پریس کانفرنس میں شان ڈفی نے بتایا کہ ’اس وقت ٹیکنالوجی کمپنی ایل تھری ہیریس کے ایک ٹھیکیدار کی جانب سے تانبے کی تاروں کے نظام کو فائبر نیٹ ورک سے تبدیل کرنے کا کام کیا جا رہا تھا۔‘انھوں نے دعویٰ کیا کہ ’امریکہ کا مواصلاتی نظام انتہائی پرانا ہے۔ یہ تار اتنی بوسیدہ ہو چکی تھی کہ اسے ناقابل استعمال سمجھتے ہوئے سسٹم سے ہٹایا جا رہا تھا۔‘

امریکی وزیرِ ٹرانسپورٹ شان ڈفی نے دعویٰ کیا ہے کہ امریکہ بھر میں ہزاروں پروازوں کی منسوخی ایک ایسے مسئلے کے باعث ہوئی جو تانبے کی تاروں کے نظام کی اپ گریڈیشن کے بعد سامنے آیا ہے۔
شان ڈفی نے ایک پریس کانفرنس میں بتایا کہ حکومت اب یہ جاننے کی کوشش کر رہی ہے کہ آیا یہ مسئلہ اپ گریڈیشن کا کام کرنے والی کمپنی کی مبینہ نااہلی کے باعث پیدا ہوا یا پھر آلات میں کسی خرابی کی وجہ سے خلل پیدا ہوا۔
ان کے مطابق ’امریکی حکومت کو نہیں لگتا کہ یہ کسی سائبر حملے کا نتیجہ تھا، تاہم اس معاملے کی تحقیقات ابھی جاری ہیں۔‘
یاد رہے کہ امریکہ میں جمعے کے روز ہوائی ٹریفک کنٹرول کے مواصلاتی نظام میں خرابی کے باعث امریکہ کے ہوائی اڈوں پر غیر معمولی گراؤنڈ سٹاپ نافذ کیا گیا تھا جس سے ملک کے مختلف ہوائی اڈوں پر چار گھنٹے کے زائد شدید خلل پیدا ہوا تاہم تقریبا چار گھنٹے بعد فلائٹ آپریشن بحال کر دیا گیا۔
BBC World Service کی نئی ایپ ڈاؤن لوڈ کریں، 'BBC News اردو' ایڈیشن کا انتخاب کریں اور نیوز الرٹس، تحقیقاتی اور تفصیلی رپورٹس، سب کچھ ایک ہی جگہ پر حاصل کریں۔
جمعے کو فضائی آمد و رفت کی معطلی کا یہ واقعہ 11 ستمبر 2001 کے حملوں کے بعد اپنی نوعیت کا طویل ترین واقعہ کہا جا رہا ہے اور اس کے اثرات کئی دن تک برقرار رہنے کا امکان ہے۔
پریس کانفرنس میں شان ڈفی نے بتایا کہ ’اس وقت ٹیکنالوجی کمپنی ایل تھری ہیریس کے ایک ٹھیکیدار کی جانب سے تانبے کی تاروں کے نظام کو فائبر نیٹ ورک سے تبدیل کرنے کا کام کیا جا رہا تھا۔‘
انھوں نے دعویٰ کیا کہ ’امریکہ کا مواصلاتی نظام انتہائی پرانا ہے۔ یہ تار اتنی بوسیدہ ہو چکی تھی کہ اسے ناقابل استعمال سمجھتے ہوئے سسٹم سے ہٹایا جا رہا تھا۔‘
وزیرِ ٹرانسپورٹ کے مطابق ’جس راؤٹر پر کام کیا جا رہا تھا اس نے فضائی ٹریفک کنٹرول کے دوسرے نظاموں کو یک لخت بڑے پیمانے پر معلومات بھیجنا شروع کر دیں، جس کے باعث طیاروں کے ساتھ رابطے میں مشکلات پیدا ہوئیں۔ انھی حفاظتی خدشات کے پیشِ نظر حکومت نے فضائی حدود بند کرنے کا فیصلہ کیا۔‘
واضح رہے کہ پروازوں کی نگرانی کرنے والی ویب سائٹ فلائٹ ریڈار 24 کے مطابق امریکہ میں فضائی نظام کی خرابی کے بعد ہفتے کی صبح تک تقریباً 10 ہزار پروازیں منسوخ کی جا چکی تھیں۔
