پاکستانیوں کو 24 گھنٹوں میں ویزا فراہم کرنے کے لیے سعودی سفیر کی یقین دہانی

image

سعودی عرب نے پاکستانی شہریوں اور محنت کشوں کے لیے ویزوں کے حصول میں ہر ممکن سہولت فراہم کرنے اور 24 گھنٹوں کے اندر ویزوں کے اجرا کے لیے تعاون کی یقین دہانی کرا دی۔

اس حوالے سے وفاقی وزیر چوہدری سالک حسین سے پاکستان میں تعینات سعودی سفیر ڈاکٹر راجح بن طامی البقمی نے ملاقات کی، جس میں پاک سعودی تعلقات، پاکستانی محنت کشوں کو درپیش مسائل اور سعودی عرب میں روزگار کے مزید مواقع پیدا کرنے پر تفصیلی گفتگو ہوئی۔

ملاقات میں سعودی سفیر نے یقین دلایا کہ پاکستانی کارکنوں کے ویزوں کے اجرا میں خصوصی تعاون کیا جائے گا اور 24 گھنٹوں کے اندر ویزوں کی فراہمی کے لیے ہر ممکن اقدامات کیے جائیں گے۔ انہوں نے سعودی عرب میں مقیم پاکستانی محنت کشوں کے مسائل کے حل میں بھی مکمل تعاون کی یقین دہانی کرائی۔

سعودی سفیر نے پاکستانی عوام کی بہادری اور قربانیوں کو سراہتے ہوئے 2009 کے اس واقعے کا بھی حوالہ دیا جس میں ایک پاکستانی شہری نے اپنی جان خطرے میں ڈال کر 14 سعودی شہریوں کی زندگیاں بچائی تھیں۔

اس موقع پر وفاقی وزیر چوہدری سالک حسین نے سعودی لیبر مارکیٹ میں پاکستانی ہنرمند افرادی قوت کے لیے روزگار کے مواقع بڑھانے پر زور دیا۔ انہوں نے کہا کہ سعودی عرب کی بدلتی ہوئی ضروریات کے مطابق پاکستانی کارکنوں کو پیشگی تربیت فراہم کرنا اور مطلوبہ مہارتوں سے آراستہ کرنا ضروری ہے۔

ملاقات میں دونوں ممالک کے درمیان افرادی قوت کی طلب اور درکار مہارتوں سے متعلق معلومات کے بروقت تبادلے، محنت کشوں کے مسائل کے فوری حل اور ادارہ جاتی تعاون کے فروغ کے لیے مشترکہ ورکنگ گروپ قائم کرنے پر بھی اتفاق کیا گیا۔

وفاقی وزیر نے پاک سعودی برادرانہ تعلقات کو مزید مستحکم بنانے کے عزم کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ دونوں ممالک کے عوام کے باہمی مفاد میں تعاون کا سلسلہ جاری رکھا جائے گا۔


Meta Urdu News: This news section is a part of the largest Urdu News aggregator that provides access to over 15 leading sources of Urdu News and search facility of archived news since 2008.

Follow US