بانی پاکستان تحریک انصاف نے پارٹی قیادت کو حکومت کے ساتھ سیاسی رابطوں کا سلسلہ برقرار رکھنے، بیک ڈور رابطے بحال کرنے اور جماعت کے اندرونی اختلافات ختم کرکے ڈسپلن یقینی بنانے کی ہدایت کردی ہے۔
ذرائع کے مطابق بانی پی ٹی آئی سے ملاقات کے بعد پارٹی قیادت کو سیاسی رابطوں کے حوالے سے اہم ذمہ داریاں سونپی گئی ہیں۔ حکومت کے ساتھ مذاکرات اور سیاسی روابط کے لیے محمود خان اچکزئی اور علامہ راجہ ناصر عباس پر اعتماد برقرار رکھنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ بیرسٹر گوہر اور ان کی ٹیم کو بیک ڈور رابطے بحال رکھنے اور انہیں مؤثر انداز میں آگے بڑھانے کی ہدایت کی گئی ہے۔ بانی پی ٹی آئی نے پارٹی رہنماؤں کو اپنے ذاتی و سیاسی تعلقات استعمال کرتے ہوئے ملاقاتوں کا سلسلہ جاری رکھنے کا بھی کہا ہے۔
ذرائع کے مطابق بانی پی ٹی آئی نے پارٹی میں اختلافات ختم کرنے اور تنظیمی نظم و ضبط برقرار رکھنے پر بھی زور دیا ہے، جبکہ بشریٰ بی بی کی جانب سے بھی بیرسٹر گوہر کو سیاسی رابطے بحال رکھنے کا پیغام دیا گیا ہے۔
ذرائع کا مزید کہنا ہے کہ بانی پی ٹی آئی خیبرپختونخوا حکومت کے حوالے سے ہونے والی پیش رفت سے لاعلم نہیں تھے، تاہم اس معاملے پر انہوں نے کوئی ردعمل ظاہر نہیں کیا۔