’کیا آپ کو پتا تھا کہ وہ جاسوس ہیں؟‘: ٹرمپ کا اینویڈیا کے سربراہ سے سوال

اینویڈیا نے اپنے چیف ایگزیکٹو جینسن ہوانگ کے ایک مبینہ چینی جاسوس کے ساتھ تعلق کی تحقیقات شروع کر دی ہیں۔ ہوانگ نے اعتراف کیا کہ انھوں نے اپنی بیوی سے بے وفائی کی ہے۔
اینویڈیا، مبینہ چینی جاسوس، ہوانگ
AFP
2025 میں جینسن ہوانگ اور ایلس ہوانگ کو ایک ساتھ ایک ریستوران میں دیکھا گیا تھا

امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے کہا ہے کہ ایف بی آئی اینویڈیا کے چیف ایگزیکٹو اور مبینہ چینی جاسوس کے درمیان تعلقات کی تحقیقات کر رہی ہے۔

ٹرمپ نے کہا کہ انھوں نے پیر کے روز جینسن ہوانگ سے بات کی جب یہ اطلاعات سامنے آئیں کہ امریکہ کا خیال ہے کہ انھیں ایک چینی مہم کا نشانہ بنایا گیا۔

ٹرمپ نے صحافیوں کو بتایا کہ ’میں نے ان سے یہ سوال پوچھا کہ کیا آپ کو کوئی اندازہ تھا کہ وہ جاسوس تھیں؟ انھوں نے کہا ’مجھے بالکل اندازہ نہیں تھا کہ وہ جاسوس تھیں‘۔ میں واقعی ان کی بات پر یقین کرتا ہوں۔‘

بیجنگ نے اس دعوے کو مسترد کر دیا ہے کہ ہوانگ کو نشانہ بنایا گیا۔ چینی وزارت خارجہ نے کہا کہ یہ الزامات ’مکمل طور پر بے بنیاد، قیاس آرائی پر مبنی اور چین کو بدنام کرنے کے لیے ہیں۔‘

اینویڈیا نے اپنے چیف ایگزیکٹو جینسن ہوانگ کے ایک مبینہ چینی جاسوس کے ساتھ تعلق کی تحقیقات شروع کر دی ہیں۔

دنیا کی سب سے قیمتی کمپنیوں میں شمار ہونے والی اس امریکی ٹیکنالوجی کمپنی نے کہا ہے کہ بورڈ کو اس بات پر یقین کرنے کی کوئی وجہ نہیں ملی کہ کمپنی کے راز یا قومی سلامتی متاثر ہوئے۔ کمپنی نے مزید کہا کہ چیف ایگزیکٹو کمپنی کی قیادت جاری رکھنے کے لیے پُرعزم ہیں۔

دوسری جانب، جینسن ہوانگ نے اعتراف کیا کہ وہ اپنی اہلیہ سے ’بے وفائی‘ کے مرتکب ہوئے تھے اور اس پر انھوں نے اپنے بیوی بچوں سے معافی مانگی ہے۔

نیویارک ٹائمز کی ایک رپورٹ کے مطابق، امریکی انٹیلی جنس حکام کا خیال ہے کہ چینی کاروباری خاتون ایلس ہوانگ، جن کے جینسن ہوانگ کے ساتھ قریبی تعلقات تھے، بیجنگ کے لیے جاسوسی کرتی تھیں۔

ان انکشافات کے بعد پیر کو کمپنی کی قدر میں تقریباً 250 ارب ڈالر کی کمی آئی کیونکہ اس کے حصص کی قیمت میں چار فیصد سے زیادہ کمی ہوئی۔

بعد ازاں ٹرمپ نے وائٹ ہاؤس میں صحافیوں کو بتایا کہ ایف بی آئی اس معاملے کو دیکھ رہی ہے۔ تاہم انھوں نے تحقیقات یا اس کے آغاز کے وقت کے بارے میں مزید تفصیلات نہیں بتائیں۔ بی بی سی کی جانب سے رابطہ کیے جانے پر ایف بی آئی نے تبصرہ کرنے سے انکار کیا۔

ایلس ہوانگ سنگاپور کی کمپنی میگا سپیڈ کی مینیجنگ ڈائریکٹر تھیں جس کے اینویڈیا کے ساتھ کاروباری روابط رہے ہیں۔

