اسلام آباد پولیس کے ترجمان نے بتایا کہ مقدمے میں فی الحال کسی شخص کو نامزد نہیں کیا گیا، کیونکہ مدعی مقدمہ، جو مقتولہ کے والد ہیں، نے اپنی درخواست میں کسی فرد کا نام شامل نہیں کیا۔
علامتی تصویراسلام آباد کے سرکاری رہائشی علاقے میں ایک پولیس افسر کے گھر کام کرنے والی 13 سالہ گھریلو ملازمہ فاطمہ کی ہلاکت کے بعد قتل کا مقدمہ درج کر لیا گیا ہے، جبکہ پولیس افسر کی اہلیہ اور ایک گھریلو ملازم کو گرفتار کر لیا گیا ہے۔
پولیس کے مطابق کم سن بچی سرکاری افسر کی رہائش گاہ پر ان کی اہلیہ کے پاس ملازمت کرتی تھی۔ حکام کا کہنا ہے کہ مذکورہ خاتون پاکستانی ہونے کے ساتھ ساتھ غیر ملکی شہریت بھی رکھتی ہیں۔
اتوار کے روز بچی کی پراسرار حالات میں ہلاکت کا واقعہ پیش آیا تھا، جس پر ورثا اور عوامی حلقوں کی جانب سے شدید تحفظات کا اظہار کیا گیا۔
واقعے کے خلاف مقدمہ درج کرنے کے لیے متاثرہ خاندان کی جانب سے متعلقہ تھانے میں درخواست دی گئی تھی، جسے وصول کرنے کے بعد قتل کی دفعات کے تحت مقدمہ درج کر لیا گیا۔
پولیس کے مطابق کم سن ملازمہ کو تشویشناک حالت میں اسلام آباد کے قائداعظم ہسپتال منتقل کیا گیا تھا، تاہم وہ جانبر نہ ہو سکی۔
پولیس کا کہنا ہے کہ مبینہ تشدد کا واقعہ پولیس لائنز میں پیش آیا۔ اسلام آباد پولیس کے ترجمان کے مطابق مقدمہ تھانہ شمس کالونی میں درج کیا گیا ہے۔
ان کا کہنا ہے کہ واقعے میں ملوث پولیس افسر کی اہلیہ اور ایک گھریلو ملازم کو گرفتار کر لیا گیا ہے۔
پولیس کا کہنا ہے کہ مبینہ تشدد کا واقعہ پولیس لائنز میں پیش آیا۔مقدمے میں کوئی شخص نامزد کیوں نہیں؟
ترجمان کے مطابق مقتولہ کا پوسٹ مارٹم بھی کروا لیا گیا ہے اور اس کی ابتدائی رپورٹ آج پولیس کو موصول ہونے کی توقع ہے۔
پولیس حکام کے مطابق محمد بن اشرف ماضی میں اسلام آباد پولیس ہیڈ کوارٹر میں ایس پی کے طور پر تعینات رہ چکے ہیں۔
اسی دوران انھیں پولیس لائنز ہیڈ کوارٹرز میں رہائش گاہ الاٹ کی گئی تھی۔ واقعے کے وقت وہ ایف آئی اے گوجرانوالہ ریجن میں بطور ڈائریکٹر خدمات انجام دے رہے تھے۔
اسلام آباد پولیس کے ترجمان نے بتایا کہ مقدمے میں فی الحال کسی شخص کو نامزد نہیں کیا گیا، کیونکہ مدعی مقدمہ، جو مقتولہ کے والد ہیں، نے اپنی درخواست میں کسی فرد کا نام شامل نہیں کیا۔
ان کے مطابق تفتیش کے دوران مزید شواہد سامنے آنے پر ضمنی بیانات اور تفتیشی عمل کے ذریعے ملزمان کو نامزد کیا جا سکتا ہے۔
تفتیشی ٹیم میں شامل ایک اہلکار کے مطابق مقتولہ گرفتار ہونے والی خاتون کی رشتہ دار بھی تھی۔
دوسری جانب محمد بن اشرف سے ان کا موقف جاننے کے لیے رابطہ کیا گیا، تاہم انھوں نے اس معاملے پر کوئی ردعمل نہیں دیا۔
اسلام آباد پولیس کے ڈی آئی جی ہیڈ کوارٹر جواد طارق کا کہنا ہے کہ پولیس لائنز ہیڈ کوارٹرز میں متعدد افسران کے گھر موجود ہیں۔
ان کے مطابق پولیس کے پاس نگرانی کا نظام ضرور موجود ہے، تاہم کسی افسر کے گھر کے اندر جا کر یہ نہیں دیکھا جا سکتا کہ وہاں کیا ہو رہا ہے۔
انھوں نے کہا کہ پولیس اس وقت تک کسی گھر کے اندرونی معاملات میں مداخلت نہیں کر سکتی جب تک اس حوالے سے کوئی باضابطہ شکایت موصول نہ ہو۔
پولیس حکام کا کہنا ہے کہ واقعے کے ہر پہلو سے شفاف تحقیقات کی جا رہی ہیں اور پوسٹ مارٹم رپورٹ کی روشنی میں مزید قانونی کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔
BBC World Service کی نئی ایپ ڈاؤن لوڈ کریں۔
'BBC News اردو' ایڈیشن کا انتخاب کریں اور نیوز الرٹس، تحقیقاتی اور تفصیلی رپورٹس، سب کچھ ایک ہی جگہ پر حاصل کریں۔
نوٹ: نئی ایپ برطانیہ اور امریکہ میں دستیاب نہیں ہے اور اس کا انگریزی زبان میں ایڈیشن موجود نہیں