حافظ آباد میں سابق وفاقی وزیر چوہدری لیاقت عباس بھٹی کی لاش ان کی رہائش گاہ سے برآمد ہوئی ہے، جسے پولیس نے مشکوک قرار دیتے ہوئے تحقیقات کا آغاز کر دیا ہے۔
ڈی پی او فواد احمد کے مطابق سابق وفاقی وزیر اپنے کمرے میں مردہ حالت میں ملے۔ پولیس حکام نے بتایا ہے کہ مقتول کے سیکیورٹی گارڈز ان کی ذاتی گاڑیاں لے کر فرار ہو چکے ہیں، جبکہ گھر سے ان کا ذاتی اسلحہ بھی غائب ہے۔
دوسری جانب آر پی او خرم شہزاد کا کہنا ہے کہ لیاقت بھٹی کی لاش رہائش گاہ سے ملحقہ ڈیرے کے کمرے سے ملی ہے اور ان کی گردن پر رسی کے واضح نشانات موجود ہیں۔ ابتدائی تفتیش میں شبہ ظاہر کیا جا رہا ہے کہ اس واقعے میں ان کے ذاتی ملازمین اور سیکیورٹی اہلکار ملوث ہو سکتے ہیں۔
کرائم سین یونٹ اور فرانزک ٹیموں نے جائے وقوعہ سے ضروری شواہد اکٹھے کر لیے ہیں، جبکہ پولیس کی جانب سے مفرور ملازمین کی گرفتاری اور غائب ہونے والی گاڑیوں کی برآمدگی کے لیے چھاپے مارے جا رہے ہیں۔