ٹرمپ کے بیانات اس حوالے سے پہلی نشاندہی ہیں کہ آیا جینسن ہوانگ کو اس معاملے کا علم تھا یا نہیں۔

Jensen Huang speaking on stage
Reuters
ہوانگ نے اعتراف کیا کہ انھوں نے اپنی بیوی سے بے وفائی کی ہے

جینسن ہوانگ نے کیا کہا؟

جینسن ہوانگ نے کہا کہ وہ اپنے کیے کی ’مکمل ذمہ داری‘ قبول کرتے ہیں، اور یہ کہ وہ اینویڈیا کے ملازمین، بورڈ اور شیئر ہولڈرز کے لیے اپنی ذمہ داریوں پر پورا نہیں اتر سکے۔

اینویڈیا دنیا کی سب سے بڑی کمپنیوں میں سے ایک ہے اور ابھرتی ہوئی مصنوعی ذہانت (اے آئی) ٹیکنالوجیز کے لیے درکار ہارڈویئر بنانے میں مرکزی حیثیت رکھتی ہے۔ جینسن ہوانگ تین دہائیوں سے زیادہ عرصے سے اس کمپنی کی قیادت کر رہے ہیں۔

انھوں نے کہا: ’میں اپنی اہلیہ سے بے وفائی کا مرتکب ہوا۔ میرے عمل سے انھیں اور ہمارے بچوں کو تکلیف پہنچی۔ میرے پاس اپنے کیے کا کوئی جواز نہیں۔ مجھے اس پر گہرا افسوس ہے۔‘

انھوں نے مزید کہا: ’قومی سلامتی سے متعلق ان خدشات کے حوالے سے جن کا ذکر خبروں میں کیا گیا ہے، اینویڈیا کے بورڈ آف ڈائریکٹرز نے ایک آزادانہ تحقیقات شروع کر دی ہیں۔ میں اس تحقیقات کی حمایت کرتا ہوں اور مکمل تعاون کروں گا۔‘

’میں اپنے ملک اور اپنی کمپنی سے محبت کرتا ہوں۔ میں اینویڈیا کے تحفظ اور امریکہ کی قومی سلامتی کی حمایت کے لیے پُرعزم ہوں۔ مجھے ایک امریکی ہونے پر فخر اور شکرگزاری ہے۔‘

جینسن ہوانگ نے کہا کہ وہ اپنے کیے کی ’مکمل ذمہ داری‘ قبول کرتے ہیں، اور یہ کہ وہ اینویڈیا کے ملازمین، بورڈ اور شیئر ہولڈرز کے لیے اپنی ذمہ داریوں پر پورا نہیں اتر سکے۔
Getty Images

اینویڈیا کے بورڈ آف ڈائریکٹرز کی جانب سے جاری ایک الگ بیان میں کہا گیا کہ حالیہ رپورٹس کی روشنی میں تحقیقات شروع کی جائیں گی، جن میں دعویٰ کیا گیا ہے کہ بانی اور چیف ایگزیکٹو جینسن ہوانگ ایک غیر ملکی انٹیلی جنس مہم کا ہدف بنے تھے۔

بیان میں مزید کہا گیا: ’بورڈ امریکہ کی قومی اور اقتصادی سلامتی کو اولین ترجیح دیتا ہے، جو اینویڈیا اور اس کے شیئر ہولڈرز کے مفادات کے لیے انتہائی اہم ہے۔‘

’اگرچہ بورڈ کے پاس یہ یقین کرنے کی کوئی وجہ نہیں کہ قومی سلامتی یا اینویڈیا کے راز متاثر ہوئے ہیں، تاہم تحقیقات میں دستیاب تمام معلومات کا جائزہ لیا جائے گا۔‘

امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے کہا کہ تحقیقات کی خبر سامنے آنے کے بعد ان کی جینسن ہوانگ سے کوئی بات نہیں ہوئی۔

ٹرمپ نے صحافیوں سے گفتگو میں کہا: ’میں صرف اتنا جانتا ہوں کہ وہ ایک اچھے انسان ہیں، لیکن آپ کبھی یقینی طور پر نہیں جان سکتے کہ کیا ہو رہا ہے۔‘

