"میں قرآن پاک پر حلف اٹھاؤں گا، تاہم ابھی یہ فیصلہ نہیں کیا کہ کون سا نسخہ استعمال کروں گا۔ میرے پاس دو تاریخی قرآن کے انتخاب کا موقع ہے۔ میں امریکی آئین کی پاسداری کرتا ہوں۔ یہی امریکی آئین مجھے اپنے مذہب کے باوجود انتخابات میں حصہ لینے اور عوام کو مجھے منتخب کرنے کا حق دیتا ہے۔"
امریکا کی تاریخ میں پہلی مرتبہ سینیٹ کے لیے منتخب ہونے والے مسلمان سیاست دان عبدالالسید نے عہدہ سنبھالتے وقت قرآن پاک پر حلف اٹھانے کا ارادہ ظاہر کردیا ہے۔ ریاست مشی گن سے تعلق رکھنے والے ڈیموکریٹ رہنما جنوری 2027 میں امریکی سینیٹ کی رکنیت سنبھالیں گے۔
امریکی نشریاتی ادارے این پی آر کو دیے گئے انٹرویو میں عبدالالسید نے بتایا کہ وہ حلف برداری کی تقریب کے لیے قرآن پاک کے دو تاریخی نسخوں پر غور کر رہے ہیں، جن میں سے ایک امریکا کے سابق صدر تھامس جیفرسن کی ملکیت رہا ہے۔
یہ وہی تاریخی نسخہ ہے جسے 2007 میں امریکی ایوانِ نمائندگان کے پہلے مسلمان رکن کیتھ ایلیسن نے اپنی علامتی حلف برداری کی تقریب میں استعمال کیا تھا۔ دوسرا ممکنہ انتخاب مشی گن یونیورسٹی کی لائبریری میں محفوظ قرآن پاک کا ایک قدیم نسخہ ہے، تاہم ابھی حتمی فیصلہ نہیں ہوا۔
عبدالالسید نے 3 نومبر کو ہونے والے امریکی وسط مدتی انتخابات میں ری پبلکن امیدوار مائیک راجرز کو شکست دے کر کامیابی حاصل کی تھی۔ ان کی جیت کو امریکی سیاست میں مسلم نمائندگی کے حوالے سے ایک تاریخی پیش رفت قرار دیا جا رہا ہے۔
انہوں نے انٹرویو کے دوران واضح کیا کہ امریکی آئین کسی بھی شخص کو مذہب کی بنیاد پر عوامی عہدہ حاصل کرنے سے نہیں روکتا۔ ان کے مطابق مذہبی شناخت سے قطع نظر ہر منتخب نمائندے کی بنیادی ذمہ داری آئین سے وفاداری اور عوام کی خدمت ہے۔
واضح رہے کہ امریکی سینیٹ میں سرکاری حلف کے لیے کسی مذہبی کتاب کا استعمال لازمی نہیں۔ اگر عبدالالسید قرآن پاک کے ساتھ علامتی حلف برداری کرتے ہیں تو وہ ایسا کرنے والے پہلے امریکی سینیٹر ہوں گے۔
دلچسپ بات یہ ہے کہ جنوری میں نئے سینیٹرز سے حلف لینے کی ذمہ داری امریکی نائب صدر جے ڈی وینس کے پاس ہوگی، جن کے ساتھ عبدالالسید کے سیاسی اختلافات پہلے ہی سامنے آچکے ہیں۔ عبدالالسید نے اس صورتحال کو دلچسپ قرار دیتے ہوئے کہا کہ امریکی آئین نائب صدر کو ان سے حلف لینے کا پابند بناتا ہے۔
عبدالالسید کا یہ فیصلہ امریکی سیاست میں مذہبی آزادی، آئینی حقوق اور مختلف مذاہب سے تعلق رکھنے والے شہریوں کی نمائندگی کے حوالے سے ایک اہم علامتی قدم ثابت ہوسکتا ہے۔