سندھ کے سینئر وزیر اور صوبائی وزیر برائے اطلاعات، ٹرانسپورٹ و ماس ٹرانزٹ شرجیل انعام میمن نے کہا ہے کہ گنیز بک آف ورلڈ ریکارڈ میں پاکستان کا نام سندھ حکومت کی کوششوں اور چیئرمین پاکستان پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری کے وژن کی بدولت شامل ہوا ہے، جس کے تحت سیلاب متاثرین کے لیے دنیا کے سب سے بڑے رہائشی منصوبے میں دس لاکھ سے زائد گھر مکمل ہوئے جبکہ مزید سات لاکھ پر کام جاری ہے۔
کراچی میں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے شرجیل انعام میمن نے بتایا کہ دو ارب ڈالر سے زائد لاگت کے اس منصوبے میں گھروں کے مالکانہ حقوق خواتین کو دیے جا رہے ہیں اور 42 ہزار 565 ویلج ری کنسٹرکشن کمیٹیوں میں خواتین کی 42 فیصد نمائندگی یقینی بنائی گئی ہے، جبکہ مالی امداد براہ راست متاثرین کے بینک اکاؤنٹس میں منتقل کی جا رہی ہے۔
انہوں نے صوبے میں جاری ترقیاتی و بحالی کے کاموں کی تفصیلات بتاتے ہوئے کہا کہ سندھ میں 25 لاکھ 10 ہزار افراد کو سیلاب سے تحفظ فراہم کیا گیا، 205 کلومیٹر طویل حفاظتی پشتے اور منچھر جھیل کا 30 کلومیٹر طویل حفاظتی بند دوبارہ تعمیر کیا گیا جبکہ 12 اضلاع میں ایک لاکھ 57 ہزار ہیکٹر زرعی زمین دوبارہ قابلِ کاشت بنائی گئی ہے۔ ان کا مزید کہنا تھا کہ سکھر بیراج کے تمام 44 اور گڈو بیراج کے 65 میں سے 54 گیٹس تبدیل کر دیے گئے ہیں، 2027ء تک تمام بیراجوں کو خودکار نظام پر منتقل کرنے کا ہدف ہے، اور 4 ہزار 137 کلومیٹر طویل نہری شاخوں کو پختہ کر کے 4 ہزار 137 کیوسک پانی بچایا جا رہا ہے۔
سیاسی صورتحال اور ایم کیو ایم پر تنقید کرتے ہوئے سینئر وزیر نے کہا کہ فارم 47 کی پیداوار جماعتیں پروپیگنڈا کر رہی ہیں اور ایم کیو ایم بلدیاتی انتخابات سے بھاگ گئی تھی۔ انہوں نے الزام عائد کیا کہ ماضی میں کراچی کے اداروں کو تباہ کیا گیا اور آج بھی وہی جماعت الطاف حسین کے نقش قدم پر چل رہی ہے، تاہم کراچی میں دوبارہ دہشت گردی اور خوف کی سیاست نہیں کرنے دی جائے گی۔
نئے صوبوں اور ریفرنڈم کے حوالے سے بات کرتے ہوئے شرجیل انعام میمن نے واضح کیا کہ آئینِ پاکستان کے تحت نیا صوبہ متعلقہ صوبائی اسمبلی کی اکثریت سے ہی بن سکتا ہے اور آئین میں ریفرنڈم کی کوئی قانونی حیثیت نہیں ہے، جبکہ سندھ اسمبلی اس معاملے پر اپنا فیصلہ پہلے ہی دے چکی ہے۔
مختلف سوالات کے جوابات دیتے ہوئے انہوں نے کہا کہ وفاقی وزیر محسن نقوی سمیت ہر شخص کو اپنی رائے دینے کا حق حاصل ہے اور اختلافِ رائے پر کسی کے خلاف فتوے جاری نہیں کیے جاسکتے، تاہم لسانی بنیادوں پر نفرت اور تقسیم پھیلانے کی اجازت نہیں دی جائے گی۔ جلسوں کے حوالے سے ان کا کہنا تھا کہ کسی بھی جماعت کو جلسے کے لیے پہلے حکومت سے اجازت لینی ہوگی اور جگہ و تاریخ کا تعین حکومت کرے گی۔ انہوں نے مزید بتایا کہ کراچی میں الیکٹرک اور ڈبل ڈیکر بسیں لائی جا رہی ہیں اور بی آر ٹی منصوبوں پر کام جاری ہے، جبکہ پیپلز پارٹی کے دور میں کوئی سیاسی قیدی نہیں بنایا گیا۔