انھوں نے مزید کہا کہ ہوانگ نے ’ہمارے ملک کے لیے شاندار کام کیا ہے۔‘

نیویارک ٹائمز نے اکتوبر کے آخر میں رپورٹ کیا تھا کہ گذشتہ سال ٹرمپ کو ایسی انٹیلی جنس معلومات سے آگاہ کیا گیا تھا جن میں الزام لگایا گیا تھا کہ ایلس ہوانگ چین کی جانب سے جاسوسی کر رہی تھیں۔

اتوار کے روز صحافیوں نے ٹرمپ سے پوچھا کہ کیا انھیں اب لگتا ہے کہ اُس وقت انھیں ان انٹیلی جنس اطلاعات پر عمل کرنا چاہیے تھا، تو انھوں نے جواب دیا: ’نہیں، مجھے ایسا نہیں لگتا۔ میرے خیال میں وہ ایک باعزت شخص ہیں۔‘

چین اس سے پہلے بھی اینویڈیا کے سربراہ کو نشانہ بنانے والی کسی جاسوسی مہم کے الزامات کو مسترد کر چکا ہے اور ان دعوؤں کو ’بے بنیاد قیاس آرائیاں‘ قرار دے چکا ہے۔

جینسن ہوانگ نے ایک سے زیادہ مواقع پر اینویڈیا کو مالی بحران سے بچایا اور اس وقت مصنوعی ذہانت پر سرمایہ کاری کی جب دنیا کے بیشتر لوگ ابھی اس شعبے کی اہمیت سے واقف نہیں تھے۔

انھوں نے یہ فیصلہ کیا کہ اینویڈیا کے وہ چپس، جو ابتدا میں ویڈیو گیمز کے لیے تیار کیے گئے تھے، مصنوعی ذہانت کی ترقی کے لیے استعمال کیے جائیں۔ بعد میں یہی حکمتِ عملی انتہائی کامیاب ثابت ہوئی اور کمپنی کی مالیت کھربوں ڈالر تک پہنچ گئی۔

یہ معاملہ جینسن ہوانگ کے لیے ایک بڑا دھچکا تصور کیا جا رہا ہے، کیونکہ وہ ایک انتہائی محنتی، کمال پسند اور اپنے ملازمین سے بہت اعلیٰ معیار کی کارکردگی کی توقع رکھنے والی شخصیت کے طور پر مشہور ہیں۔

جینسن ہوانگ
Getty Images
جینسن ہوانگ نے کہا کہ وہ اپنے کیے کی 'مکمل ذمہ داری' قبول کرتے ہیں

ایلس ہوانگ کون ہیں؟

ایلس ہوانگ، جن کا جینسن ہوانگ سے کوئی خاندانی تعلق نہیں، سنگاپور میں قائم ڈیٹا سینٹر کمپنی میگا سپیڈ سے وابستہ ہیں۔

نیویارک ٹائمز کے مطابق، میگا سپیڈ نے گذشتہ ماہ کہا تھا کہ کمپنی کی موجودہ قیادت نے ان الزامات کو سنجیدگی سے لیا ہے اور اندرونی تحقیقات کے لیے بیرونی قانونی مشیروں کی خدمات حاصل کی ہیں۔

اینویڈیا مصنوعی ذہانت کے بنیادی ڈھانچے میں ایک اہم کردار ادا کرتی ہے اور اوپن اے آئی اور میٹا سمیت بڑے اے آئی ماڈلز تیار کرنے والی کمپنیوں کو چپس فراہم کرتی ہے۔

چپ سازی کی یہ کمپنی تقریباً 4.5 کھرب ڈالر مالیت رکھتی ہے، جس کی وجہ سے اسے تاریخ کی سب سے قیمتی کمپنیوں میں شمار کیا جاتا ہے۔

نیویارک ٹائمز کی رپورٹ میں نام ظاہر نہ کرنے والے ذرائع کے حوالے سے کہا گیا ہے کہ امریکی انٹیلی جنس ادارے ایلس ہوانگ کی نگرانی کر رہے تھے اور ان کا یہ نتیجہ تھا کہ وہ چینی حکومت کی جانب سے کام کر رہی تھیں۔

