ریاض پر میزائل حملے کی کوشش ناکام، سعودی فورسز نے مشرقی صوبے میں تین ڈرونز بھی مار گرائے

image

سعودی عرب کے فضائی دفاعی نظام نے دارالحکومت ریاض کی سمت یمن کے حوثی باغیوں کی جانب سے فائر کیے گئے دو بیلسٹک میزائلوں کو ہدف تک پہنچنے سے قبل ہی تباہ کر دیا، جبکہ تیل کی دولت سے مالا مال مشرقی صوبے میں بھی تین ڈرونز کو فضا میں نشانہ بنا کر گرا دیا گیا۔

سعودی قیادت میں تشکیل پانے والے عسکری اتحاد کے ترجمان میجر جنرل ترکی المالکی نے اتوار کے روز جاری کردہ بیانات میں تصدیق کی کہ دفاعی دستوں نے ریاض کی جانب بڑھنے والے دونوں بیلسٹک میزائلوں کا بروقت سراغ لگا کر انہیں ناکارہ بنایا۔

ترجمان کے مطابق مشرقی صوبے کی فضاؤں میں داخل ہونے والے دو ڈرونز کو ابتدائی کارروائی میں تباہ کیا گیا، جس کے کچھ دیر بعد ایک تیسرے ڈرون کو بھی مار گرایا گیا۔

واضح رہے کہ سعودی عرب کا مشرقی صوبہ تیل اور گیس کی پیداوار کا سب سے بڑا مرکز ہے جہاں توانائی کی اہم تنصیبات اور عالمی آئل کمپنی سعودی آرامکو کا ہیڈ کوارٹر بھی موجود ہے۔


Meta Urdu News: This news section is a part of the largest Urdu News aggregator that provides access to over 15 leading sources of Urdu News and search facility of archived news since 2008.

Follow US