خیبر پختونخوا کے 12 اضلاع میں علاقائی نمائندہ و ترقیاتی کونسلز کے قیام کی منظوری

image

وفاقی کابینہ نے خیبرپختونخوا کے دہشتگردی سے متاثرہ 12 اضلاع میں علاقائی نمائندہ و ترقیاتی کونسلز کے قیام کی منظوری دے دی ہے، جن کے لیے مجموعی طور پر 48 نمائندگان کا انتخاب مشاورتی عمل کے ذریعے مکمل کرلیا گیا ہے۔

ذرائع کے مطابق ایمرجنسی کے نفاذ کے فوری بعد متعلقہ اضلاع میں عوامی نمائندہ جرگوں کے ذریعے مقامی سطح پر مشاورت کا عمل شروع کیا گیا، جس کے نتیجے میں 12 اضلاع سے 48 باوقار اور مقامی آبادی کے پسندیدہ افراد کو کونسلز کے لیے منتخب کیا گیا۔

کونسلز کے ارکان کے انتخاب کا عمل متعلقہ ڈپٹی کمشنروں کے تعاون سے منعقدہ جرگوں میں باہمی مشاورت سے چند روز میں مکمل کیا گیا۔ مقامی سطح پر منتخب ہونے والے نمائندگان کے ناموں کی ابتدائی پروسیسنگ ایڈیشنل چیف سیکریٹری اور علاقہ ترقیاتی سیکریٹریٹ نے کی۔

ذرائع کے مطابق مشاورت کے بعد نامزد ارکان کی فہرست چیف سیکریٹری خیبرپختونخوا کو ارسال کی گئی، جہاں مزید کارروائی کے بعد فہرست گورنر خیبرپختونخوا کو بھجوائی گئی۔ گورنر خیبرپختونخوا نے رسمی منظوری کے بعد 48 منتخب ارکان کے نام وفاقی حکومت کو ارسال کیے۔

اسلام آباد میں وفاقی کابینہ نے خیبرپختونخوا کے 12 اضلاع میں علاقائی نمائندہ و ترقیاتی کونسلز کے قیام کی منظوری دے دی ہے، جبکہ 48 منتخب نمائندگان کا باضابطہ نوٹیفکیشن بھی جلد جاری کیے جانے کا امکان ہے۔

ذرائع کے مطابق ایمرجنسی کے نفاذ کے بعد دہشتگردی سے شدید متاثرہ 12 اضلاع میں سکیورٹی اقدامات کے ساتھ ساتھ تباہ شدہ انفراسٹرکچر کی بحالی، تعمیر نو اور ترقیاتی سرگرمیوں کی بحالی کا عمل بھی شروع کردیا گیا ہے۔


Meta Urdu News: This news section is a part of the largest Urdu News aggregator that provides access to over 15 leading sources of Urdu News and search facility of archived news since 2008.

Follow US