رپورٹ کے مطابق نگرانی کے دوران ایلس ہوانگ اور ایک امریکی شہری کے درمیان رابطوں کا پتا چلا۔ بعد میں ایک عمل، جسے ’ان ماسکنگ‘ کہا جاتا ہے، کے ذریعے اس امریکی شہری کی شناخت جینسن ہوانگ کے طور پر کی گئی۔

تاہم یہ واضح نہیں ہے کہ ایلس ہوانگ، جو ہوانگ لی کے نام سے بھی جانی جاتی ہیں، نے مبینہ طور پر بیجنگ کو کس نوعیت کی معلومات فراہم کیں، ان معلومات کی اہمیت کیا تھی، یا وہ کب سے معلومات اکٹھی کر رہی تھیں۔

ایلس ہوانگ نے نیویارک ٹائمز کی جانب سے تبصرے کی درخواست کا کوئی جواب نہیں دیا۔

اینویڈیا کے چیف ایگزیکٹو
Getty Images

جینسن ہوانگ کو امریکی کانگریس ارکان کا خط

گذشتہ ہفتے امریکی کانگریس کے چند ارکان نے جینسن ہوانگ کو خط لکھ کر ان سے مطالبہ کیا کہ وہ اس مبینہ تعلق کے بارے میں وضاحت کے لیے کانگریس کے سامنے پیش ہوں۔

ایوانِ نمائندگان کی تین ریپبلکن کمیٹیوں کے سربراہان نے اینویڈیا کے چیف ایگزیکٹو کو رواں ماہ کے آخر میں طلب کیا ہے تاکہ وہ ایلس ہوانگ کے ساتھ اپنے مبینہ تعلقات کے تناظر میں اینویڈیا کے ’غیر ملکی مخالف قوتوں کی جاسوسی کے خلاف سکیورٹی پروٹوکولز‘ پر بریفنگ دیں۔

خط میں کہا گیا: ’حالیہ رپورٹس نے چین (پی آر سی) کی جانب سے حساس امریکی ٹیکنالوجی اور معلومات تک رسائی کے حوالے سے سنجیدہ قومی سلامتی کے خدشات پیدا کر دیے ہیں۔‘

خط میں مزید کہا گیا: ’امریکی جدید ٹیکنالوجی میں چینی دراندازی اور رسائی کا مسئلہ اس کانگریس کے دوران ہماری تینوں کمیٹیوں کی تحقیقات کا ایک بنیادی موضوع ہے۔‘

اینویڈیا کے اے آئی چپس امریکہ اور چین کے درمیان ٹیکنالوجی کے مقابلے کا ایک اہم حصہ رہے ہیں، اور واشنگٹن پہلے بھی اس بات پر پابندیاں عائد کر چکا ہے کہ کمپنی اپنی جدید مصنوعات کن ممالک کو فروخت کر سکتی ہے۔

ایچ 200، جو اینویڈیا کا دوسرا سب سے جدید سیمی کنڈکٹر چپ ہے، اس خدشے کے باعث امریکی پابندیوں کا سامنا کر چکا تھا کہ اس کی فروخت چین کی ٹیکنالوجی صنعت کو امریکہ پر برتری حاصل کرنے میں مدد دے سکتی ہے۔

تاہم جنوری میں ٹرمپ انتظامیہ نے اعلان کیا تھا کہ مخصوص شرائط کے تحت اینویڈیا کو اپنے ایچ 200 چپس چینی صارفین کو فروخت کرنے کی اجازت دی جائے گی۔

BBC World Service کی نئی ایپ ڈاؤن لوڈ کریں۔

'BBC News اردو' ایڈیشن کا انتخاب کریں اور نیوز الرٹس، تحقیقاتی اور تفصیلی رپورٹس، سب کچھ ایک ہی جگہ پر حاصل کریں۔

نوٹ: نئی ایپ برطانیہ اور امریکہ میں دستیاب نہیں ہے اور اس کا انگریزی زبان میں ایڈیشن موجود نہیں۔


News Source

مزید خبریں

BBC

Meta Urdu News: This news section is a part of the largest Urdu News aggregator that provides access to over 15 leading sources of Urdu News and search facility of archived news since 2008.

Follow US