سندھ حکومت نے سرکاری خزانے پر ایندھن کے اخراجات کا بوجھ کم کرنے کے لیے صوبائی محکموں کی موجودہ روایتی گاڑیوں کو مرحلہ وار الیکٹرک گاڑیوں میں منتقل کرنے کا اصولی فیصلہ کرلیا ہے۔
یہ فیصلہ سینئر صوبائی وزیر شرجیل انعام میمن کی صدارت میں منعقد ہونے والے کابینہ کمیٹی برائے کفایت شعاری کے اجلاس میں کیا گیا۔
اجلاس کے دوران محکمہ داخلہ، اینٹی کرپشن، اسٹیبلشمنٹ اور جامعات و بورڈز کے لیے نئی گاڑیوں کی خریداری کی منظوری بھی دی گئی، جبکہ اس امر پر خصوصی زور دیا گیا کہ آئندہ تمام سرکاری خریداریوں میں الیکٹرک گاڑیوں کو اولین ترجیح دی جائے گی۔
اس موقع پر شرجیل میمن نے کہا کہ الیکٹرک وہیکلز کے فروغ سے نہ صرف سرکاری اخراجات میں نمایاں بچت ہوگی بلکہ ماحول دوست ٹیکنالوجی اپنانے سے فضائی آلودگی میں بھی کمی آئے گی، جس کے لیے سرکاری اداروں کو اپنا کلیدی کردار ادا کرنا چاہیے۔