اس منظر میں زریاب کی بہن ایک سفید رنگ کا بغیر آستین کا مغربی لباس لا کر زریاب کو دیتی ہے اور کہتی ہے’دلہن کی سہیلیاں سب اس طرح کے لباس میں ہیں۔ یہ تمہارا ہے اور ناپ یقیناً ٹھیک ہوگا تم جا کر یہ پہن آو۔‘
سوشل میڈیا کے دور میں پاکستانی ڈراموں کا ہر منظر، ہر مکالمہ اور ہر کردار ناظرین کی کڑی جانچ پڑتال کا سامنا کرتا نظر آتا ہے اور خاص طور پر جب بحث خواتین کرداروں کے لباس، جسم، مذہبی رجحانات یا سماجی رویوں سے جڑے موضوعات پر ہو تو تنقید اور تنازعات زیادہ شدت اختیار کر لیتے ہیں۔
ایسے ماحول میں بظاہر اداکاروں پر دباؤ بھی بڑھ جاتا ہے اور حالیہ دنوں میں پاکستانی ناظرین میں مقبول ڈرامہ ’درِ نجات‘ کی مرکزی اداکارہ دُرِ فشاں بھی بظاہر اسی صورتِحال کا سامنا کرتی نظر آ رہی ہیں۔
درفشان کا کردار ’زریاب‘ اور ساتھی کردار ’ابوبکر‘ ویسے ہی پاکستان میں وائرل ہیں اور اس ڈرامے کی ہر نئی آنے والی قسط کا کوئی نہ کوئی منظر یا مکالمہ ہمہ وقت شائقین میں زیر بحث رہتا ہے۔
اس ڈرامے کی ایک حالیہ قسط میں ’زریاب‘ کی جانب سے بغیر آستین کا لباس مسترد کرنے پر صارفین میں ہونے والی بحث و تنقید کے بعد درفشاں نے اب خود اس معاملے پر اپنا ردعمل دیا ہے۔
زریاب کا کردار ادا کرنے والی دُرفشاں سلیم کا کہنا ہے کہ ممکن ہے کردار کے لباس میں یہ تبدیلی صرف اُس (زریاب) کی ذاتی زندگی اور سوچ میں آنے والی تبدیلیوں کی عکاسی کرتی ہو، جس کا ضرورت سے زیادہ تجزیہ کرنے کی ضرورت نہیں ہے۔
انھوں نے ایک مفصل بیان اپنے انسٹا اکاؤنٹ پر پوسٹ کیا ہے، مگر اس کی تفصیل سے قبل یہ جانتے ہیں کہ اس منظر میں کیا دکھایا گیا تھا۔
’یہ بغیر آستین کے ہے‘
در نجات کی حالیہ قسط کے ایک منظر میں زریاب اپنی دادی کے ساتھ بیٹھی ہوتی ہیں اور کسی شادی کی تقریب میں جانے کے لیے تیار ہیں۔
زریاب، جنھیں ڈرامے کی ابتدائی اقساط میں ایک ماڈرن لڑکی دکھایا گیا تھا جو زیادہ تر مغربی لباس اور جینز میں ملبوس نظر آتی تھیں، اب ابوبکر جیسے نسبتاً مذہبی دکھائے گئے شوہر کے ساتھ رہنے کے بعد روایتی شلوار قمیض میں ملبوس ہیں۔
اس منظر میں زریاب کی بہن ایک سفید رنگ کا بغیر آستین کا لباس لا کر زریاب کو دیتی ہیں اور کہتی ہے’دلہن کی سہیلیاں سب اس طرح کے لباس میں ہیں۔ یہ تمہارا ہے، اور ناپ یقیناً ٹھیک ہو گا، تم جا کر یہ پہن آؤ۔‘
زریاب پہلے منع کرتی ہیں اور کہتی ہیں کہ ’میں نے اچھے کپڑے پہن رکھے ہیں۔‘ لیکن پھر بہن کے اصرار پر جا کر لباس بدلتی ہیں، لیکن آئینے میں خود کو دیکھ کر انھیں اپنے بغیر آستین کے بازوؤں کو دیکھ کر اچھا محسوس نہیں ہوتا اور وہ پھر سے پہلے والا لباس پہن کر باہر آ جاتی ہیں۔
