عمران خان نے دعویٰ کیا کہ ان کی دائیں آنکھ کی 85 فیصد بینائی ختم ہو چکی ہے۔ ان کے مطابق انھوں نے فروری 2026 میں اپنے وکیل سے ملاقات کے دوران اپنی دائیں آنکھ کی بینائی میں 85 فیصد کمی کی نشاندہی کی تھی۔

راولپنڈی کی اڈیالہ جیل میں قید سابق وزیرِ اعظم عمران خان نے سپریم کورٹ، وفاقی آئینی عدالت اور اسلام آباد ہائی کورٹ کے چیف جسٹس صاحبان کو اپنے وکیل سلمان صفدر کے ذریعے ایک خط لکھا ہے، جس میں انھوں نے اپنی اور اپنی اہلیہ بشریٰ بی بی کی طبی حالت پر فوری توجہ دینے کی اپیل کی ہے۔
اپنے خط میں عمران خان نے کہا ہے کہ ان کی زندگی اور صحت کو شدید خطرات لاحق ہیں۔ دوسری جانب ان کی اہلیہ نے اسلام آباد ہائی کورٹ میں اپنے وکلا کے ذریعے ہسپتال منتقلی کی درخواست دائر کی ہے۔
خیال رہے سابق وزیر اعظم کو گذشتہ ہفتے 10 اور 11 نومبر کی رات بھی اسلام آباد کے پاکستان انسٹیٹیوٹ آف میڈیکل سائنسز (پمز) ہسپتال لایا گیا تھا، جہاں انتظامیہ کے مطابق ان کا طبی معائنہ اور آنکھ کے علاج کا فالو اپ کیا گیا تھا۔
پمز کی جانب سے جاری کردہ اعلامیے کے مطابق آنکھوں کے معالج کی ہدایت پر عمران خان کا طبی معائنہ کیا گیا جس میں آنکھوں کا جائزہ بھی شامل تھا۔
تاہم دوسری جانب پاکستانی حکومت متعدد بار یہ دعویٰ کر چکی ہے کہ دائیں آنکھ میں سینٹرل ریٹینل وین آکلوژن سے متاثرہ سابق وزیر اعظم کو جیل میں بہترین طبی سہولیات دی گئی ہیں اور اُن کے بروقت علاج میں کوئی کمی نہیں آئی۔
اعلامیے کے مطابق عمران خان کی حالت مستحکم تھی اور عمومی جسمانی معائنہ بھی معمول کے مطابق تھا۔
تاہم عمران خان اپنے اور اپنی اہلیہ کی علاج سے مطمئن نہیں نظر آتے۔ سابق وزیرِ اعظم نے سپریم کورٹ کے 18 اگست 2026 کے حکم کا حوالہ دیتے ہوئے اپنے خط میں لکھا کہ اس حکم پر تاحال عملدرآمد نہیں ہوا۔
ان کے مطابق سپریم کورٹ نے انھیں دو روز کے اندر شفا انٹرنیشنل ہسپتال منتقل کرنے کا حکم دیا تھا اور ساتھ ہی ان کی طبی جانچ کے لیے ماہرِ امراضِ قلب اور ماہرِ امراضِ چشم پر مشتمل میڈیکل بورڈ تشکیل دینے کی ہدایت بھی کی تھی۔
خط میں عمران خان نے دعویٰ کیا کہ انھیں اڈیالہ جیل میں روزانہ 22 گھنٹے تک قیدِ تنہائی میں رکھا جاتا ہے اور وہ اہلِ خانہ، وکلا، کتابوں اور ٹیلی ویژن تک رسائی سے محروم ہیں۔

انھوں نے یہ دعویٰ بھی کیا کہ رواں سال انھیں اپنے وکلا سے صرف چار مرتبہ ملاقات کی اجازت دی گئی، جبکہ ان کی اہلیہ بشریٰ بی بی کو بھی رواں سال اپنے وکلا سے صرف ایک مرتبہ ملاقات کی اجازت ملی۔
عمران خان کے مطابق انھیں اپنے بیٹوں سے فون پر بات کرنے کی اجازت نہیں دی جا رہی، حالانکہ عدالت نے واضح احکامات جاری کیے تھے کہ ان کی اپنے بیٹوں سے ہفتے میں دو مرتبہ فون پر بات کروائی جائے۔
