انڈیا اور وائٹ ہاؤس کے سینیئر حکام کے درمیان رواں سال ہونے والی ’آٹھ فون کالز‘ سے متعلق میڈیا میں شائع ہونے والی ایک خبر پر اپوزیشن جماعتوں نے حکومت کو تنقید کا نشانہ بنانا شروع کر دیا ہے۔

انڈیا کی حکومت اور وائٹ ہاؤس کے سینیئر حکام کے درمیان رواں سال مئی اور جون میں ہونے والے مبینہ رابطوں سے متعلق ایک میڈیا رپورٹس پر تنازع کھڑا ہو گیا ہے۔
رپورٹ میں دعویٰ کیا گیا ہے کہ امریکی لابنگ فرم ایس ایچ ڈبلیو پارٹنرز ایل ایل سی نے وائٹ ہاؤس اور انڈین حکام کے درمیان متعدد فون کالز کے انتظام میں کردار ادا کیا تھا۔
اس رپورٹ کے بعد اپوزیشن رہنماؤں نے وزیرِ اعظم نریندر مودی کو تنقید کا نشانہ بنایا۔ انھوں نے کہا کہ ’حالات اس نہج پر پہنچ گئے ہیں کہ وزیرِ اعظم مودی کو اپنے ’دوست‘ ڈونلڈ ٹرمپ سے بات کرنے کے لیے بھی ایک لابنگ فرم کی مدد درکار ہے۔‘
تاہم انڈیا کی وزارتِ خارجہ کے فیکٹ چیک یونٹ نے اس دعوے کی تردید کرتے ہوئے ایک صحافی کی سوشل میڈیا پوسٹ کو گمراہ کن قرار دیا ہے۔ وزارت کا کہنا ہے کہ اس معاملے سے متعلق گردش کرنے والے دعوے درست نہیں ہیں۔
پورا معاملہ کیا ہے؟
انڈین ایکسپریس اخبار کی ایک رپورٹ میں دعویٰ کیا گیا ہے کہ امریکی لابنگ فرم ایس ایچ ڈبلیو پارٹنرز ایل ایل سی نے امریکہ کے فارن ایجنٹس رجسٹریشن ایکٹ کے تحت جمع کرائی گئی دستاویزات میں بتایا ہے کہ اس نے رواں سال مئی اور جون کے دوران انڈیا کی حکومت اور وائٹ ہاؤس کے سینیئر حکام کے درمیان آٹھ فون کالز کے انتظام میں کردار ادا کیا۔
رپورٹ کے مطابق اس فرم کے سربراہ جیسن ملر ہیں۔
دستاویزات میں ان رابطوں کو ’سیاسی سرگرمیوں‘ کا حصہ قرار دیا گیا ہے اور کہا گیا ہے کہ ان کا محور انڈیا اور امریکہ کے دوطرفہ تعلقات تھے۔
رپورٹ میں یہ بھی کہا گیا ہے کہ انڈیا نے اپریل 2025 میں ایس ایچ ڈبلیو پارٹنرز کے ساتھ معاہدہ کیا تھا، جس میں رواں سال مزید ایک سال کی توسیع کی گئی۔ تاہم 23 جون کو یہ معاہدہ اس وقت ختم ہو گیا جب جیسن ملر ٹرمپ انتظامیہ کے ساتھ خصوصی سرکاری ملازم کے طور پر منسلک ہو گئے۔
اخبار کے مطابق مئی میں امریکی وزیر خارجہ مارکو روبیو کے انڈیا کے دورے سے پہلے انڈین حکومت اور وائٹ ہاؤس کے کئی اعلیٰ حکام کے درمیان فون پر رابطے کرائے گئے تھے۔ ان میں امریکی وزیر خزانہ سکاٹ بیسنٹ، نائب قومی سلامتی کے مشیر مائیکل نیڈہم اور انسدادِ دہشت گردی و مالیاتی انٹیلی جنس کے امور کے انڈر سیکریٹری جین لینگ شامل تھے۔
رپورٹ میں مزید کہا گیا ہے کہ جون میں مارکو روبیو کے دورۂ انڈیا کے بعد بھی انڈین حکومت اور امریکی انتظامیہ کے درمیان اعلیٰ سطح کے مزید رابطے ہوئے۔
انڈین ایکسپریس کے مطابق ڈونلڈ ٹرمپ کے دوبارہ صدر منتخب ہونے کے بعد واشنگٹن میں موجود انڈین سفارت خانے نے دو بڑی لابنگ فرموں کی خدمات حاصل کیں، جن کی قیادت ایسے افراد کر رہے تھے، جنھیں ٹرمپ کے قریبی ساتھیوں میں شمار کیا جاتا ہے۔
