امریکی سینیٹ نے ایران کے خلاف جاری جنگ روکنے اور صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے جنگی اختیارات محدود کرنے سے متعلق قرارداد مسترد کردی۔
قرارداد کے حق میں 48 جبکہ مخالفت میں 51 ووٹ ڈالے گئے، جس کے بعد ٹرمپ انتظامیہ کی جنگی پالیسی کو سینیٹ میں ایک بار پھر حمایت حاصل ہوگئی۔
ووٹنگ کے دوران ڈیموکریٹ سینیٹر جان فیٹر مین نے اپنی جماعت کے برعکس قرارداد کی مخالفت کی، جبکہ ری پبلکن سینیٹرز سوزن کولنز، رینڈ پال اور لیزا مرکوسکی نے قرارداد کے حق میں ووٹ دیا۔
فروری میں ایران کے خلاف امریکا اور اسرائیل کے مشترکہ حملوں کے بعد سے ڈیموکریٹس مسلسل جنگی اختیارات محدود کرنے کی قراردادیں پیش کر رہے ہیں۔ ان کا مؤقف ہے کہ صدر کو کانگریس کی منظوری کے بغیر جنگ جاری رکھنے کا اختیار نہیں ہونا چاہیے۔
اس سے قبل امریکی ایوان نمائندگان ستمبر میں قرارداد منظور کرچکا تھا، تاہم سینیٹ میں ناکامی کے باعث جنگ روکنے کی تازہ کوشش بھی ناکام ہوگئی۔
ایران جنگ امریکی عوام میں بھی غیر مقبول رہی ہے، جبکہ پیٹرول اور ڈیزل کی قیمتوں میں اضافے نے حکومت کو سیاسی دباؤ سے دوچار کر رکھا ہے۔ نومبر کے وسط مدتی انتخابات میں ری پبلکن پارٹی کی دونوں ایوانوں میں شکست کی ایک بڑی وجہ ایران جنگ کو بھی قرار دیا جا رہا ہے۔