سابق وزیرِ اعظم کا کہنا تھا کہ ان کی اپنی اہلیہ سے ہفتہ وار ملاقات بھی جیل انتظامیہ کی جانب سے مسلسل منسوخ کی جا رہی ہے۔
انھوں نے خط میں لکھا کہ جیل میں ہونے والے طبی معائنے کے دوران میڈیکل بورڈ نے ذہنی صحت کے لیے اہلِ خانہ سے زیادہ رابطے، مطالعے اور ٹیلی ویژن کی سفارش کی تھی، تاہم ان کے بقول جیل انتظامیہ نے ان سفارشات پر عملدرآمد نہیں کیا۔
عمران خان نے دعویٰ کیا کہ ان کی دائیں آنکھ کی 85 فیصد بینائی ختم ہو چکی ہے۔ ان کے مطابق انھوں نے فروری 2026 میں اپنے وکیل سے ملاقات کے دوران اپنی دائیں آنکھ کی بینائی میں 85 فیصد کمی کی نشاندہی کی تھی۔
اپنی اہلیہ کی صحت کا حوالہ دیتے ہوئے عمران خان نے لکھا کہ اپریل 2026 میں بشریٰ بی بی کی آنکھ کا پردہ متاثر ہوا تھا اور ان کی پیچیدہ سرجری کی گئی تھی۔
انھوں نے کہا کہ بشریٰ بی بی کی بینائی کو مستقل نقصان پہنچنے کا خدشہ ہے اور ان حالات میں انھیں فوری طور پر دوسری سرجری کی ضرورت ہے۔
عمران خان نے جیل حکام پر الزام عائد کیا کہ بشریٰ بی بی کا میڈیکل ریکارڈ فراہم نہیں کیا جا رہا اور انھیں اپنے ڈاکٹروں تک رسائی سے بھی محروم رکھا جا رہا ہے۔
اپنے خط میں عمران خان نے کہا کہ اڈیالہ جیل میں قیدِ تنہائی کے باعث ان کا بلڈ پریشر خطرناک حد تک بڑھ چکا ہے۔ ان کے مطابق گذشتہ ہفتے ان کا بلڈ پریشر 192 اور 193 تک پہنچ گیا تھا اور ڈاکٹروں کے مطابق ایسی صورتِ حال میں برین ہیمرج اور دل کے دورے کا شدید خطرہ ہوتا ہے۔
سابق وزیرِ اعظم نے یہ بھی کہا کہ ان کا دل پہلے ہی متاثر ہو چکا ہے۔
خط میں عمران خان نے کہا کہ انھوں نے ہمیشہ اپنے خلاف مقدمات کا سامنا عدالتوں میں کیا اور قانون کا راستہ اختیار کیا۔ ان کے بقول انھوں نے کبھی طبی بنیادوں پر ریلیف لینے کی کوشش نہیں کی۔
انھوں نے لکھا کہ ان کی مختلف اپیلیں زیرِ التوا ہیں، تاہم طبی صورتحال اور بنیادی حقوق کے معاملات کو نظرانداز کیا جا رہا ہے۔
عمران خان نے کہا کہ القادر ٹرسٹ کیس میں سزا کے خلاف ان کی اپیل کو دیگر مقدمات کے فیصلوں کے خلاف دائر اپیلوں سے پہلے سماعت کے لیے مقرر کیا جا رہا ہے، جبکہ ان کی صحت، ان کی اہلیہ کی بینائی اور سپریم کورٹ کے احکامات پر عملدرآمد کو ترجیح نہیں دی جا رہی۔

انھوں نے دعویٰ کیا کہ جیل مینول، جیل قواعد اور آئینی حقوق کی کھلم کھلا خلاف ورزی کی جا رہی ہے۔
سابق وزیرِ اعظم نے اپنے خط میں لکھا کہ انھوں نے اپنی زندگی ہسپتال بنانے اور غریبوں کو مفت علاج فراہم کرنے کے لیے وقف کی اور آج وہ اپنے اور اپنی اہلیہ کے لیے صرف طبی علاج اور انصاف کا مطالبہ کر رہے ہیں۔
