وفاقی وزیر توانائی سردار اویس احمد خان لغاری سے ترکمانستان کے وزیر توانائی اناگیلدی ساپاروف نے ملاقات کی، جس میں دوطرفہ توانائی تعاون، علاقائی گرڈ کنیکٹیویٹی اور ترکمانستان، افغانستان، پاکستان (ٹاپ) پاور ٹرانسمیشن منصوبے سمیت مختلف امور پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔
ملاقات میں وفاقی وزیر اویس لغاری نے ترکمانستان کے وزیر توانائی کو کاسا-1000 منصوبے کا حصہ بننے کی دعوت دی۔ انہوں نے کہا کہ تاجکستان اور کرغزستان کو کاسا-1000 ٹرانسمیشن لائن کو ازبکستان اور ترکمانستان تک توسیع دینے کی ترغیب دی گئی ہے۔
اویس لغاری نے کہا کہ گوادر میں مستقبل کی صنعتی اور تجارتی سرگرمیوں کے باعث بجلی کی طلب میں غیر معمولی اضافے کی توقع ہے، اس لیے ایران اور ترکمانستان باہمی اشتراک سے ایرانی گرڈ کے ذریعے گوادر کو بجلی کی فراہمی بڑھانے کے امکانات کا جائزہ لیں۔ انہوں نے کہا کہ ایران کے راستے بجلی کی ترسیل بڑھانے کے امکانات کا جائزہ لینے کے لیے دونوں ممالک کے ماہرین پر مشتمل مشترکہ گروپ تشکیل دیا جا سکتا ہے۔
وفاقی وزیر نے کہا کہ پاکستان علاقائی توانائی منڈیوں کے انضمام اور عوام کو سستی بجلی کی فراہمی کے لیے پرعزم ہے۔ ٹاپ اور کاسا-1000 منصوبوں کی کامیابی کے لیے معاشی اور مالیاتی پہلوؤں کو مدنظر رکھنا انتہائی ضروری ہے۔
اویس لغاری نے کہا کہ پاکستان اس وقت بجلی کی پیداوار میں سرپلس پوزیشن میں ہے اور مسابقتی توانائی منڈی متعارف کروا رہا ہے۔ کاسا-1000 منصوبے کو یکطرفہ کے بجائے دوطرفہ بنانے سے اس کی معاشی اور مالیاتی پائیداری میں اضافہ ہوگا۔
انہوں نے بتایا کہ ٹاپ منصوبے کے سات بنیادی ڈیٹا سیٹس میں سے پاکستان تین فراہم کر چکا ہے، تاہم ترکمانستان کی جانب سے بھی مطلوبہ معلومات کے تبادلے میں تیزی لانے کی ضرورت ہے۔ وفاقی وزیر نے تکنیکی ورکنگ گروپس کا اجلاس جلد طلب کرکے چند ہفتوں میں واضح روڈ میپ مرتب کرنے کی ہدایت کی۔
ترکمانستان کے وزیر توانائی اناگیلدی ساپاروف نے ٹاپ پاور ٹرانسمیشن منصوبے کی تکمیل کے لیے اپنے ملک کے پختہ عزم کا اعادہ کرتے ہوئے کہا کہ ترکمانستان منصوبے کے لیے مطلوبہ ڈیٹا جلد فراہم کرے گا اور ٹاپ منصوبے سے متعلق امور ذاتی نگرانی میں حل کرائیں گے۔
اناگیلدی ساپاروف نے کہا کہ ٹاپ منصوبے کے ذریعے خطے کے 30 کروڑ سے زائد عوام کو بجلی فراہم کی جا سکے گی۔ ترکمانستان افغانستان تک ٹرانسمیشن لائن بچھانے کا کام مکمل کر چکا ہے۔
ملاقات میں افغانستان سے کوئٹہ تک تقریباً 1,150 کلومیٹر طویل منصوبے کے باقی مراحل اور فزیبلٹی کا جائزہ تکنیکی ورکنگ گروپ کے ذریعے لینے پر اتفاق کیا گیا۔
فریقین نے ٹاپ منصوبے سے متعلق تکنیکی مسائل کے حل اور فزیبلٹی اسٹڈی کی تکمیل کے لیے فوکل پرسنز کے درمیان باقاعدہ رابطہ جاری رکھنے پر بھی اتفاق کیا۔