مقبول پاکستانی ڈرامے ’درِ نجات‘ میں زریاب کے والد کا کردار نبھانے والے اداکار فاران طاہر کا کہنا ہے کہ کس باپ کا دل یہ دیکھ کر نرم نہیں ہوگا کہ کوئی اس کی بیٹی کی تکلیف میں اسے سنبھال لے۔

مقبول پاکستانی ڈرامے ’درِ نجات‘ میں زریاب کے والد کا کردار نبھانے والے اداکار فاران طاہر کا کہنا ہے کہ کس باپ کا دل یہ دیکھ کر نرم نہیں ہوگا کہ کوئی اس کی بیٹی کی تکلیف میں اسے سنبھال لے۔
’کس والد یا والدہ کا دل نرم نہیں ہوگا اگر ان کی بیٹی تڑپ رہی ہو اور کوئی آکر اس کو کسی نہ کسی طرح سہارا دے کر کام ڈاؤن کردے۔‘
اس وقت اگر کسی پاکستانی ڈرامے نے دنیا بھر میں دھوم مچائی ہوئی ہے تو وہ ہے ’درنجات‘. یہ ڈرامہ صرف پاکستان میں ہی نہیں بلکہ انڈیا، بنگلہ دیش اور مشرقِ وسطیٰ کے ممالک میں بھی دیکھا اور پسند کیا جا رہا ہے۔ خاص طور پر ابوبکر کا کردار جو اداکار شہریار منور نبھا رہے ہیں۔
اداکارہ درفشاں کے کردار زریاب اور ابوبکر کے درمیان بڑھتی ہوئی نزدیکیاں اس وقت ہر گفتگو کا موضوع بنی ہوئی ہیں۔
البتہ جن اقساط میں ابوبکر اور زریاب کی شادی کے فیصلے پر گفتگو ہوئی، عوام کا کہنا تھا کہ زریاب اس کے لیے تیار نہیں ہے۔ اس کی ذہنی حالت اس فیصلے کے لیے درست نہیں۔ ناظرین نے یہ سوال بھی اٹھایا کہ اس کے ماں باپ نے کیسے اپنی دکھی بیٹی کو کسی نئے شخص کے حوالے کر دیا۔
’ابوبکر کے کردار کا جو اثر زریاب پر ہے وہ بہت سکون بخش ہے۔ والدین کے نظریے سے دیکھیں تو اگر ایک انسان اس کی زندگی میں ایسا آ رہا ہے جو اس کی زندگی میں تھوڑا سکون لا رہا ہے تو یہ اچھی بات ہے۔‘
ابوبکر کے کردار کی مقبولیت اور اس کے غیر حقیقی طور پر اچھے ہونے پر فاران کا کہنا ہے کہ ہم ایک کہانی سنا رہے ہیں جس میں ایک کردار ہے جو اچھائی کی طرف جاتا ہے۔
’یہ کوئی ڈاکیومنٹری نہیں ہے‘
’ابوبکر کے اندر بھی چوائسز ہیں۔ انسان ہے وہ۔ کیا اس کے اندر برائی کا پہلو نہیں ہے؟ بالکل ہے۔'
’ڈرامے کا پیغام یہ نہیں ہے کہ بیٹیوں کے ساتھ سختی کریں اور بیٹوں کو کھلا چھوڑ دیں۔‘
ڈرامے کی ابتدائی اقساط میں زریاب کے ماں باپ کی پرورش پر بھی سوال اٹھایا گیا۔ بہت سے لوگوں نے کہا کہ یہ کیسے ماں باپ ہیں جن کی بیٹی آدھی رات کو گھر سے نکل جاتی ہے اور انھیں اس بات کا علم تک نہیں ہوتا۔ اور علم ہونے کے بعد بھی وہ سکون کی نیند سو جاتے ہیں۔
فاران طاہر نے بی بی سی کے ساتھ خصوصی گفتگو میں بتایا کہ ان کے ذاتی نظریات اس پرورش سے مختلف ہیں۔
’میرا خیال ہے کہ بچوں پر بھروسہ کرنا لازمی ہے لیکن بچوں کی رہنمائی کرنا بھی لازمی ہے۔ بچوں کو ایک نظام دینا بھی لازمی ہے۔‘
اُنھوں نے کہا کہ دلچسپ بات یہ ہے کہ لوگ یہ نہیں کہہ رہے کہ ایسا کہاں ہوتا ہے۔ جس کا مطلب ہے کہ ایسا ہوتا ہے اور ایسا ہو رہا ہے۔
ڈرامہ سیریل ’درنجات‘ میں شروعات سے ہی مذہب کا کافی ذکر رہا ہے۔ چاہے وہ قرآن کی تلاوت ہو، نماز ادا کرنا ہو، لباس سے منسلک ہو یا طور طریقوں سے۔
فاران جو کافی عرصہ امریکہ میں رہے ہیں اور کئی ہالی وڈ پروجیکٹس میں کام کر چکے ہیں ان کے لیے مذہب اور اخلاقیات کے گرد گھومنے والی یہ گفتگو کیسی ہے؟
’کچھ جگہیں ہیں جہاں پر مجھے یہ خدشہ ہو جاتا ہے کہ لوگ یہ نہ سمجھیں کہ ہم کہہ رہے ہیں کہ صرف لڑکیوں کو اس طرح تربیت دینی ہے کیونکہ کہانی میں میری تین بیٹیاں ہیں۔‘