عمران خان کے مطابق وہ کوئی خصوصی رعایت نہیں چاہتے بلکہ صرف سپریم کورٹ کے احکامات پر عملدرآمد اور مناسب طبی سہولیات کی فراہمی کے خواہاں ہیں۔
انھوں نے خط میں لکھا کہ ’میں زندہ رہوں گا تو ہی اپنی بے گناہی ثابت کر سکوں گا۔‘
خط کے اختتام پر سابق وزیرِ اعظم نے سپریم کورٹ، وفاقی آئینی عدالت اور اسلام آباد ہائی کورٹ کے چیف جسٹس صاحبان سے اپیل کی کہ دیر ہونے سے پہلے انھیں انصاف فراہم کیا جائے۔
بشریٰ بی بی کی درخواست
دوسری جانب سابق وزیر اعظم عمران خان کی اہلیہ بشریٰ بی بی نے اپنی صحت کے معاملے پر اسلام آباد ہائی کورٹ میں ایک درخواست دائر کی ہے، جس میں استدعا کی گئی ہے کہ انھیں ہسپتال منتقل کیا جائے۔
بشریٰ بی بیکے وکلا سلمان صفدر اور سردار لطیف کھوسہ کے تو سط سے دائر کی گئی درخواست میں کہا گیا ہے کہ ان کی سرجری کے لیے تمام سہولیات بروقت فراہم کی جائیں اور ضروری نگہداشت و علاج کی غرض سے فوری طور پر کسیمستند ہسپتال منتقل کرنے کے انتظامات کیے جائیں۔
بشریٰ بی بی کے وکلانے اپنی درخواست میں 11 نومبر کو اڈیالہ جیل میں ہونے والی ملاقات کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ بشریٰ بی بی نے 15 نومبر کو ممکنہ آنکھ کی سرجری سے متعلق بھی آگاہ کیا کیونکہ بشری بی بی کو دیکھنے میں مشکلات کا سامنا تھا۔
اس درخواست میں کہا گیا ہے کہ آنکھوں میں تکلیف میں شکایت کے سات سے آٹھ دن بعد جیل میں ڈاکڑ نے طبی معائنہ کیا اور بشری بی بی کے مطابق ڈاکڑ نے بتایا کہ ان کی ’پیچیدہ‘ سرجری ہوگی۔
درخواست میں اس بات کا بھی ذکر کیا گیا ہے کہ بشریٰ بی بی آنکھ کی بینائی سے بھی محروم ہو سکتی ہیں۔
درخواست میں 11 نومبر 2026 کو اڈیالہ جیل میں وکلا اور بشریٰ بی بی کے درمیان ہونے والی ملاقات کی تفصیلی رپورٹ بھی عدالت میں جمع کروائی گئی ہے۔
اس درخواست میں کہا گیا ہے کہبشریٰ بی بی راولپنڈی کی اڈیالہ جیل کے جس بڑے ہال نما کمرے میں قید ہیں وہاں صفائی کے انتہائی ناقص انتظامات ہیں اور انکے کمرے میں حشرات، لال بیگ اور سنڈیاں موجود ہیں۔
درخواست میں اس بات کا بھی ذکر کیا گیا ہے کہ ماضی میں کمرے سے 7 چھوٹے سانپ نکلنے کے بعد وہ حصے سیمنٹ سے بند کیے گئے۔
درخواست میں اس بات کا بھی ذکر کیا گیا ہے کہ ناقص صفائی و حشرات کے کاٹنے کے خطرے کے پیشِ نظر آپریشن کے بعد انفیکشن سے مستقل بینائی جانے کا شدید خطرہ ہے۔
درخواست میں استدعا کی گئی ہے کہ بشریٰ بی بی کا مکمل طبی ریکارڈ طلب کیا جائےاور انھیں بروقت مناسب طبی علاج فراہم کرتے ہوئے انھیںفوری طور پر کسی خصوصی ہسپتال منتقل کیا جائے۔