’گراؤنڈ سٹاپ سے پہلے 70 فیصد اپ گریڈ کر دیا گیا تھا‘: کمپنی
امریکہ میں گراؤنڈ سٹاپ آپریشن پر عائد پابندی فیڈرل ایوی ایشن ایڈمنسٹریشن (ایف اے اے) کے سربراہ برائن بیڈ فورڈ نے اسی پریس کانفرنس میں کہا کہ ’ہمارے پاس کسی بھی بدنیتی پر مبنی کارروائی کا ثبوت نہیں اور نہ ہی اس واقعے کا تعلق مصنوعی ذہانت (اے آئی) سے ثابت ہوا ہو۔‘
دوسری جانب ٹیک کمپنی ایل تھری ہیریس نے بیان میں دعویٰ کیا کہ فضائی آمد و رفت کی معطلی سے پہلے مواصلاتی نظام کو جدید بنانے کے 70 فیصد سے زیادہ کام مکمل کیے جا چکے تھے۔
کمپنی نے ایک بیان میں کہا کہ ’ہم ایف اے اے کی تحقیقات میں معاونت کر رہے ہیں تاکہ یہ سامنے آئے کہ 13 نومبر کو ملک بھر میں فضائی سفر کی معطلی کا باعث بننے والے حالات کیا تھے۔‘
بیان میں مزید کہا گیا کہ ’ایل تھری ہیریس نے ملک بھر میں پروازوں کی معطلی اور اس کے مسافروں، ایئر لائنز اور فضائی ٹریفک آپریشنز پر پڑنے والے اثرات کو سنجیدگی سے لیا ہے۔‘
واضح رہے کہ جمعے کو امریکہ بھر میں چار گھنٹے سے زیادہ وقت تک پروازوں کی روانگی معطل رہی، جس کے بعد بھی فضائی نظام میں خلل برقرار رہا۔
پروازوں کی نگرانی کرنے والی ویب سائٹ فلائٹ اویئر کے مطابق اس خلل کے اثرات ہفتے کے روز بھی جاری رہے، جس کے باعث امریکہ میں ساڑھے تین ہزار سے زیادہ پروازیں منسوخ جبکہ دو ہزار سے زائد تاخیر کا شکار ہوئیں۔
کچھ مسافر طیاروں کے اندر ہی رَن وے پر پھنسے رہے کیونکہ نہ تو طیاروں کو اڑان بھرنے کی اجازت تھی اور نہ ہی انھیں گیٹ تک واپس لایا جا سکتا تھا۔ فضائی اڈوں پر رش کم کرنے کے لیے بعض بین الاقوامی پروازوں کو امریکی ہوائی اڈوں سے روانگی کی اجازت دی گئی۔
شان ڈفی نے خبردار کیا ہے کہ اگر امریکی کانگریس نے فضائی ٹریفک کنٹرول کے نظام کو جدید بنانے کی منظوری نہ دی تو اسی نوعیت کا مسئلہ دوبارہ بھی پیش آ سکتا ہے۔
امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے ان اپ گریڈز کے لیے 30.1 ارب ڈالر کی درخواست کی ہے۔ کانگریس کے دونوں ایوانوں میں اس وقت ریپبلکن پارٹی کو اکثریت حاصل ہے۔
ٹرانسپورٹیشن سکیورٹی ایڈمنسٹریشن (ٹی ایس اے) کے سابق سربراہ جان پسٹول نے بی بی سی سے بات کرتے ہوئے کہا کہ ’اچھی خبر یہ ہے کہ وہ ساڑھے چار گھنٹے میں نظام بحال کرنے میں کامیاب رہے۔ اس سے ظاہر ہوتا ہے کہ نظام میں لچک موجود ہے، لیکن کیا ضمانت ہے کہ ایسا کل دوبارہ نہیں ہو گا؟‘
جمعے اور ہفتے کی درمیانی شب امریکی فیڈرل ایوی ایشن ایڈمنسٹریشن (ایف اے اے) کا اعلان سامنے آیا تھا جس میں کہا گیا تھا کہ ’مواصلاتی نظام میں سنگین خرابی کے باعث حفاظتی وجوہات کی بنا پر ملک بھر میں روانہ ہونے والی پروازیں عارضی طور پر روک دی گئی ہیں۔‘