ان کا کہنا ہے کہ ڈرامے کا پیغام یہ نہیں ہے کہ ’بیٹیوں کے ساتھ اس طرح پیش آؤ اور بیٹوں کو کھلا چھوڑ دو۔ یہ بات ہو رہی ہے بچوں کی تربیت کی۔‘
’ہم یہ نہیں کہہ رہے کہ زامل نے جو کیا وہ ٹھیک ہے اور سارا نزلہ آ کر گرا زریاب پر.‘
’درِنجات کو ملنے والا ردعمل میرے لیے نیا ہے‘
’درنجات‘ کی مقبولیت عام بات نہیں ہے۔ اس ڈرامے کا شمار پاکستان کے ان چند ڈراموں میں ہوتا ہے جنھوں نے پاکستان سے باہر بھی پذیرائی حاصل کی۔ بلکہ اس ڈرامے نے کئی نئے ریکارڈز بھی قائم کیے۔
فاران کا کہنا ہے کہجو ردعمل سوشل میڈیا پر ڈرامے کو مل رہا ہے اسے وہ تھوڑا بہت فالو کر رہے ہیں۔
’لوگوں کو ایک بات پسند آئی جس کی مجھے بہت خوشی ہے کہ آپ ڈرامے میں اپنی والدہ سے بہت تمیز سے بات کرتے ہیں۔ میں سوچنے لگا کہ کیا باقی لوگ ایسے بات نہیں کرتے۔‘
فاران نے بی بی سی کو بتایا کہ جب ڈرامے میں حبیب کی والدہ کو اس کے شراب پینے والی بات کا علم ہوا تب عوام کی طرف سے دو مختلف نظریے سامنے آئے۔
’کچھ لوگوں کے لیے شراب پینا عام بات تھی اور کچھ کے لیے بہت بڑی بات تھی۔‘
فاران کا کہنا ہے کہ جس قسم کا ردعمل ’درنجات‘ کو ملا ہے وہ ان کے لیے نیا ہے۔
’یہاں پہ اب ٹی وی سیریلزکرنے سے جو فائدہ مجھے ہو رہا ہے وہ یہ ہے کہ جو جو لوگ ہمارا کانٹینٹ دیکھتے ہیں یا جن لوگوں سے شاید میری اتنی جان پہچان نہیں تھی اب بڑھ رہی ہے۔‘
’لازمی نہیں کہ امریکہ میں بیٹھ کر جو کام کریں وہی اچھا ہو‘
فاران طاہر گذشتہ کئی سالوں سے امریکہ میں رہ رہے ہیں۔ اُنھوں نے ’جنگل بک‘، ’آئرن مین‘ اور ’سٹار ٹریک‘ جیسے مقبول پروجیکٹس میں کام کیا ہے۔ اس کے ساتھ ہی وہ وقتاً فوقتاً پاکستان آتے رہے ہیں اور تھوڑا بہت کام بھی کرتے رہے ہیں۔
البتہ گذشتہ ایک دو سالوں میں اُنھوں نے پاکستان میں معمول سے زیادہ کام کیا۔ اس سال وہ ڈرامہ سیریل ’لیڈر‘ اور حال ہی میں ختم ہونے والے ڈرامے ’بس تیرا ساتھ ہو‘ کا بھی حصہ رہے۔
ان کا تعلق اداکاروں کے گھرانے سے رہا ہے۔ ان کے والد نعیم طاہر، والدہ یاسمین طاہر اور بھائی علی طاہر بھی اداکاری سے منسلک رہے ہیں۔
’ایک خاص قسم کا لگاؤ اس انڈسٹری سے ہمیشہ سے رہا ہے لیکن ذرا دور سے۔ اب ایک تو انڈسٹری بھی گلوبل ہو گئی ہے۔ لازمی نہیں ہے کہ ہم صرف امریکہ میں بیٹھ کرجو کام کریں وہی اچھا ہو۔ جو میں نے اپنے اپ کو سمجھایا وہ بس یہ ہے کہ دو انڈسٹریز کا موازنہ نہ کرو۔‘
البتہ فاران کا کہنا ہے کہ امریکہ میں کام بہت ترتیب سے ہوتا ہے۔
’اگر آپ کا کال ٹائم صبح ساڑھے چار بجے ہے تو ساڑھے چار بجے ہی ہے چاہے آپ اے لسٹ اداکار ہوں یا زی لسٹ۔‘
اُنھوں نے بتایا کہ امریکہ میں پورے شو کا سکرپٹ دو ہفتے پہلے مل جاتا ہے، یہاں پر کئی دفعہ ایسا ہوتا ہے کہ سکرپٹ سیٹ پر پہنچنے کے بعد ملتا ہے اور کہا جاتا ہے کہ اپنی لائنز یاد کر لیں۔
’جب پوچھیں کہ کون سا سین ہے تو معلوم ہوتا ہے کہ وہ جس میں مجھے کینسر ہو جاتا ہے یا میری امی کی وفات ہو جاتی ہے۔ یہ سینز کر تو آپ لیتے ہیں لیکن اپنا بہترین نہیں دے پاتے.‘
سال 2027 میں فاران پاکستانی فلم ’انسپیکٹر جمشید‘ میں نظر آئیں گے۔ یہ فلم اشتیاق احمد کی ناول سیریز پر مبنی ہے جس میں فاران برکی کا کردار نبھا رہے ہیں۔