اسلام آباد میں اقتصادی تعاون تنظیم (ای سی او) کے رکن ممالک کی وزارتی کونسل کا 30 واں باقاعدہ اجلاس شروع ہوگیا ہے۔
نائب وزیراعظم اور وزیر خارجہ سینیٹر محمد اسحاق ڈار نے اجلاس میں آمد پر ای سی او کے رکن ممالک کے وزرائے خارجہ اور وفود کے سربراہان کا استقبال کیا۔
پاکستان کی میزبانی میں ہونے والے اس اجلاس میں اقتصادی تعاون تنظیم کے سیکریٹری جنرل ڈاکٹر اسد مجید خان اور پاکستان کے سیکریٹری خارجہ عاصم افتخار احمد کے علاوہ ایس سی او اور سیکا کے اعلیٰ حکام بھی شرکت کر رہے ہیں۔
اجلاس کا عنوان ’’ریوائیونگ ریجنلزم فار اے ریزیلیئنٹ ای سی او‘‘ رکھا گیا ہے۔ ای سی او کے 10 رکن ممالک میں پاکستان کے علاوہ ترکیہ، آذربائیجان، ایران، قازقستان، کرغزستان، تاجکستان، ترکمانستان، ازبکستان اور افغانستان شامل ہیں، جبکہ اس تنظیم کے بنیادی مقاصد میں تجارت، معیشت، توانائی، ٹرانسپورٹ، تکنیکی اور ثقافتی شعبوں میں باہمی تعاون کو فروغ دینا شامل ہے۔