ڈیپ فیک ویڈیو کالز کا جال: شمالی کوریا کے ہیکرز نے 40 کروڑ ڈالر لوٹ لیے

image

امریکی تحقیقاتی ادارے ایف بی آئی نے انکشاف کیا ہے کہ شمالی کوریا کی سرپرستی میں سرگرم ہیکرز نے مصنوعی ذہانت سے تیار کردہ جعلی ویڈیو کالز کے ذریعے 40 کروڑ ڈالر سے زائد کی خطیر رقم لوٹ لی ہے۔

تحقیقات کے مطابق ’فیس اسٹیلر‘ نامی اس مہم میں گزشتہ ڈیڑھ سال کے دوران کرپٹو کرنسی اور ویب 3 کے شعبے سے وابستہ افراد کو نشانہ بنایا گیا۔ طریقہ واردات کے تحت ہیکرز متاثرہ شخص کے کسی قریبی جاننے والے کا روپ دھار کر ویڈیو میٹنگ کا اہتمام کرتے ہیں اور اعتماد بحال کرنے کے لیے اے آئی پر مبنی ڈیپ فیک ٹیکنالوجی کا سہارا لیتے ہیں۔

گفتگو کے دوران جان بوجھ کر کوئی تکنیکی خرابی ظاہر کی جاتی ہے اور اسے ٹھیک کرنے کے بہانے صارف کو ایک مشکوک لنک پر کلک کرنے کے لیے قائل کیا جاتا ہے۔ لنک کھلتے ہی صارف کے کمپیوٹر یا فون میں وائرس داخل ہوجاتا ہے جس سے ہیکرز کو اس کے ذاتی رابطوں، سوشل میڈیا اور میسجنگ ایپس تک رسائی مل جاتی ہے، جسے استعمال کرتے ہوئے وہ اگلے شکار کو پھنساتے ہیں۔

ایف بی آئی کے لاس اینجلس دفتر کے اسسٹنٹ ڈائریکٹر پیٹرک گرانڈی کا کہنا ہے کہ یہ جال اتنا مؤثر ہے کہ سائبر سیکیورٹی کی سمجھ بوجھ رکھنے والے ماہر صارفین بھی اس کا شکار بن سکتے ہیں۔ ادارے نے کارروائی کے دوران متاثرہ افراد کی 900 سے زائد ویب کیم ویڈیوز بھی برآمد کی ہیں۔

دوسری جانب ایف بی آئی کے سائبر آپریشنز کے سربراہ بریٹ لیدر مین کے مطابق شمالی کوریا اپنے غیر قانونی عسکری اور ہتھیاروں کے پروگراموں کے اخراجات پورے کرنے کے لیے بڑے پیمانے پر ڈیجیٹل کرنسی کی چوری پر انحصار کر رہا ہے، اور رواں ماہ کے آغاز میں بھی اسی نیٹ ورک پر کرپٹو ایکسچینج بائنانس سے 6 ارب ڈالر چرانے کا الزام عائد کیا گیا تھا جس کی پیونگ یانگ نے تردید کی ہے۔


Meta Urdu News: This news section is a part of the largest Urdu News aggregator that provides access to over 15 leading sources of Urdu News and search facility of archived news since 2008.

Follow US