تربیلا ڈیم کے پانچویں توسیعی منصوبے کے ان ٹیک میں تکنیکی خرابی پیدا ہونے کے بعد حفاظتی اقدامات کے پیشِ نظر ٹنل نمبر 5 کو ہر قسم کی آمد و رفت کے لیے بند کر دیا گیا ہے۔
واپڈا ذرائع کے مطابق ان ٹیک میں پڑنے والے شگاف کو پُر کرنے کے لیے ہنگامی بنیادوں پر مرمتی کام جاری ہے، جبکہ پاور ہاؤس سے پانی کے اخراج کے لیے ہیوی واٹر پمپس کا استعمال کیا جا رہا ہے۔
ذرائع نے مزید بتایا کہ پانی کے بہاؤ کو مکمل طور پر روکنے کے لیے ٹنل نمبر 5 کے سامنے بھاری گیٹ نصب کرنے کا فیصلہ بھی کیا گیا ہے اور ڈیم کی حفاظت کو یقینی بنانے کے لیے تمام تر وسائل بروئے کار لائے جا رہے ہیں۔