ان میں ایک فرم مرکری پبلک افیئرز بھی تھی، جسے ماہانہ 75 ہزار ڈالر کے ریٹینر پر خدمات کے لیے مقرر کیا گیا تھا۔ فرم کی مرکزی ٹیم میں برائن لانزا شامل تھے، جو ماضی میں ٹرمپ کی ٹرانزیشن ٹیم میں کمیونیکیشنز ڈائریکٹر رہ چکے ہیں۔
رپورٹ شائع ہونے کے بعد سینیئر صحافی سیما چشتی نے ایکس پر اس معاملے سے متعلق ایک پوسٹ کی، جس پر انڈیا کی وزارتِ خارجہ کے فیکٹ چیک یونٹ نے ردِعمل دیتے ہوئے کہا کہ یہ تاثر ’گمراہ کن‘ ہے۔
وزارت کے مطابق امریکہ میں سفارت خانوں کی جانب سے لابنگ فرموں کی خدمات حاصل کرنا ایک عام اور پرانا رواج ہے اور واشنگٹن میں انڈین سفارت خانہ 1948 سے ایسی فرموں کے ساتھ کام کرتا آ رہا ہے۔
وزارت خارجہ نے یہ بھی کہا کہ متعلقہ ’فارا‘ دستاویزات سے واضح ہوتا ہے کہ مرکری پبلک افیئرز نے صرف مذکورہ پوسٹ کی تشہیر کی تھی۔
تاہم دی ہندو کی سینیئر صحافی سوہاسنی حیدر نے وزارت کے مؤقف پر سوال اٹھاتے ہوئے کہا کہ اصل بحث یہ ہے کہ آیا وائٹ ہاؤس کے ساتھ رابطوں کا انتظام بھی لابنگ فرموں کے ذریعے کرایا جانا معمول کی بات ہے۔
ان کے مطابق کئی سابق سفارت کاروں کا مؤقف ہے کہ لابنگ فرمیں عموماً کانگریس اور کیپیٹل ہِل پر روابط اور امور میں مدد دیتی ہیں، جبکہ دوطرفہ تعلقات سے متعلق اعلیٰ سطح کی بات چیت عموماً براہِ راست سرکاری حکام کے درمیان ہوتی ہے۔
اپوزیشن کی تنقید
ٹی ایم سی رکن پارلیمان (ممتا دھڑا) مہوا موئترا (فائل فوٹو)کانگریس نے ایک ٹویٹ کرتے ہوئے وزیر اعظم مودی کو تنقید کا نشانہ بنایا ہے۔
کانگریس نے ایکس پر لکھا ’مودی پیسے دے کر ٹرمپ سے اپنی تعریف پر مبنی پوسٹس کرواتے رہے ہیں۔ اس کا انکشاف خود امریکہ کی مرکری پبلک افیئرز نامی ایک لابنگ فرم نے کیا ہے۔ اس فرم کو مودی حکومت نے 75 ہزار ڈالر ماہانہ پر رکھا ہوا تھا۔‘
ادھر ٹی ایم سی کی رکن پارلیمان (ممتا دھڑا) مہوا موئترا نے کہا کہ ’سچائی سامنے آ گئی ہے۔ جب ڈونلڈ ٹرمپ وزیر اعظم نریندر مودی کے بارے میں اچھی باتیں ٹویٹ کرتے ہیں تو اس کی وجہ یہ ہے کہ ہم، یعنی انڈین ٹیکس دہندگان، اس کے لیے ایک امریکی لابنگ فرم کو پیسے دیتے ہیں! اس معاملے پر توجہ دلانے کے لیے آپ کا شکریہ۔‘
کانگریس کے راجیہ سبھا رکن پون کھیڑا نے ایکس پر لکھا ’حالات اتنے خراب ہو گئے ہیں کہ مودی کو اپنے ’دوست ڈونلڈ ٹرمپ‘ سے بات کرنے کے لیے بھی ایک لابنگ فرم کی ضرورت پڑ رہی ہے۔ لیکن اصل بات یہ ہے کہ ہر بار جب ٹرمپ مودی کو اپنا ’بہت اچھا دوست‘، ’سچا دوست‘، ’اچھا دوست‘ یا ’عظیم دوست‘ کہتے ہیں تو اس کی ایک قیمت ادا کرنا پڑتی ہے۔ اور یہ قیمت مودی انڈین ٹیکس دہندگان کے پیسے سے لابنگ فرم کو ادائیگی کر کے چکاتے ہیں۔‘
BBC World Service کی نئی ایپ ڈاؤن لوڈ کریں۔
'BBC News اردو' ایڈیشن کا انتخاب کریں اور نیوز الرٹس، تحقیقاتی اور تفصیلی رپورٹس، سب کچھ ایک ہی جگہ پر حاصل کریں۔
نوٹ: نئی ایپ برطانیہ اور امریکہ میں دستیاب نہیں ہے اور اس کا انگریزی زبان میں ایڈیشن موجود نہیں۔