقدار کی عکاسی کرنے والے مواد کی تیاری کے لیے دونوں ممالک کے درمیان مشترکہ ورکنگ گروپ قائم کرنے کی تجویز پیش کی، جس میں فوکل پرسنز اور تکنیکی ٹیمیں شامل ہوں۔

وفاقی وزیر نے سعودی سفیر کو سوشل میڈیا انفلوئنسرز کے ذریعے عوامی آگاہی اور حکومتی اقدامات کی تشہیر کے حوالے سے بھی آگاہ کیا۔ انہوں نے بتایا کہ وزیراعظم فیول ریلیف اسکیم سے متعلق سوشل میڈیا پوسٹ کو 80 لاکھ سے زائد مرتبہ دیکھا گیا۔

ملاقات کے دوران عطاء اللہ تارڑ نے سعودی عرب میں مقیم پاکستانی شہری فرمان علی خان کی قربانی کا بھی ذکر کیا، جنہوں نے 2009ء میں جدہ میں سیلاب کے دوران متعدد افراد کی جانیں بچاتے ہوئے اپنی جان قربان کردی تھی۔ انہوں نے اسے دونوں ممالک کے عوام کے درمیان محبت اور بھائی چارے کی لازوال مثال قرار دیا۔

اس موقع پر سعودی سفیر راجع بن طامی البقمی نے پاکستان اور سعودی عرب کے درمیان مضبوط برادرانہ تعلقات، باہمی اعتماد، احترام اور سیاسی و عسکری تعاون کو قابل فخر قرار دیتے ہوئے کہا کہ دونوں ممالک کے درمیان ثقافتی تقریبات، فنون، ادب اور میڈیا کے شعبوں میں تعاون کو مزید فروغ دینے کی ضرورت ہے۔


Meta Urdu News: This news section is a part of the largest Urdu News aggregator that provides access to over 15 leading sources of Urdu News and search facility of archived news since 2008.

Follow US