ربیعہ احسن کے بھائی خرم احمد نے بی بی سی کو بتایا ہے کہ وہ، ان کی والدہ اور بہن اس بات پر متفق ہیں کہ ربیعہ کی موت ’حادثہ ہے۔‘
پاکستان کے صوبہ پنجاب کے شہر راولپنڈی میں اینکر پرسن ربیعہ احسن کی موت کے بعد پولیس نے ان کے شوہر کا دو روزہ جسمانی ریمانڈ حاصل کر لیا ہے۔ تاہم دوسری طرف اہل خانہ نے شوہر کے خلاف قتل کا مقدمہ واپس لینے کا فیصلہ کیا ہے۔
پولیس کے مطابق 8 نومبر کو راولپنڈی کے علاقے گلشن آباد میں واقع رہائش گاہ سے ربیعہ احسن کی لاش برآمد ہوئی تھی جس پر گردن کے نیچے گولی لگنے کا نشان موجود تھا۔
ربیعہ احسن کے شوہر کے خلاف بھائی کی مدعیت میں قتل کا مقدمہ درج کیا گیا تھا جبکہ پولیس کے مطابق انھیں فوری طور پر تحویل میں لے لیا گیا تھا۔ جبکہ پولیس نے گھر کے ایک کمرے سے پستول بھی برآمد کیا تھا۔
ایکس پر پنجاب کی وزیر اطلاعات اعظمیٰ بخاری نے ایک بیان میں کہا ہے کہ تفتیش کے دوران ربیعہ احسن کے شوہر نے پولیس کے سامنے یہ دعویٰ کیا تھا کہ پستول سے گولی ’حادثاتی طور پر چلی‘ تھی۔
دوسری جانب پولیس نے اس مقدمے میں گرفتار ربیعہ احسن کے شوہر کو پیر کے روز جسمانی ریمانڈ کے لیے متعلقہ عدالت میں پیش کیا۔ عدالت نے ان کا دو روزہ جسمانی ریمانڈ منظور کیا ہے۔
دریں اثنا ربیعہ احسن کی نماز جنازہ جامع مسجد گلش آباد میں ادا کی گئی ہے۔
ربیعہ احسن کے بھائی نے بی بی سی کو کیا بتایا؟
ربیعہ احسن کے بھائی خرم احمد، جو قتل کے مقدمے کے مدعی بھی ہیں، نے بی بی سی کو بتایا ہے کہ ان کی فیملی نے اس مقدمے کو واپس لینے کا فیصلہ کیا ہے۔
انھوں نے کہا کہ وہ، ان کی والدہ اور بہن اس بات پر متفق ہیں کہ ربیعہ کی موت ’حادثہ ہے۔‘
انھوں نے کہا کہ جس وقت یہ واقعہ رونما ہوا، اس وقت وہ خود وہاں موجود نہیں تھے۔ تاہم ان کی والدہ اور بہن اسی گھر میں موجود تھیں۔
انھوں نے کہا کہ اس کے علاوہ گھر کا ملازم بھی کمرے میں موجود تھا۔
خرم احمد کا کہنا ہے کہ ’انھوں (ملزم) نے مجھے (مدعی مقدمہ کو) بتایا ہے کہ وہ الماری سے کپڑے نکال رہے تھے، وہاں پستول پڑا ہوا تھا اور ملزم نے اسے اپنے ہاتھ میں لیا ہوا تھا کہ اچانک گولی چل گئی، جو ربیعہ کی گردن کے قریب لگی جس کی وجہ سے وہ موقع پر ہی ہلاک ہو گئیں۔‘
انھوں نے کہا کہ اطلاع ملنے کے بعد جب وہ جائے حادثہ پر پہنچے تو ان کی والدہ اور بہن نے بتایا کہ وقوعہ سے پہلے ’دونوں میاں بیوی کمرے میں گئے تھے۔ جبکہ اس سے پہلے وہ ان کے ساتھ صحن میں ہی موجود تھے اور دونوں کے درمیان بظاہر کوئی چپقلش نہیں تھی۔‘
خرم احمد کا کہنا تھا کہ وہ ملزم احسن کو ’بہت اچھی طرح جانتے ہیں‘ اور وہ ایک ’شریف آدمی ہیں۔‘ انھوں نے کہا کہ ملزم اوورسیز پاکستانیز فاؤنڈیشن میں ڈپٹی ڈائریکٹر کے عہدے پر فائز ہیں۔
خرم احمد کا کہنا ہے کہ اتوار کے روز جائے وقوعہ پر پہنچنے والے پولیس حکام نے انھیں بتایا تھا کہ ان کے پاس یہ گنجائش موجود ہے کہ وہ کسی بھی وقت مقدمہ واپس لے سکتے ہیں۔
’پستول شوہر کے ہاتھ میں تھی جب گولی چلی‘
8 نومبر کو پولیس نے ربیعہ احسن کے گھر میں قتل کے واقعے کا مقدمہ ان کے بھائی خرم کی مدعیت میں تھانہ صدر بیرونی میں دفعہ 302 کے تحت درج کیا تھا۔
ایف آئی آر کے مطابق مدعی کو ’فون پر اطلاع دی گئی کہ ربیعہ احسن کو ان کے شوہر نے گولی مار دی ہے۔‘ مدعی کے مطابق ’جب وہ موقع پر پہنچے تو ان کی بہن خون میں لت پت پڑی تھیں اور وہ فوت ہو چکی تھیں۔‘
