پاکستان اور مالدیپ نے دوطرفہ تجارت کے فروغ، بندرگاہوں کے درمیان روابط بہتر بنانے اور بحری شعبے میں تعاون بڑھانے کیلئے مشترکہ ورکنگ گروپ قائم کرنے پر اتفاق کیا ہے۔
اس حوالے سے وفاقی وزیر برائے بحری امور محمد جنید انوار چوہدری اور مالدیپ کے وزیر برائے اقتصادی ترقی، ٹرانسپورٹ و تجارت محمد سعید کے درمیان اعلیٰ سطح کا آن لائن اجلاس ہوا، جس میں دوطرفہ تجارت، ٹرانسپورٹ روابط، بحری تعاون اور سمندری معیشت میں سرمایہ کاری کے امکانات کا جائزہ لیا گیا۔
وفاقی وزیر محمد جنید انوار چوہدری نے کہا کہ پاکستان بندرگاہوں کے درمیان روابط میں بہتری، ادارہ جاتی تعاون اور کاروباری روابط کے فروغ کے ذریعے مالدیپ کے ساتھ دوطرفہ تجارت کا حجم 20 کروڑ ڈالر تک بڑھانے کا خواہاں ہے۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان مالدیپ کو چاول، چینی، پھل، سبزیاں، ادویات اور ٹیکسٹائل مصنوعات کی برآمدات بڑھانا چاہتا ہے، جس سے پاکستان کی برآمدی منڈیوں میں وسعت کے ساتھ مالدیپ کی تجارتی ضروریات بھی پوری ہوں گی۔
اجلاس میں وفاقی وزیر تجارت جام کمال خان، وزیراعظم کے مشیر برائے صنعت و پیداوار ہارون اختر خان اور متعلقہ وزارتوں کے اعلیٰ حکام نے شرکت کی۔
اجلاس میں مجوزہ مشترکہ ورکنگ گروپ کے قیام پر اتفاق کیا گیا، جس میں دونوں ممالک کے متعلقہ سرکاری اداروں اور اقتصادی شعبوں کے نمائندے شامل ہوں گے۔ ورکنگ گروپ تجارت کے نئے مواقع کی نشاندہی، باہمی تعاون کے ممکنہ شعبوں کا جائزہ اور تجارت و سرمایہ کاری کے فروغ کیلئے تجاویز مرتب کرے گا۔
دونوں فریقین نے اشیا کی نقل و حمل آسان بنانے، بندرگاہوں کے درمیان براہ راست اور مؤثر روابط قائم کرنے، متعلقہ اداروں کے درمیان رابطہ کاری بہتر بنانے اور کاروباری اداروں کے باہمی روابط بڑھانے پر بھی زور دیا۔
اجلاس میں طے پایا کہ وفاقی وزیر برائے بحری امور کی سربراہی میں پاکستان کا ایک وفد جلد مالدیپ کا دورہ کرے گا۔ وفد میں متعلقہ اقتصادی اور صنعتی شعبوں کے نمائندے شامل ہوں گے، جو تجارتی امکانات کا جائزہ لینے اور عملی تعاون کے نئے راستے تلاش کریں گے۔
محمد جنید انوار چوہدری نے کہا کہ اس اقدام کا مقصد مالدیپ کے ساتھ پاکستان کے اقتصادی روابط کو مزید مضبوط بنانا، دوطرفہ تجارت میں اضافہ، بحری روابط بہتر کرنا اور نیلی معیشت کے شعبے میں تعاون کو فروغ دینا ہے۔