ایشیائی ترقیاتی بینک (اے ڈی بی) نے پاکستان کے لیے قدرتی آفات سے نمٹنے اور اس کے بعد فوری بجٹ معاونت کی فراہمی کے مقصد سے 50 کروڑ ڈالر قرض کی منظوری دے دی ہے۔
اے ڈی بی کے مطابق پاکستان میں سیلاب، زلزلے اور دیگر آفات سے سالانہ 2 ارب ڈالر کا معاشی نقصان ہوتا ہے اور اس سے خصوصاً غریب، دیہی آبادی، خواتین اور لڑکیاں سب سے زیادہ متاثر ہوتی ہیں۔
بینک نے بتایا کہ سال 2022 کے سیلاب سے پاکستان کو 14.9 ارب ڈالر کا براہ راست اور 15.2 ارب ڈالر کا معاشی نقصان ہوا تھا، جبکہ 91 لاکھ افراد غربت کا شکار ہوئے تھے۔
ایشین ڈیولپمنٹ بینک نے امید ظاہر کی ہے کہ اس پروگرام سے پاکستان کی قدرتی آفات سے بچاؤ اور خطرات کے انتظام میں بہتری آئے گی، ترقیاتی منصوبہ بندی میں تحفظ شامل ہوگا اور ڈیزاسٹر رسک فنانسنگ نظام مضبوط ہوگا۔
ادارے کا مزید کہنا تھا کہ آفات سے پہلے تیاری انسانی جانیں اور معاشی وسائل محفوظ بنا کر مستقبل کے نقصانات کم کرسکتی ہے، جس کے تحت کمزور طبقات کا تحفظ یقینی بنانے کے ساتھ ساتھ پاکستان کی استعداد بڑھانے کے لیے معاونت جاری رکھی جائے گی۔