اس پر اُن کی بہن پوچھتی ہے کہ لباس پہن کر دکھایا بھی نہیں اور بدل کیوں لیا؟ اس پر زریاب کہتی ہے کہ ’یہ بغیر آستین کے ہے۔‘
یہ سُن کر زریاب کی بہن جتاتی ہیں کہ ’تم پہلے بھی بغیر آستین کے لباس پہنتی رہی ہو۔‘
’ہم ایک عورت کے لباس کے انتخاب کی آزادی کے دفاع میں بہت وقت صرف کرتے ہیں‘
ڈرامے میں پیش کیا گیا یہ سین جلد ہی ناظرین کی توجہ کا مرکز بنا اور اس پر آرا اور تنقید سامنے آنے کا سلسلہ شروع ہوا۔
ناظرین کے اس ردعمل کا جواب دیتے ہوئے اداکارہ دُرفشاں سلیم نے اپنی پوسٹ میں کہا کہ ’ہمیں ہر فرضی کردار کے ذاتی فیصلے کو قومی سطح کی بحث کا موضوع بنانے سے گریز کرنا چاہیے۔‘
ان کا کہنا ہے کہ ’میرا ہمیشہ سے یہ یقین رہا ہے کہ ایمان کی سب سے حقیقی شکل انسان کے اندرونی بدلاؤ سے شروع ہوتی ہے۔‘
انھوں نے مزید کہا کہ ’میرے نزدیک ایمان جتنا ظاہری عمل سے تعلق رکھتا ہے، اتنا ہی اپنے باطن کی اصلاح سے بھی جڑا ہوا ہے۔‘
انھوں نے لباس کے انتخاب کے حوالے سے دلیل دیتے ہوئے کہا کہ ’میرا یہ بھی ماننا ہے کہ جب انسان کے اندر یہ تبدیلی آتی ہے تو اس کا اثر فطری طور پر اس کی ظاہری زندگی اور انتخاب پر بھی نظر آنے لگتا ہے۔‘
انھوں نے بتایا کہ اگرچہ وہ ذاتی زندگی میں بغیر آستین والے کپڑے پہنتی ہیں تاہم مختصر لباس یا کچھ خاص طرز کے کپڑے پہننے میں انھیں بھی ’بے آرامی محسوس ہوتی ہے۔‘
انھوں نے کہا کہ حیا اور سادگی کے بارے میں ان کا ذاتی احساس ’کسی دوسرے شخص کے احساس سے بالکل مختلف ہو سکتا ہے۔‘
اداکارہ نے مزید لکھا کہ مختلف ہونے سے کسی کو یہ حق نہیں مل جاتا کہ وہ دوسروں کے انتخاب پر سوال اٹھائے۔
انھوں نے لکھا کہ ’میں کیا پہنتی ہوں، کس چیز میں خود کو آرام دہ محسوس کرتی ہوں، اور مستقبل میں کیا تبدیل کرنے کا انتخاب کر سکتی ہوں، یہ سب میرے ذاتی سفر اور اللہ کے ساتھ میرے تعلق کا حصہ ہے۔ اس سے نہ کسی اور کا انتخاب غلط ہو جاتا ہے اور نہ میرا انتخاب درست ثابت ہوتا ہے۔‘
زریاب کے لباس کے انتخاب کے حوالے سے انھوں نے کہا ’ممکن ہے اس (زریاب) کی سوچ بدل رہی ہو، شاید اس کی ترجیحات تبدیل ہو رہی ہوں، یا شاید وہ زندگی کے اس مقام پر پہنچ گئی ہو جہاں اسے یہی درست محسوس ہوتا ہے۔‘
انھوں نے کہا کہ ’ہم ایک عورت کے لباس کے انتخاب کی آزادی کے دفاع میں بہت وقت صرف کرتے ہیں، لیکن یہ آزادی ہر سمت میں ہونی چاہیے۔‘
ان کے بقول بغیر آستین کے لباس پہننے یا نہ پہننے والی خواتین دونوں کو ہی اپنے انتخاب کا جواز پیش کرنے کی ضرورت نہیں ہونی چاہیے۔
ان کا کہنا تھا کہ ’مسئلہ اس وقت پیدا ہوتا ہے جب ہم اُن کے انتخاب پر سوال اٹھانا، اسے پرکھنا یا اس پر فیصلے کرنا شروع کر دیتے ہیں۔‘