یہ تعطل 11 ستمبر 2001 کے حملوں کے بعد امریکی فضائی نظام میں ہونے والے بڑے ملک گیر تعطل میں شمار کیا جا رہا ہے۔
فلائٹ آپریشن بحال کر نے کے حوالے سے امریکی وزیرِ ٹرانسپورٹ شان ڈفی نے وائٹ ہاؤس میں امریکی ہوم لینڈ سکیورٹی کے سیکریٹری مارک وین مولن کے ہمراہ پریس بریفنگ میں بتایا تھا کہ لاکھوں امریکیوں کو متاثر کرنے والی زمینی پروازوں پر پابندی امریکی وقت کے مطابق رات سوا آٹھ بجے (01:15 جی ایم ٹی) پر ختم کر دی گئی ہے۔
شان ڈفی نے خبردار کیا کہ پروازوں کی معطلی کے اثرات فوری طور پر ختم نہیں ہوں گے اور نظام میں پیدا ہونے والی رکاوٹوں کے باعث مسائل آئندہ چند روز تک برقرار رہ سکتے ہیں۔
ہزاروں منسوخ اور تاخیر کا شکار پروازوں کے باعث فضائی سفر کا نظام مکمل طور پر معمول پر آنے میں کچھ وقت لگ سکتا ہےشان ڈفی نے دوران بریفنگ وضاحت کی کہ اس تعطل کے اثرات پورے فضائی نظام میں مرتب ہوئے ہیں اسی لیے حکام پروازوں کی صورتحال کا جائزہ لے رہے ہیں تاکہ نظام کو دوبارہ معمول پر لایا جا سکے۔
ڈفی کے مطابق اس خرابی کے اثرات آئندہ چند روز تک برقرار رہنے کا امکان ہے۔
امریکی وزیرِ ٹرانسپورٹ نے ابتدائی بیان میں یہ کہا تھا کہ ایک ’مواصلاتی خرابی‘ نے فضائی ٹریفک کنٹرول مراکز کو متاثر کیا ہے اور وفاقی ہوا بازی کے تکنیکی ماہرین اس معاملے کی تحقیقات کر رہے ہیں۔
امریکہ کے فیڈرل ایوی ایشن ایڈمنسٹریشن (ایف اے اے) نے اپنے بیان میں کہا کہ ملک بھر میں پروازیں دوبارہ شروع کرنے کی اجازت دینے سے پہلے اس کے نظام کو مکمل طور پر جانچا گیا تاکہ یہ یقینی بنایا جا سکے کہ وہ مستحکم ہے اور محفوظ انداز میں کام کر رہا ہے۔
ایف اے اے نے سوشل میڈیا پر جاری بیان میں کہا کہ ’فضائی سفر کرنے والے عوام کی حفاظت ہمیشہ ہماری اولین ترجیح ہے۔‘
’ایسے واقعات دوبارہ بھی ہو سکتے ہیں‘

وزیر ٹرانسپورٹ شان ڈفی اور امریکی ہوم لینڈ سکیورٹی کے سیکریٹری مارک وین مولنوزیر ٹرانسپورٹ شان ڈفی اور امریکی ہوم لینڈ سکیورٹی کے سیکریٹری مارک وین مولن نے اس تعطل کی ذمہ داری فضائی ٹریفک کنٹرول کے پرانے نظام پر عائد کی، جو ان کے مطابق کانگریس سے مطلوبہ فنڈنگ نہ ملنے کے باعث جدید نہیں بنایا جا سکا۔
مارک مولن نے بریفنگ میں کہا کہ ’اس بات کا کوئی ثبوت نہیں ملا کہ پروازوں کی معطلی کسی سائبر حملے کا نتیجہ تھی یا اس کا تعلق گزشتہ روز پیش آنے والی مائیکروسافٹ کی خرابی سے تھا۔‘
انھوں نے یہ بھی دعویٰ کیا کہ ’کسی کو بھی کبھی خطرہ لاحق نہیں تھا۔‘
مولن نے خبردار کیا کہ اگر نقل و حمل کے نظام کی مکمل ازسرِ نو تعمیر نہ کی گئی تو آج جیسے واقعات دوبارہ بھی پیش آ سکتے ہیں۔
