امریکی فضائی حدود کھلنے کے باوجود ملک میں فضائی سفر کا بحران شدت اختیار کرگیا ہے اور ایئرلائنز معمول کے مطابق پروازیں بحال کرنے میں ناکام دکھائی دے رہی ہیں، جس کے نتیجے میں ہزاروں مسافر مختلف ایئرپورٹس پر پھنس کر رہ گئے ہیں۔
فلائٹ اویئر کی جانب سے جاری کردہ اعداد و شمار بتاتے ہیں کہ ہفتے کے روز امریکا آنے اور یہاں سے روانہ ہونے والی 6 ہزار 228 پروازیں منسوخ ہوئیں جبکہ 7 ہزار 542 پروازیں تاخیر کا شکار ہوئیں، جو امریکی فیڈرل ایوی ایشن اتھارٹی کے ابتدائی اندازوں سے بھی زیادہ ہے۔
عالمی سطح پر بھی مجموعی طور پر 6 ہزار 843 پروازیں منسوخ اور لگ بھگ 20 ہزار پروازیں تاخیر سے روانہ ہوئیں۔ امریکا کے بڑے ہوائی اڈوں بشمول ڈیلاس، ہیوسٹن، شکاگو، اٹلانٹا اور نیویارک میں صورتحال انتہائی خراب رہی۔
شکاگو کے اوہیئر ایئرپورٹ پر 559 سے زائد، اٹلانٹا کے ہارٹس فیلڈ جیکسن ایئرپورٹ پر 479 اور ڈیلاس فورٹ ورتھ ایئرپورٹ پر سینکڑوں پروازیں منسوخ ہونے کے باعث متعدد مسافروں کو رات ہوائی اڈوں پر ہی گزارنی پڑی۔
فضائی کمپنیوں میں جیٹ بلیو سب سے زیادہ متاثر ہوئی جس کی تقریباً 45 فیصد پروازیں منسوخ ہوئیں، جبکہ امریکن ایئرلائنز، یونائیٹڈ اور ڈیلٹا کو بھی اپنے شیڈول کی تقریباً ایک چوتھائی پروازیں منسوخ کرنا پڑیں، تاہم متاثرہ مسافروں کو بغیر کسی اضافی فیس کے سفر کی متبادل تاریخیں دی جا رہی ہیں۔
امریکی محکمہ ٹرانسپورٹ نے واضح کیا ہے کہ فضائی حدود کھلی ہیں اور روانگیاں محفوظ طریقے سے جاری ہیں، لیکن طیاروں اور عملے کی دوبارہ تعیناتی اور مسافروں کی ری بکنگ کے مسائل کے سبب آپریشن معمول پر آنے میں وقت لگ رہا ہے۔
حکام نے امید ظاہر کی ہے کہ اتوار کی رات تک فضائی کمپنیوں کا شیڈول مکمل طور پر بحال ہوجائے گا، البتہ مسافروں کو مزید تاخیر اور منسوخیوں کے لیے تیار رہنے کی ہدایت کی گئی ہے۔