سابق سینیٹر مشتاق احمد اور اہلیہ کی راہیں جدا، عدالت نے خلع کا فیصلہ سنا دیا

image

سابق سینیٹر مشتاق احمد کی ازدواجی زندگی سے متعلق اہم پیش رفت سامنے آئی ہے۔ اسلام آباد کی فیملی کورٹ نے ان کی اہلیہ حمیرا طیبہ کی درخواست منظور کرتے ہوئے خلع کے ذریعے شادی ختم کرنے کا حکم دے دیا ہے۔

مقدمے کی سماعت فیملی کورٹ کی جج امبرین اقبال نے کی۔ عدالتی کارروائی کے دوران معلوم ہوا کہ حمیرا طیبہ اپنے شوہر کے ساتھ رشتہ برقرار نہیں رکھنا چاہتیں۔ دونوں کے درمیان اختلافات ختم کرانے اور صلح کی کوششیں بھی نتیجہ خیز ثابت نہیں ہوئیں۔

حمیرا طیبہ نے عدالت میں جمع کرائے گئے بیانِ حلفی میں واضح کیا کہ وہ اپنے شوہر کے ساتھ مزید زندگی نہیں گزار سکتیں اور اس رشتے کو جاری رکھنے پر رضامند نہیں ہیں۔ ان کے مؤقف اور مصالحت میں ناکامی کو مدنظر رکھتے ہوئے عدالت نے خلع کی درخواست منظور کرلی۔

فیصلے میں یہ بھی واضح کیا گیا کہ حق مہر کے معاملے پر دونوں میں سے کسی فریق کا دوسرے کے خلاف کوئی مطالبہ باقی نہیں ہے۔ عدالت نے متعلقہ حکام کو ہدایت کی کہ فیصلے کی تصدیق شدہ کاپی سابق شوہر اور متعلقہ یونین کونسل کو فراہم کی جائے تاکہ قانونی کارروائی مکمل کی جاسکے۔


Meta Urdu News: This news section is a part of the largest Urdu News aggregator that provides access to over 15 leading sources of Urdu News and search facility of archived news since 2008.

Follow US