انھوں نے اپنے مداحوں کو یاد دہانی کروائی کہ یہ ڈرامہ در اصل اُن کے کردار زریاب کا سفر ہے۔ ’درِ نجات ہمیشہ سے اُسی (زریاب) کے سفر کی کہانی رہا ہے، اس کی خامیوں، کمزوریوں اور ایک عورت کے طور پر اس کے تضادات کی کہانی۔‘
انھوں نے ناظرین کو یاد دلایا کہ کردار کے فیصلوں کو اپنے اخلاقی نقطۂ نظر سے دیکھنا یا اس پر سوال اٹھانا کوئی مسئلہ نہیں اور وہ کہانی سے اختلاف بھی کر سکتے ہیں۔
تاہم ان کا کہنا تھا کہ ’شاید اب وقت ہے کہ ہم ہر فرضی کردار کے ذاتی فیصلے کو قومی بحث کا مسئلہ بنانا کچھ دیر کے لیے چھوڑ دیں۔ ہر کردار کی زندگی کے ہر موڑ کو مباحثے، جیوری اور انٹرنیٹ کے حتمی فیصلے کی ضرورت نہیں ہوتی۔‘
انھوں نے مزید لکھا کہ ’آپ کا زریاب سے اتفاق کرنا ضروری نہیں، آپ کو اس سے خود کو جوڑنا بھی ضروری نہیں، اور یقیناً آپ کو اس کے سفر کو اپنا سفر بنانے کی ضرورت نہیں۔‘
ان کا کہنا تھا کہ ’ہر کہانی کا مقصد ہمارے لیے کوئی سبق بننا نہیں ہوتا۔ بعض اوقات وہ صرف کسی اور کی کہانی ہوتی ہے۔‘
’لوگوں کو اسے ڈرامے کے طور پر لینا چاہیے‘
درِفشاں کی جانب سے طویل پوسٹ ایک جانب اُن کی اپنے مقبول ترین ڈرامے کے مداحوں کے لیے وضاحتی پیغام بھی ہے وہیں بظاہر لوگوں کی زریاب کے کردار پر تنقید بھی انھیں پریشان کر رہی ہے۔
پاکستان کی سینیئر اداکارہ اور پروڈیوسر مرینہ خان کا کہنا ہے کہ جب بھی کوئی ڈرامہ بنتا ہے، چاہے وہ سنجیدہ ہو یا کامیڈی، اس میں کوئی نہ کوئی پیغام ہوتا ہی ہے۔
بی بی سی اُردو سے بات کرتے ہوئے اُن کا کہنا تھا کہ ’کچھ معاملات میں ہماری بچپن سے ذہن سازی کر دی جاتی ہے۔ لیکن لوگوں کو اسے ڈرامہ کے طور پر لینا چاہیے۔ڈرامہ کا مقصد ہوتا ہے کہ لوگوں کا ذہن کھلے۔‘
انھوں نے کہا کہ کسی بھی ڈرامے پر لوگوں کے ردِعمل اور تنقید کو ڈراموں کی تحریر پر اثر انداز نہیں ہونا چاہیے اور اس ضمن میں ’کسی کو وضاحت دینے کی بھی ضرورت نہیں۔‘
مرینہ خان کے بقول ہر قسم کی تنقید لوگوں کے ذاتی پس منظر کی عکاس ہوتی ہے، جو ہر ایک کا مختلف ہوتا ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ ’اداکار اور فنکار لوگوں کو جوابدہ نہیں ہیں۔ لوگ اپنی مرضی سے لوگوں کو فالو کرتے ہیں۔ کسی کو کانٹینٹ پسند آتا ہے تو وہ کسی کو فالو کرتے ہیں۔ آپ کسی کی رائے کو کنٹرول نہیں کر سکتے۔‘
ان کی رائے ہے کہ بظاہر درفشاں نے یہ پوسٹ دباؤ میں آ کر کی۔ ’ایسا لوگ دباؤ کا شکار ہو کر کرتے ہیں، کمنٹ کرنے والے (سوشل میڈیا کے) پردے کے پیچھے رہ کر کچھ بھی بات کرتے ہیں۔‘
اداکار و ہدایتکار سیفی حسن کا کہنا ہے کہ آج کل بعض ڈرامے خاص طرح کی سوچ کی ترویج کرتے ہیں۔
