اینویڈیا نے اپنے چیف ایگزیکٹو جینسن ہوانگ کے ایک مبینہ چینی جاسوس کے ساتھ تعلق کی تحقیقات شروع کر دی ہیں۔ ہوانگ نے اعتراف کیا کہ انھوں نے اپنی بیوی سے بے وفائی کی ہے۔
ہوانگ نے اعتراف کیا کہ انھوں نے اپنی بیوی سے بے وفائی کی ہےاینویڈیا نے اپنے چیف ایگزیکٹو جینسن ہوانگ کے ایک مبینہ چینی جاسوس کے ساتھ تعلق کی تحقیقات شروع کر دی ہیں۔
دنیا کی سب سے قیمتی کمپنیوں میں شمار ہونے والی اس امریکی ٹیکنالوجی کمپنی نے کہا ہے کہ بورڈ کو اس بات پر یقین کرنے کی کوئی وجہ نہیں ملی کہ کمپنی کے راز یا قومی سلامتی متاثر ہوئے۔ کمپنی نے مزید کہا کہ چیف ایگزیکٹو کمپنی کی قیادت جاری رکھنے کے لیے پُرعزم ہیں۔
دوسری جانب، جینسن ہوانگ نے اعتراف کیا کہ وہ اپنی اہلیہ سے ’بے وفائی‘ کے مرتکب ہوئے تھے اور اس پر انھوں نے اپنے بیوی بچوں سے معافی مانگی ہے۔
نیویارک ٹائمز کی ایک رپورٹ کے مطابق، امریکی انٹیلی جنس حکام کا خیال ہے کہ چینی کاروباری خاتون ایلس ہوانگ، جن کے جینسن ہوانگ کے ساتھ قریبی تعلقات تھے، بیجنگ کے لیے جاسوسی کرتی تھیں۔
BBC World Service کی نئی ایپ ڈاؤن لوڈ کریں، 'BBC News اردو' ایڈیشن کا انتخاب کریں اور نیوز الرٹس، تحقیقاتی اور تفصیلی رپورٹس، سب کچھ ایک ہی جگہ پر حاصل کریں۔

جینسن ہوانگ نے کہا کہ وہ اپنے کیے کی ’مکمل ذمہ داری‘ قبول کرتے ہیں، اور یہ کہ وہ اینویڈیا کے ملازمین، بورڈ اور شیئر ہولڈرز کے لیے اپنی ذمہ داریوں پر پورا نہیں اتر سکے۔
اینویڈیا دنیا کی سب سے بڑی کمپنیوں میں سے ایک ہے اور ابھرتی ہوئی مصنوعی ذہانت (اے آئی) ٹیکنالوجیز کے لیے درکار ہارڈویئر بنانے میں مرکزی حیثیت رکھتی ہے۔ جینسن ہوانگ تین دہائیوں سے زیادہ عرصے سے اس کمپنی کی قیادت کر رہے ہیں۔
انھوں نے کہا: ’میں اپنی اہلیہ سے بے وفائی کا مرتکب ہوا۔ میرے عمل سے انھیں اور ہمارے بچوں کو تکلیف پہنچی۔ میرے پاس اپنے کیے کا کوئی جواز نہیں۔ مجھے اس پر گہرا افسوس ہے۔‘
انھوں نے مزید کہا: ’قومی سلامتی سے متعلق ان خدشات کے حوالے سے جن کا ذکر خبروں میں کیا گیا ہے، اینویڈیا کے بورڈ آف ڈائریکٹرز نے ایک آزادانہ تحقیقات شروع کر دی ہیں۔ میں اس تحقیقات کی حمایت کرتا ہوں اور مکمل تعاون کروں گا۔‘
’میں اپنے ملک اور اپنی کمپنی سے محبت کرتا ہوں۔ میں اینویڈیا کے تحفظ اور امریکہ کی قومی سلامتی کی حمایت کے لیے پُرعزم ہوں۔ مجھے ایک امریکی ہونے پر فخر اور شکرگزاری ہے۔‘
اینویڈیا کے بورڈ آف ڈائریکٹرز کی جانب سے جاری ایک الگ بیان میں کہا گیا کہ حالیہ رپورٹس کی روشنی میں تحقیقات شروع کی جائیں گی، جن میں دعویٰ کیا گیا ہے کہ بانی اور چیف ایگزیکٹو جینسن ہوانگ ایک غیر ملکی انٹیلی جنس مہم کا ہدف بنے تھے۔
بیان میں مزید کہا گیا: ’بورڈ امریکہ کی قومی اور اقتصادی سلامتی کو اولین ترجیح دیتا ہے، جو اینویڈیا اور اس کے شیئر ہولڈرز کے مفادات کے لیے انتہائی اہم ہے۔‘