دوسری جانب پولیس کی ابتدائی تحقیقات میں واقعے کے مختلف پہلو سامنے آئے ہیں۔ مقامی پولیس کے مطابق ربیعہ احسن کی شادی کو 14 برس ہو چکے ہیں اور ان کی دو بیٹیاں ہیں۔
پولیس حکام کا کہنا تھا کہ ابتدائی معلومات کے مطابق اہل خانہ، بیٹیوں، بہن اور والدہ نے میاں بیوی کے درمیان کسی قسم کی ناچاقی یا گھریلو تنازع کی نشاندہی نہیں کی۔
پولیس کا کہنا ہے کہ ابتدائی تفتیش میں معلوم ہوا ہے کہ موسم کی تبدیلی کے باعث گھر میں گرمیوں کے کپڑے الماری میں رکھتے اور سردیوں کے کپڑے نکالتے وقت ایک 30 بور پستول کپڑوں میں سے نکلا۔
گھر میں موجود ایک گھریلو ملازم کے ابتدائی بیان کے مطابق شوہر ’پستول ہاتھ میں لیے ہوئے تھے کہ اس دوران گولی چل گئی۔‘
تاہم پولیس کا کہنا ہے کہ تاحال گھر کے کسی فرد نے میاں بیوی کے درمیان جھگڑے یا اختلافات کے حوالے سے بیان نہیں دیا، اس کے باوجود واقعے کی تحقیقات قتل کے مقدمے کے تناظر میں کی جائیں گی اور تمام ممکنہ محرکات کا جائزہ لیا جائے گا۔
ادھر ابتدائی پوسٹ مارٹم رپورٹ کے مطابق ربیعہ احسن کو سامنے کی جانب گردن کے نچلے حصے میں گولی لگی تھی، جو ان کی موت کا سبب بنی۔
آغاز میں پولیس نے ایک بیان میں صرف اتنا بتایا تھا کہ ربیعہ احسن کی لاش اڈیالہ روڈ پر واقع علاقے گلشن آباد میں ان کے گھر کے ایک کمرے سے برآمد کی گئی ہے جس پر گردن کے نیچے گولی لگنے کا نشان موجود ہے۔
پولیس کے مطابق جائے وقوعہ سے ملنے والا 30 بور پستول بظاہر بغیر لائسنس ہے۔ واقعے سے متعلق فرانزک شواہد اور نمونے لیبارٹری بھجوا دیے گئے ہیں جبکہ فرانزک رپورٹ موصول ہونے کے بعد مزید قانونی کارروائی اور تفتیش کو آگے بڑھایا جائے گا۔
پولیس کا کہنا ہے کہ واقعے کے تمام پہلوؤں کا غیر جانبدارانہ جائزہ لیا جا رہا ہے اور حتمی نتیجہ فرانزک، پوسٹ مارٹم اور تفتیشی شواہد کی روشنی میں سامنے آئے گا۔
سی پی او راولپنڈی نے جائے وقوعہ کا دورہ کرنے کے بعد میڈیا کو بتایا کہ ’خاتون کو گردن کے نیچے گولی لگی ہے۔ ان کی شناخت ربیعہ احسن کے نام سے ہوئی ہے۔ وہ ایک نجی ٹی وی چینل کی پروگرام ہوسٹ ہیں۔‘
’انصاف ضرور ہونا چاہیے‘
41 سالہ ربیعہ احسن چینل 92 سے منسلک تھیں جہاں وہ صحافی عامر متین کے ساتھ پروگرام ’مقابل‘ کی میزبان تھیں۔ چینل 92 کے نامہ نگار ساجد شیخ کے مطابق ربیعہ احسن نے گذشتہ دنوں بھی اپنے پروگرام کی میزبانی کی تھیں۔ وہ دو بیٹیوں کی ماں تھیں۔
ایکس پر صحافی فریحہ ادریس نے لکھا کہ انھیں ربیعہ احسن کی موت کی خبر سن کر ’شدید صدمہ اور گہرا دکھ ہوا‘ ہے۔
وہ کہتی ہیں کہ ربعیہ ’ایک باصلاحیت اینکر، ساتھی اور دو بچوں کی ماں تھیں۔ وہ بہت جلد ہم سے بچھڑ گئیں۔‘
’میری دلی ہمدردیاں ان کے بچوں، اہلِ خانہ اور تمام عزیزوں کے ساتھ ہیں۔ اللہ تعالیٰ ان کی مغفرت فرمائے اور ان کے اہلِ خانہ کو صبر عطا کرے۔ انصاف ضرور ہونا چاہیے۔‘
صحافی زیب النسا برکی نے ایکس پر ایک پیغام میں لکھا کہ ایک اور دن، ایک اور خاتون اپنے ہی گھر میں قتل کر دی گئی۔‘
شاکر عباسی نے لکھا کہ ’مجھے یہ جان کر گہرا دکھ ہوا کہ ہماری سابق ساتھی اور اینکر پرسن ربیعہ احسن اب ہمارے درمیان نہیں رہیں۔
’اس واقعے کی تفصیلات ابھی زیرِ تفتیش ہیں۔‘
BBC World Service کی نئی ایپ ڈاؤن لوڈ کریں۔
'BBC News اردو' ایڈیشن کا انتخاب کریں اور نیوز الرٹس، تحقیقاتی اور تفصیلی رپورٹس، سب کچھ ایک ہی جگہ پر حاصل کریں۔
نوٹ: نئی ایپ برطانیہ اور امریکہ میں دستیاب نہیں ہے اور اس کا انگریزی زبان میں ایڈیشن موجود نہیں۔