خیبر پختونخوا میں غیر قانونی گولڈ مائننگ اور دہشت گردی کے درمیان گٹھ جوڑ کے اہم شواہد سامنے آگئے ہیں، جبکہ کوہاٹ میں پولیس پر حملے کے بعد سیکیورٹی فورسز کی جوابی کارروائی میں ہلاک ہونے والا ایک دہشت گرد افغان شہری نکلا ہے۔
انٹیلی جنس ذرائع کے مطابق 11 نومبر کو کوہاٹ میں غیر قانونی گولڈ مائننگ مافیا کے خلاف کارروائی کے دوران فتنہ الخوارج کے دہشت گردوں کے حملے میں پولیس کے جوان شہید ہوئے تھے۔
سیکیورٹی فورسز کی جوابی کارروائی میں مارے جانے والے فتنہ الخوارج کے دہشت گردوں میں سے ایک کی شناخت بطور افغان شہری مکمل کرلی گئی ہے، جبکہ دیگر چار ہلاک دہشت گردوں کی تصاویر اور دستیاب معلومات کی بنیاد پر شناخت کا عمل جاری ہے۔
ذرائع نے بتایا کہ شناخت ہونے والے افغان دہشت گرد کی پرانی تصویر کابل میں ایک افغان طالبان سرغنہ کے ذاتی محافظ (پرسنل گارڈ) کے طور پر سامنے آئی ہے۔
اس معاملے پر گورنر خیبر پختونخوا نے کہا ہے کہ صوبے میں ہونے والی غیر قانونی مائننگ کا 80 فیصد حصہ افغانستان جا رہا تھا۔
دوسری جانب وزیراعظم کے کوآرڈینیٹر اختیار ولی نے انکشاف کیا ہے کہ سابق صوبائی حکومت کی سرپرستی میں افغان طالبان کمانڈرز کو یوتھ کمیٹی میں شامل کر کے غیر قانونی گولڈ مائننگ میں استعمال کیا گیا۔ ان کا مزید کہنا تھا کہ دہشت گرد عناصر غیر قانونی کان کنی میں ملوث مقامی افراد سے ماہانہ 7 لاکھ روپے جبکہ باہر سے آنے والے مائنرز سے 11 لاکھ روپے بھتہ وصول کرتے تھے۔
سیکیورٹی تجزیہ کاروں کا کہنا ہے کہ سامنے آنے والے شواہد اس بات کی تصدیق کرتے ہیں کہ خیبر پختونخوا کی گزشتہ حکومت، فتنہ الخوارج اور افغان طالبان صوبے میں غیر قانونی گولڈ مائننگ میں ملوث رہے ہیں۔
تجزیہ کاروں کے مطابق افغان سرپرستی میں کام کرنے والی دہشت گرد تنظیم فتنہ الخوارج کے خلاف موجودہ صوبائی حکومت کے اقدامات عوامی وسائل لوٹنے والوں کے لیے واضح پیغام ہیں۔