’اگرچہ بورڈ کے پاس یہ یقین کرنے کی کوئی وجہ نہیں کہ قومی سلامتی یا اینویڈیا کے راز متاثر ہوئے ہیں، تاہم تحقیقات میں دستیاب تمام معلومات کا جائزہ لیا جائے گا۔‘
امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے کہا کہ تحقیقات کی خبر سامنے آنے کے بعد ان کی جینسن ہوانگ سے کوئی بات نہیں ہوئی۔
ٹرمپ نے صحافیوں سے گفتگو میں کہا: ’میں صرف اتنا جانتا ہوں کہ وہ ایک اچھے انسان ہیں، لیکن آپ کبھی یقینی طور پر نہیں جان سکتے کہ کیا ہو رہا ہے۔‘
انھوں نے مزید کہا کہ ہوانگ نے ’ہمارے ملک کے لیے شاندار کام کیا ہے۔‘
نیویارک ٹائمز نے اکتوبر کے آخر میں رپورٹ کیا تھا کہ گذشتہ سال ٹرمپ کو ایسی انٹیلی جنس معلومات سے آگاہ کیا گیا تھا جن میں الزام لگایا گیا تھا کہ ایلس ہوانگ چین کی جانب سے جاسوسی کر رہی تھیں۔
اتوار کے روز صحافیوں نے ٹرمپ سے پوچھا کہ کیا انھیں اب لگتا ہے کہ اُس وقت انھیں ان انٹیلی جنس اطلاعات پر عمل کرنا چاہیے تھا، تو انھوں نے جواب دیا: ’نہیں، مجھے ایسا نہیں لگتا۔ میرے خیال میں وہ ایک باعزت شخص ہیں۔‘
چین اس سے پہلے بھی اینویڈیا کے سربراہ کو نشانہ بنانے والی کسی جاسوسی مہم کے الزامات کو مسترد کر چکا ہے اور ان دعوؤں کو ’بے بنیاد قیاس آرائیاں‘ قرار دے چکا ہے۔
جینسن ہوانگ نے ایک سے زیادہ مواقع پر اینویڈیا کو مالی بحران سے بچایا اور اس وقت مصنوعی ذہانت پر سرمایہ کاری کی جب دنیا کے بیشتر لوگ ابھی اس شعبے کی اہمیت سے واقف نہیں تھے۔
انھوں نے یہ فیصلہ کیا کہ اینویڈیا کے وہ چپس، جو ابتدا میں ویڈیو گیمز کے لیے تیار کیے گئے تھے، مصنوعی ذہانت کی ترقی کے لیے استعمال کیے جائیں۔ بعد میں یہی حکمتِ عملی انتہائی کامیاب ثابت ہوئی اور کمپنی کی مالیت کھربوں ڈالر تک پہنچ گئی۔
یہ معاملہ جینسن ہوانگ کے لیے ایک بڑا دھچکا تصور کیا جا رہا ہے، کیونکہ وہ ایک انتہائی محنتی، کمال پسند اور اپنے ملازمین سے بہت اعلیٰ معیار کی کارکردگی کی توقع رکھنے والی شخصیت کے طور پر مشہور ہیں۔
جینسن ہوانگ نے کہا کہ وہ اپنے کیے کی 'مکمل ذمہ داری' قبول کرتے ہیںایلس ہوانگ کون ہیں؟
ایلس ہوانگ، جن کا جینسن ہوانگ سے کوئی خاندانی تعلق نہیں، سنگاپور میں قائم ڈیٹا سینٹر کمپنی میگا سپیڈ سے وابستہ ہیں۔
نیویارک ٹائمز کے مطابق، میگا سپیڈ نے گذشتہ ماہ کہا تھا کہ کمپنی کی موجودہ قیادت نے ان الزامات کو سنجیدگی سے لیا ہے اور اندرونی تحقیقات کے لیے بیرونی قانونی مشیروں کی خدمات حاصل کی ہیں۔
اینویڈیا مصنوعی ذہانت کے بنیادی ڈھانچے میں ایک اہم کردار ادا کرتی ہے اور اوپن اے آئی اور میٹا سمیت بڑے اے آئی ماڈلز تیار کرنے والی کمپنیوں کو چپس فراہم کرتی ہے۔
