نئے صوبوں کا قیام ملک کی اہم ضرورت ہے، مصطفیٰ کمال

image

وفاقی وزیر صحت مصطفیٰ کمال کا کہنا ہے کہ اٹھارویں آئینی ترمیم ملکی تباہی کا سبب بنی ہے اور اب نئے صوبوں کا قیام کسی مخصوص سیاسی جماعت کا مطالبہ نہیں بلکہ وقت اور ملک کی اہم ضرورت بن چکا ہے۔

اپنے ایک بیان میں وفاقی وزیر نے اظہارِ خیال کرتے ہوئے کہا کہ مقتدر حلقوں اور ریاستی امور چلانے والوں کو بھی اس بات کا ادراک ہو چکا ہے کہ موجودہ انتظامی نظام عوامی توقعات پر پورا اترنے اور بہتر نتائج دینے میں ناکام رہا ہے، جس کے پیش نظر مستقبل میں ملک کے اندر نئے صوبے بنتے دکھائی دے رہے ہیں۔ انہوں نے واضح کیا کہ موجودہ گفتگو محض صورتحال کا تجزیہ ہے، تاہم حتمی اور سب سے برتر فیصلہ عوام کی رائے ہی ہوتی ہے۔

پاکستان پیپلز پارٹی کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے مصطفیٰ کمال نے کہا کہ اگر پیپلز پارٹی کو اپنی حکومتی کارکردگی پر مکمل بھروسہ ہے تو ملک میں دس صوبے بھی بن جائیں تو اسے کوئی اعتراض یا فرق نہیں پڑنا چاہیے، تاہم انہیں خود بھی علم ہے کہ انہوں نے عوامی فلاح کے لیے کچھ نہیں کیا اور اب انہیں حالات کی سنگینی کو سمجھنا ہوگا۔

ملکی سیاست اور تحریک انصاف کے حوالے سے گفتگو کرتے ہوئے وفاقی وزیر صحت کا کہنا تھا کہ پی ٹی آئی کو چاہیے کہ وہ بغیر کسی پیشگی شرط کے ریاستی معاملات کا حصہ بنے، کیونکہ اب ملک اور عوام دونوں کی سوچ میں نمایاں تبدیلی آتی محسوس ہو رہی ہے۔

کراچی کی ابتر صورتحال پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ایک طرف دنیا ترقی کرتے ہوئے چاند پر پہنچ چکی ہے، جبکہ دوسری جانب کراچی جیسے بڑے شہر میں معصوم بچے کھلے گٹروں میں گر کر اپنی جانیں گنوا رہے ہیں۔


Meta Urdu News: This news section is a part of the largest Urdu News aggregator that provides access to over 15 leading sources of Urdu News and search facility of archived news since 2008.

Follow US