بی بی سی سے بات کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ ’اگر ڈرامے کا ایجنڈا ہی یہ ہے کہ آپ کو ایک خاص سوچ یا ویلیو کی ترویج کرنی ہے۔ اور ایسا ہی در نجات میں ہے، وہ اپنے آئیڈیاز کو پروموٹ کر رہے ہیں۔ اس لیے لوگوں کو جو پسند ہے وہ دیکھیں، نہیں پسند تو نہ دیکھیں۔‘
ان کا کہنا تھا کہ ’ہمارے اوپر یہ دباؤ نہیں آنا چاہیے اور نہ ہمیں اس نوعیت کا دباؤ لینا چاہیے۔ اداکاروں کو سکرپٹ پڑھ کر تسلی سے پروجیکٹ لینا چاہیے۔ مگر ہر طرح کا کانٹینٹ بنتے رہنا چاہیے۔ یہ ڈرامہ بھی پوری دنیا میں دیکھا جا رہا ہے۔‘
سیفی حسن کے مطابق ’ہر مصنف کا اپنا انداز ہے۔ اسے یہ کام بہت سمجھداری سے کرنا ہوتا ہے۔ تنقید سے فرق نہیں پڑنا چاہیے۔‘
ان کا مزید کہنا تھا کہ ’جو بھی ذرائع ابلاغ ہیں اس میں کوئی نہ کوئی تو میسج ہوتا ہی ہے۔۔۔ ہر سوچ اور طرز فکر کے لوگ ہوتے ہیں۔ آپ کانٹیٹ کو ہر کیس کے لیے مخصوص نہیں کر سکتے۔ دنیا میں ہر طرح کا مواد بنتا ہے۔ جنھیں پسند نہیں آتا وہ نہیں دیکھتے۔۔۔ جسے ایکشن یا وائلنس پسند نہیں وہ کبھی یہ نہیں دیکھے گا، کسی کو رومینس پسند ہے تو وہ وہی دیکھے گا۔‘
سیفی حسن کہتے ہیں کہ ’سوشل میڈیا کا پریشر آج کل کے دور میں یقیناً ہے، مگر پہلے ایسا نہیں ہوتا تھا۔ اب ہر آدمی کے ہاتھ میں فون ہے۔ بطور اداکار ڈرامہ سپر ہٹ ہو تو آپ کو ہر چیز کو قبول کرنا ہوتا ہے۔‘
لیکن کچھ لوگ سمجھتے ہیں کہ ڈراموں میں اب کہانی کم اور تصورات کی ترویج زیادہ ہے۔
انہی میں سے ایک مصنف فصیح باری خان بھی ہیں، جن کا خیال ہے کہ ’کچھ عرصے سے ہمارے ڈراموں میں تصورات ٹھونسے جا رہے ہیں۔ یہ ڈرامہ نہیں بلکہ لیکچر اور نصیحتوں کا انبار لگتا ہے۔‘
بی بی سی سی بات کرتے ہوئے انھوں نے کہا ’ہمارے ڈراموں سے ترقی پسند سوچ ختم ہوتی جا رہی ہے۔ یہ بات بہت سطحی سی لگتی ہے کہ لوگوںکے لباس سے ان کے کردار کا اندازا لگایا جائے گا۔‘
فصیح باری کا کہنا تھا کہ ’ڈرامے کا ایک حسن ہوتا ہے، مجھے لگتا ہے ہم کہانی کو چھوڑ کر اب لوگوں کو اِدھر اُدھر کی چیزوں میں الجھا رہے ہیں۔ یہ بہت ہو گیا ہے، اور اب برا لگنے لگ گیا ہے۔‘
فصیح باری خان کا کہنا ہے کہ آج کل ڈرامے مصنف کی مرضی سے بنتے ہیں نہ ڈائریکٹر یا پروڈیوسر کی مرضی سے بلکہ یہ چینلز کی مرضی سے ہوتا ہے۔ ’چینل دیکھتا ہے کہ کیا ٹرینڈ ہے۔۔۔ ایک وقت تھا کہ ریپ جیسے موضوع پر ڈرامے بنے، پھر حلالہ اور دوسری شادی پر بننے لگے۔ اب در نجات میں اسلامک ٹچ ہے۔۔۔‘
اداکاروں کو وضاحتیں کیوں دینی پڑتی ہیں؟
جہاں کئی صارفین زریاب کی شخصیت میں آنے والی تبدیلیوں کو ابوبکر کی محبت قرار دے رہے ہیں اور کچھ دین کی جانب سفر، تو وہیں کچھ ناقدین کا خیال ہے کہ عورت کے لباس کو نیکی اور بدی کی علامت نہیں بنانا چاہیے۔