چپ سازی کی یہ کمپنی تقریباً 4.5 کھرب ڈالر مالیت رکھتی ہے، جس کی وجہ سے اسے تاریخ کی سب سے قیمتی کمپنیوں میں شمار کیا جاتا ہے۔
نیویارک ٹائمز کی رپورٹ میں نام ظاہر نہ کرنے والے ذرائع کے حوالے سے کہا گیا ہے کہ امریکی انٹیلی جنس ادارے ایلس ہوانگ کی نگرانی کر رہے تھے اور ان کا یہ نتیجہ تھا کہ وہ چینی حکومت کی جانب سے کام کر رہی تھیں۔
رپورٹ کے مطابق نگرانی کے دوران ایلس ہوانگ اور ایک امریکی شہری کے درمیان رابطوں کا پتا چلا۔ بعد میں ایک عمل، جسے ’ان ماسکنگ‘ کہا جاتا ہے، کے ذریعے اس امریکی شہری کی شناخت جینسن ہوانگ کے طور پر کی گئی۔
تاہم یہ واضح نہیں ہے کہ ایلس ہوانگ، جو ہوانگ لی کے نام سے بھی جانی جاتی ہیں، نے مبینہ طور پر بیجنگ کو کس نوعیت کی معلومات فراہم کیں، ان معلومات کی اہمیت کیا تھی، یا وہ کب سے معلومات اکٹھی کر رہی تھیں۔
ایلس ہوانگ نے نیویارک ٹائمز کی جانب سے تبصرے کی درخواست کا کوئی جواب نہیں دیا۔

جینسن ہوانگ کو امریکی کانگریس ارکان کا خط
گذشتہ ہفتے امریکی کانگریس کے چند ارکان نے جینسن ہوانگ کو خط لکھ کر ان سے مطالبہ کیا کہ وہ اس مبینہ تعلق کے بارے میں وضاحت کے لیے کانگریس کے سامنے پیش ہوں۔
ایوانِ نمائندگان کی تین ریپبلکن کمیٹیوں کے سربراہان نے اینویڈیا کے چیف ایگزیکٹو کو رواں ماہ کے آخر میں طلب کیا ہے تاکہ وہ ایلس ہوانگ کے ساتھ اپنے مبینہ تعلقات کے تناظر میں اینویڈیا کے ’غیر ملکی مخالف قوتوں کی جاسوسی کے خلاف سکیورٹی پروٹوکولز‘ پر بریفنگ دیں۔
خط میں کہا گیا: ’حالیہ رپورٹس نے چین (پی آر سی) کی جانب سے حساس امریکی ٹیکنالوجی اور معلومات تک رسائی کے حوالے سے سنجیدہ قومی سلامتی کے خدشات پیدا کر دیے ہیں۔‘
خط میں مزید کہا گیا: ’امریکی جدید ٹیکنالوجی میں چینی دراندازی اور رسائی کا مسئلہ اس کانگریس کے دوران ہماری تینوں کمیٹیوں کی تحقیقات کا ایک بنیادی موضوع ہے۔‘
اینویڈیا کے اے آئی چپس امریکہ اور چین کے درمیان ٹیکنالوجی کے مقابلے کا ایک اہم حصہ رہے ہیں، اور واشنگٹن پہلے بھی اس بات پر پابندیاں عائد کر چکا ہے کہ کمپنی اپنی جدید مصنوعات کن ممالک کو فروخت کر سکتی ہے۔
ایچ 200، جو اینویڈیا کا دوسرا سب سے جدید سیمی کنڈکٹر چپ ہے، اس خدشے کے باعث امریکی پابندیوں کا سامنا کر چکا تھا کہ اس کی فروخت چین کی ٹیکنالوجی صنعت کو امریکہ پر برتری حاصل کرنے میں مدد دے سکتی ہے۔
تاہم جنوری میں ٹرمپ انتظامیہ نے اعلان کیا تھا کہ مخصوص شرائط کے تحت اینویڈیا کو اپنے ایچ 200 چپس چینی صارفین کو فروخت کرنے کی اجازت دی جائے گی۔
BBC World Service کی نئی ایپ ڈاؤن لوڈ کریں۔
'BBC News اردو' ایڈیشن کا انتخاب کریں اور نیوز الرٹس، تحقیقاتی اور تفصیلی رپورٹس، سب کچھ ایک ہی جگہ پر حاصل کریں۔
نوٹ: نئی ایپ برطانیہ اور امریکہ میں دستیاب نہیں ہے اور اس کا انگریزی زبان میں ایڈیشن موجود نہیں۔