دوسری جانب شان ڈفی نے بریفنگ میں کہا کہ اگرچہ نظام کو مکمل استعداد کے ساتھ بحال ہونے میں کچھ وقت لگے گا، تاہم انھیں توقع ہے کہ امریکہ میں ’تھینکس گیونگ‘ کے تہوار سے پہلے نظام اپنی مکمل صلاحیت کے ساتھ کام کرنا شروع کر دے گا۔
موجودہ نظام پر ’اضافی دباؤ‘
امریکہ کے ہوم لینڈ سکیورٹی کے سیکریٹری مارک وین مولن نے وائٹ ہاؤس میں نیوز بریفنگ کے دوران کہا کہ عوام کی سلامتی یقینی بنانے کے لیے انتظامیہ نے انتہائی تیز رفتاری سے کام کیا تاکہ پروازیں معطل ہونے کے باعث مختلف مقامات پر پھنس جانے والے مسافروں کی مدد کی جا سکے۔
مارک مولن نے دعویٰ کیا کہ اس صورتحال کے دوران عوام کو کسی قسم کا خطرہ لاحق نہیں ہوا۔
امریکی وزیرِ نقل و حمل شان ڈفی نے بریفنگ میں کہا کہ موجودہ نظام پر عارضی اقدامات کا دباؤ بڑھ گیا تھا، جس کے باعث یہ خرابی پیش آئی۔
انھوں نے واضح کیا کہ ’حالیہ عرصے میں نصب کیے گئے نئے آلات کا اس تعطل میں کوئی کردار نہیں تھا۔ جو نظام بند ہوا وہ پرانا تھا۔ خرابی پرانے اور فرسودہ آلات میں پیدا ہوئی۔‘
ان کے مطابق حکام نے ایسے اصلاحی اقدامات نافذ کیے جن کے ذریعے سوئچز پر پڑنے والا اضافی دباؤ کم کیا گیا اور نیٹ ورک کو دوبارہ فعال کیا گیا۔
شان ڈفی نے مزید کہا کہ ان اقدامات سے یہ بات واضح ہوگئی ہے کہ مسئلہ کسی حملے کا نتیجہ نہیں تھا بلکہ موجودہ آلات اور نیٹ ورک میں خرابی کی وجہ سے پیدا ہوا تھا۔
ایک صحافی کے سوال پر مارک وین مولن نے کہا کہ اس واقعہ کی تحقیقات کے لیے خصوصی ٹیمیں تشکیل دی گئی ہیں، تاہم اب تک ایسا کوئی ثبوت سامنے نہیں آیا جو سائبر حملے کی نشاندہی کرتا ہو۔
نیٹ ورک میں ہر ممکنہ بڑی خرابی کی پیش گوئی نہیں کی جا سکتی‘

امریکی وزیرِٹرانسپورٹ شان ڈفی نے بریفنگ میں کہا کہ ’وہ نیٹ ورک میں پیش آنے والی ہر ممکن بڑی یا تباہ کن خرابی کی پیش گوئی نہیں کر سکتے، ان کے مطابق اس نوعیت کے تعطل کی توقع نہیں کی تھی تاہم اگر پرانے نظام کو تبدیل نہ کیا گیا تو ایسے مزید واقعات رونما ہوں گے۔‘
اس موقع پر صحافیوں نے سوال اٹھایا کہ جب خود وزیرِٹرانسپورٹ نقل و حمل موجودہ فضائی نظام کو فرسودہ قرار دے رہے ہیں تو مسافر فضائی سفر کو محفوظ کیسے سمجھ سکتے ہیں۔
تاہم ڈفی نے اس سوال کا براہِ راست جواب نہیں دیا بلکہ انھوں نے ایک بار پھر اس بات پر زور دیا کہ فضائی ٹریفک کنٹرول کے نئے نظام کی تعمیر کے لیے انھیں کانگریس کی حمایت درکار ہے۔
انھوں نے کہا کہ نئے نظام کی تعمیر میں وقت لگے گا، لیکن ان کے نزدیک اب کارروائی کا مناسب وقت آ گیا ہے اور نظام کو اپ گریڈ کرنے کو مزید مؤخر نہیں کیا جا سکتا۔
یاد رہے کہ امریکی وزیرِ ٹرانسپورٹ شان ڈفی فضائی ٹریفک کنٹرول کا نیا نظام بنانے کے لیے کانگریس سے 50 ارب ڈالر کی درخواست کر چکے ہیں۔
یہ ایک اور نائن الیون نہیں ہے: مارک ملن