طوبیٰ نامی صارف نے انسٹاگرام پر اداکارہ کی پوسٹ پر کمنٹ کرتے ہوئے لکھا ’میں اس سے مکمل اتفاق کرتی ہوں۔ جب اندرونی تبدیلی آتی ہے، تو ہمارے انتخاب خود بخود بیرونی طور پر بدل جاتے ہیں۔۔۔‘
جبکہزینب مرتضیٰکا موقف ہے کہ ’ہم سب اپنی زندگی میں کسی نہ کسی وقت زریاب رہے ہیں۔ ہمارا ایمان کے ساتھ تعلق جامد نہیں ہے۔ یہ وقت کے ساتھ مختلف رفتار اور مختلف وجوہات کے ساتھ بدلتا ہے۔ ہر کوئی اپنی اپنی جدوجہد، سوالات، اور ترقی کے لمحات کے ساتھ سفر کر رہا ہے۔ ایک بات جو ہم اکثر بھول جاتے ہیں وہ یہ ہے کہ لباس پہننا بذات خود یہ طے نہیں کرتا کہ ہم اپنے ایمان کے کتنے قریب ہیں۔‘
سوشل میڈیا صارفین کے طویل کمنٹس ان کی کرداروں سے جذباتی وابستگی بھی ظاہر کرتے ہیں۔
ایسا ہی ایک اور تبصرہ ماریانا ہاشمی نے بھی کیا۔
انھوں نے لکھا ’مجھے واقعی لگتا ہے کہ یہ منظر اس بات کے بالکل خلاف گیا جو درِ نجات بیان کرنے کی کوشش کر رہا ہے۔ ڈرامہ نے مذہب کی ظاہری شکل اور اس کی اصل روح کے فرق کو اجاگر کیا ہے۔ اسلام صرف داڑھی بڑھانے، لباس بدلنے یا دوسروں کا فیصلہ کرنے کے بارے میں نہیں ہے۔ یہ عاجزی، صبر، سخاوت اور ہمدردی کے بارے میں ہے اور یہی چیز اسے تازگی بخش بناتی ہے۔ اسی لیے یہ خاص منظر اتنا مایوس کن تھا۔‘
انھوں نے دلیل دی کہ ’حیا میں بالکل کوئی برائی نہیں ہے اور یہ زریاب کے بغیر آستین کے کپڑے نہ پہننے کے بارے میں نہیں ہے۔ وہ جو چاہے پہن سکتی ہے! گذشتہ چند اقساط میں اس کے بدلتے ہوئے لباس نے پہلے ہی اس بات کو ثابت کر دیا، ہمیں اس واضح منظر کی ضرورت نہیں تھی جہاں اسے بغیر آستین کا لباس دیا جائے اور وہ اعلان کرے کہ وہ اسے نہیں پہنے گی۔‘
مزنہ بلوچ بھی اس سے اتفاق کرتی نظر آئیں۔ انھوں نے لکھا ’ہاں، یہ منظر بالکل غیر ضروری تھا۔ ہم کب ایک عورت کے جینز پہننے اور دن میں پانچ بار نماز پڑھنے کو معمول بنائیں گے؟ زریاب جینز پہنے ہوئے نماز کیوں نہیں پڑھ سکتی؟ ہمیں ان دقیانوسی تصورات سے نکل کر لوگوں کی عزت ان کی اصل شخصیت کی بنیاد پر کرنی چاہیے، نہ کہ ان کے کپڑوں کے انتخاب یا آمدنی کے پس منظر کی وجہ سے۔‘
مومی نامی صارف اس بات پر متفکر نظر آئیں کہ سوشل میڈیا پر جاری بحث کا دباؤ اداکاروں کو ایسی وضاحتیں دینے پر کیوں مجبور کرتا ہے۔ ان کا کہنا تھا ’معذرت، لیکن یہ دِرِفشاں کا کام نہیں ہے کہ وہ یہ پوسٹ کریں۔ وہ ایک کردار ادا کر رہی ہے اور اس کے لیے معاوضہ لے رہی ہے۔ وہ ایک اداکارہ ہیں، جو وہی کر رہی ہیں، جو پروڈیوسرز نے کہا تھا۔‘
انھوں نے کہا کہ اس کے لیے اگر کوئی جوابدہ ہے تو وہ پروڈیوسر یا رائٹر ہیں۔ ’عمیرہ کو وضاحت کرنی چاہیے۔ پروڈیوسرز کو ہر کسی کی رائے پر قابو رکھنا چاہیے جب ان کی رائے غیر ضروری نقصان پہنچائے۔‘