نیشنل ڈیٹا بیس اینڈ رجسٹریشن اتھارٹی (نادرا) نے 18 سال کی عمر مکمل کرنے والے ایسے شہریوں کے لیے پہلی مرتبہ قومی شناختی کارڈ بنوانے کا طریقہ کار واضح کردیا ہے جن کے پاس ب فارم یا پیدائشی سرٹیفکیٹ موجود نہیں ہے۔
نادرا پوڈکاسٹ میں ادارے کے ترجمان سید شباہت علی نے بتایا کہ جن افراد کا پیدائشی سرٹیفکیٹ تو موجود ہے لیکن انہوں نے تاحال ب فارم نہیں بنوایا، وہ 18 سال کی عمر مکمل ہونے کے بعد براہِ راست قومی شناختی کارڈ کے حصول کے لیے درخواست دے سکتے ہیں۔
ترجمان کے مطابق ایسے درخواست گزاروں کے لیے پیدائشی سرٹیفکیٹ کی اصل دستاویز پیش کرنا ضروری نہیں، تاہم ان کے پاس برتھ سرٹیفکیٹ کا رجسٹریشن نمبر ہونا لازمی ہے تاکہ نادرا متعلقہ ریکارڈ کی تصدیق کرسکے۔
انہوں نے مزید بتایا کہ جن شہریوں کے پاس نہ ب فارم موجود ہے اور نہ ہی پیدائش کا سرٹیفکیٹ، انہیں شناختی کارڈ کے حصول کے لیے پہلے متعلقہ ادارے سے اپنی پیدائش کا اندراج کروانا اور برتھ سرٹیفکیٹ حاصل کرنا ہوگا۔ اس دستاویز کے حصول کے بعد ہی وہ نادرا میں قومی شناختی کارڈ کے لیے درخواست جمع کرا سکیں گے۔
نادرا ترجمان کا کہنا تھا کہ اس وضاحت کا مقصد ایسے شہریوں کی مشکلات دور کرنا ہے جو 18 سال کی عمر مکمل ہونے کے باوجود ب فارم یا پیدائش کے اندراج سے متعلق دستاویزات نہ ہونے کے باعث قومی شناختی کارڈ بنوانے کے طریقہ کار سے متعلق پریشانی کا شکار ہیں۔