امریکی شہر نیویارک کے میئر ظہران ممدانی نے شہریوں کی مذہبی ضروریات کو مدنظر رکھتے ہوئے ایک اہم انتظامی حکم نامے پر دستخط کیے ہیں، جس کا مقصد سرکاری اداروں کے ذریعے فراہم کیے جانے والے کھانوں میں حلال اور کوشر غذا کی دستیابی کو بہتر بنانا ہے۔
ایگزیکٹو آرڈر 25 کے تحت نیویارک کے سرکاری اداروں کو ہدایت دی گئی ہے کہ وہ اپنے غذائی پروگراموں میں مختلف مذاہب سے تعلق رکھنے والے افراد کی ضروریات کا خیال رکھیں، تاکہ مسلمان اور یہودی شہری اپنے عقائد کے مطابق کھانا حاصل کرسکیں۔
نئے حکم نامے کے مطابق میئرز آفس آف فوڈ پالیسی کو 17 نومبر 2027 تک باقاعدہ رہنما اصول تیار کرنے کی ذمہ داری دی گئی ہے۔ ان اصولوں کے ذریعے سرکاری اداروں کو بتایا جائے گا کہ مذہبی غذائی پابندیوں پر عمل کرنے والے شہریوں کے لیے مناسب کھانے کیسے فراہم کیے جائیں۔
نیویارک میں ہر سال سرکاری پروگراموں کے تحت 22 کروڑ سے زائد کھانے اور اسنیکس تقسیم کیے جاتے ہیں۔ ان سے سرکاری اسکولوں کے طلبہ، اسپتالوں میں زیرِ علاج مریض، بزرگ شہری، پناہ گاہوں میں رہنے والے افراد اور دیگر ضرورت مند لوگ فائدہ اٹھاتے ہیں۔
اس اقدام کے تحت حلال اور کوشر کھانوں کی تصدیق کے لیے مستند اداروں کے معیارات مرتب کیے جائیں گے۔ اس کے علاوہ غذائی اشیا اور ان کے اجزا کی واضح معلومات فراہم کرنے اور شہریوں کی رائے جاننے کے لیے سالانہ سروے کرنے کا بھی منصوبہ ہے۔
میئر ظہران ممدانی نے اس فیصلے کی وضاحت کرتے ہوئے کہا کہ نیویارک کی حکومت کی جانب سے فراہم کیا جانے والا کھانا شہر میں بسنے والی مختلف کمیونٹیز کی ضروریات کے مطابق ہونا چاہیے۔
ان کا کہنا تھا کہ کسی بھی شہری کو صرف اس وجہ سے صحت بخش غذا سے محروم نہیں رہنا چاہیے کہ دستیاب کھانا اس کے مذہبی عقائد سے مطابقت نہیں رکھتا۔ حکومت کی ذمہ داری ہے کہ بچوں، بزرگوں اور دیگر ضرورت مند افراد کو ان کی روایات کا احترام کرتے ہوئے مناسب غذا فراہم کی جائے۔
صحت اور انسانی خدمات کی ڈپٹی میئر ڈاکٹر ہیلن آرٹیگا نے اس اقدام کو غذائی عدم تحفظ کے مسئلے سے نمٹنے کی جانب اہم پیش رفت قرار دیا، جبکہ فوڈ پالیسی کے ایگزیکٹو ڈائریکٹر سدھارتھ سانچیز کے مطابق نئی ہدایات سے شہریوں کا سرکاری غذائی پروگراموں پر اعتماد بڑھے گا۔
نیویارک سٹی پبلک اسکولز کے چانسلر قمر سیموئلز نے کہا کہ اسکولوں میں ہر بچے کو یہ احساس ہونا چاہیے کہ اس کی مذہبی اور ثقافتی روایات کا احترام کیا جاتا ہے۔
بزرگ شہریوں کے محکمے کی کمشنر ڈاکٹر لیزا اسکاٹ میکنزی نے بتایا کہ ان کا ادارہ سالانہ ایک کروڑ سے زائد کھانے فراہم کرتا ہے، اس لیے نئی پالیسی بزرگوں کی غذائی ضروریات پوری کرنے میں بھی مددگار ثابت ہوگی۔ جیلوں کے کمشنر اسٹینلے رچرڈز نے زیرِ حراست افراد کے لیے مستند حلال اور کوشر کھانوں کی فراہمی کے عزم کا بھی اظہار کیا۔
اس فیصلے کا نیویارک کی مسلم اور یہودی تنظیموں نے خیرمقدم کیا ہے۔ بروکلین کی سماجی تنظیم کونسل آف پیپلز آرگنائزیشن کے سربراہ محمد رضوی نے کہا کہ ان کا ادارہ گزشتہ 16 برسوں سے حلال غذا کی فراہمی کے لیے کام کر رہا ہے اور اب شہری حکومت کی اعلیٰ سطح پر اس ضرورت کو تسلیم کیا جانا خوش آئند ہے۔
مجلسِ شوریٰ آف میٹروپولیٹن نیویارک کے صدر امام عبداللہ نے بھی میئر ممدانی کا شکریہ ادا کرتے ہوئے حلال غذا کے معیار اور نگرانی کے لیے تعاون کی یقین دہانی کرائی۔
اس کے علاوہ مختلف مسلم، یہودی اور سماجی تنظیموں کے نمائندوں، جن میں اداما باہ، امام عبدالعزیز، ڈاکٹر ڈیبی المنتصر، ڈینیئل روزینتھل اور متعدد ربائی شامل ہیں، نے بھی اس اقدام کی حمایت کی۔
نئے حکم نامے کا بنیادی مقصد یہ یقینی بنانا ہے کہ نیویارک میں مالی مشکلات کا سامنا کرنے والے شہریوں کو کھانا حاصل کرنے کے لیے اپنے مذہبی اصولوں پر سمجھوتہ نہ کرنا پڑے۔ تاہم حلال اور کوشر غذا کی فراہمی سے متعلق تفصیلی معیارات آئندہ ایک سال کے دوران تیار کیے جائیں گے۔