امریکہ میں ہوم لینڈ سکیورٹی کے وزیر مارک وین ملن نے وائٹ ہاؤس میں صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ اس بات کا کوئی اشارہ نہیں ملا کہ یہ امریکہ کے خلاف کوئی حملہ تھا۔
انھوں نے کہا کہ ’یہ ٹیلی کمیونی کیشنز کا تعطل ہے۔‘
انھوں نے مزید کہا کہ ’تمام پروازوں کا پتا لگایا جا چکا ہے۔ سب لوگ محفوظ ہیں اور یہ ایک اور نائن الیون نہیں ہے۔‘
خیال رہے کہ امریکہ بھر میں پروازیں روکنے کا حکم آخری بار 11 ستمبر 2001 کو ہونے والے دہشت گردانہ حملوں کے بعد دیا گیا تھا۔
امریکہ میں فیڈرل ایوی ایشن ایڈمنسٹریشن (ایف اے اے) کی جانب سے ملک گیر گراؤنڈنگ ختم کیے جانے کے بعد بڑی فضائی کمپنیوں نے اپنی کارروائیاں بحال کرنا شروع کر دی تھیں۔
امریکہ میں فضائی نظام میں آنے والی خرابی کے باعث ہزاروں پروازیں منسوخ یا تاخیر کا شکار ہوئی تھیں۔ فضائی نظام کے خلل کے اعلان کے بعد امریکن ایئر لائنز نے ایک بیان میں کہا تھا کہ جو پروازیں پہلے ہی فضا میں موجود ہیں وہ اپنی منزلوں تک سفر جاری رکھیں گی، تاہم دن کے باقی حصے میں معمول کے شیڈول میں خلل کا امکان ہے۔
اور اب جبکہ پروازیں دوبارہ شروع کی جا رہی ہیں،خدشہ ظاہر کیا جا رہا ہے کہ مسافروں کو آئندہ چند روز تک سفری مشکلات کا سامنا رہ سکتا ہےاور پروازوں کے شیڈول پر اثرات کچھ وقت تک برقرار رہ سکتے ہیں۔
’گراؤنڈ سٹاپ کی وجہ ٹیلی کمیونیکیشن سسٹم میں عارضی تعطل‘

یاد رہے جمعے کی رات گئے امریکہ میں فیڈرل ایوی ایشن ایڈمنسٹریشن نے ملک میں تمام پروازیں ’غیر معمولی حالات اور حفاظتی وجوہات‘ کی بنا پر عارضی طور پر روک دینے کا حکم جاری کیا تھا۔
یہ اطلاع، جو ایف اے اے کی ویب سائٹ پر شائع ہوئی تھی، بعد ازاں ہٹا دی گئی تھی۔
ایکس پر جاری ایک بیان میں فیڈرل ایوی ایشن ایڈمنسٹریشن نے تصدیق کی کہ اس غیر معمولی گراؤنڈ سٹاپ کی وجہ ٹیلی کمیونیکیشن سسٹم میں عارضی تعطل ہے۔ ادارے نے مزید کہا کہ بین الاقوامی پروازوں سے انفرادی بنیادوں پر نمٹا جائے گا۔
اس دوران کئی بڑے امریکی ہوائی اڈوں نے بھی تمام پروازیں روکنے کی تصدیق کی اور مسافروں کو مشورہ دیا کہ ہوائی اڈے روانہ ہونے سے پہلے اپنی ایئر لائن سے رابطہ کریں۔
BBC World Service کی نئی ایپ ڈاؤن لوڈ کریں۔
'BBC News اردو' ایڈیشن کا انتخاب کریں اور نیوز الرٹس، تحقیقاتی اور تفصیلی رپورٹس، سب کچھ ایک ہی جگہ پر حاصل کریں۔
گوگل پلے سٹور سے اینڈروئڈ ڈیوائسزکے لیے بی بی سی ایپ ڈاؤن لوڈ کرنے کے لیے یہاں کلک کریں
ایپ سٹور سے آئی فون اور آئی پیڈ کے لیے بی بی سی ایپ ڈاؤن لوڈ کرنے کے لیے یہاں کلک کریں
نوٹ: نئی ایپ برطانیہ اور امریکہ میں دستیاب نہیں ہے اور اس کا انگریزی زبان میں ایڈیشن موجود نہیں۔