’بزدل‘ ہونے کے الزام میں 66 فوجیوں کو سزائے موت

جمہوریہ کانگو میں کم از کم 66 فوجیوں کو بزدلی، بغاوت اور احکامات ماننے سے انکار کے الزامات میں سزائے موت سنائی گئی ہے۔
DR Congo
Reuters

مقامی میڈیا میں شائع ہونے والی خبروں کے مطابق جمہوریہ کانگو میں کم از کم 66 فوجیوں کو بزدلی، بغاوت اور احکامات ماننے سے انکار کے الزامات میں سزائے موت سنائی گئی ہے۔

جمہوریہ کانگو کے صوبے شمالی کیوو کے علاقے والیکالے میں ایک فوجی عدالت کے سامنے 71 فوجیوں کے مقدمے کی سماعت ہوئی جس کے بعد یہ سزائیں سنائی گئیں۔ 71 میں سے چار فوجیوں کو بری کر دیا گیا جبکہ ایک فوجی کو 10 سال قید کی سزا دی گئی۔

فوج کا کہنا ہے کہ اس مقدمے کا مقصد جمہوریہ کانگو کے مشرقی حصوں میں مسلح گروہوں کے خلاف کارروائیوں کے دوران فوجیوں میں نظم و ضبط بہتر بنانا تھا۔

یہ خطہ کئی دہائیوں سے تنازعات کا شکار ہے، جہاں حکومتی افواج اور فرنٹ فار دی ری فاؤنڈیشن آف دی نیشن فرنٹ (ایف آر این) نامی باغی اتحاد کے درمیان لڑائی جاری ہے۔ باغیوں کے اس اتحاد مِں ایم 23 گروپ بھی شامل ہے۔

BBC World Service کی نئی ایپ ڈاؤن لوڈ کریں، 'BBC News اردو' ایڈیشن کا انتخاب کریں اور نیوز الرٹس، تحقیقاتی اور تفصیلی رپورٹس، سب کچھ ایک ہی جگہ پر حاصل کریں۔

رپورٹس کے مطابق ان فوجیوں کو 20 اکتوبر کو والیکالے میں گرفتار کیا گیا تھا، جہاں ان پر ایف آر این کے جنگجوؤں کے ساتھ جھڑپوں کے دوران اپنی پوزیشنیں چھوڑنے اور فرار ہونے کا الزام عائد کیا گیا تھا۔

ایم 23 سمیت مسلح گروہوں کے خلاف کانگو کی فوج کی مہم طویل عرصے سے اس کی صفوں کے اندر نظم و ضبط کی کمی اور بدانتظامی سے متاثر رہی ہے۔

کانگو کی حکومت بارہا ہمسایہ ملک روانڈا پر ایم 23 کی حمایت کا الزام عائد کرتی آئی ہے، تاہم کیگالی اور باغی گروہ دونوں ان الزامات کی تردید کرتے ہیں، حالانکہ اس کے کے واضح شواہد سامنے آتے رہے ہیں۔

کانگو کی فوج کو پیشہ ورانہ معیار اور نظم و ضبط کی کمی پر مسلسل تنقید کا سامنا رہا ہے، جبکہ فوجیوں کی جانب سے کم تنخواہوں اور ناکافی سازوسامان کی شکایات بھی کی جاتی رہی ہیں۔

گذشتہ ماہ بھی بزدلی کے ایسے ہی ملتے جلتے الزامات میں دیگر 27 فوجیوں کو سزائے موت سنائی گئی تھی۔ ان اہلکاروں پر الزام تھا کہ وہ باغیوں کے ساتھ جھڑپوں کے دوران محاذِ جنگ سے پیچھے ہٹ گئے تھے۔

مارچ 2024 میں جمہوریہ کانگو نے سزائے موت پر عائد 20 سالہ پابندی (موریٹوریم) ختم کر دی تھی۔ حکومت کا کہنا تھا کہ اس فیصلے کی وجہ یہ ہے فوج کے اندر موجود ’غداروں‘ کے خاتمے کی ضرورت ہے۔

حکومت کا کہنا تھا کہ سزائے موت کا اطلاق مسلح گروہوں میں شامل افراد، بغاوت میں ملوث عناصر، اور غداری و جنگی جرائم کے مرتکب افراد پر بھی ہوگا۔

سزائے موت بحال کرنے کے اس فیصلے کو انسانی حقوق کی تنظیموں کی جانب سے شدید تنقید کا نشانہ بنایا گیا تھا۔ تاہم پابندی ختم ہونے کے بعد سے اب تک کسی بھی مجرم کی سزائے موت پر باضابطہ عمل درآمد نہیں کیا گیا۔

فرانسیسی نشریاتی ادارے آر ایف آئی کے مرتب کردہ اعداد و شمار کے مطابق 2025 کے آغاز سے اب تک کم از کم 507 فوجیوں کو مختلف جرائم میں سزا سنائی جا چکی ہے، جن میں سے 381 کو سزائے موت سنائی گئی ہے۔

سزائے موت پانے والوں میں جمہوریہ کانگو کے سابق صدر جوزف کابیلا بھی شامل ہیں۔ جنھیں اکتوبر 2025 میں جنگی جرائم اور غداری سمیت متعدد الزامات میں ان کی عدم موجودگی میں سزائے موت سنائی گئی تھی۔ انھوں نے ان الزامات کی تردید کی، تاہم اپنے دفاع کے لیے عدالت میں پیش نہیں ہوئے۔ بعد ازاں انھیں ایف آر این کا رہنما نامزد کر دیا گیا۔

BBC World Service کی نئی ایپ ڈاؤن لوڈ کریں۔

'BBC News اردو' ایڈیشن کا انتخاب کریں اور نیوز الرٹس، تحقیقاتی اور تفصیلی رپورٹس، سب کچھ ایک ہی جگہ پر حاصل کریں۔

نوٹ: نئی ایپ برطانیہ اور امریکہ میں دستیاب نہیں ہے اور اس کا انگریزی زبان میں ایڈیشن موجود نہیں۔


News Source

مزید خبریں

BBC

Meta Urdu News: This news section is a part of the largest Urdu News aggregator that provides access to over 15 leading sources of Urdu News and search facility of archived news since 2008.

Follow US