10 ہزار روہنگیا مسلمانوں کا قتلِ عام، عالمی عدالت نے میانمار کو نسل کشی کا ذمہ دار قرار دے دیا

image

اقوام متحدہ کی اعلیٰ ترین عدالت نے روہنگیا مسلمانوں کے خلاف 2017 میں ہونے والی فوجی کارروائیوں سے متعلق اہم فیصلہ سناتے ہوئے میانمار کو نسل کشی کے ارادے سے کیے گئے مظالم کا ذمہ دار قرار دے دیا ہے۔ عدالت کے مطابق میانمار کی سیکیورٹی فورسز نے ہزاروں بے گناہ شہریوں کو قتل کیا اور روہنگیا آبادی کے ایک بڑے حصے کو ختم کرنے کی کوشش کی۔

نیدرلینڈز کے شہر دی ہیگ میں قائم عالمی عدالتِ انصاف کے صدر یوجی ایواساوا نے تقریباً تین گھنٹے تک جاری رہنے والی سماعت میں فیصلہ سنایا۔ عدالت کے مطابق دستیاب شواہد سے ظاہر ہوتا ہے کہ میانمار کی فوجی کارروائیوں کے دوران تقریباً 10 ہزار روہنگیا افراد جان سے گئے۔

فیصلے میں بتایا گیا کہ سیکیورٹی فورسز نے نہ صرف بڑے پیمانے پر قتل کیے بلکہ خواتین کے خلاف جنسی تشدد، بچوں پر سنگین مظالم اور جان بچا کر فرار ہونے والے شہریوں پر حملوں جیسے جرائم بھی کیے۔

عدالت نے قرار دیا کہ ان کارروائیوں کی نوعیت اور دستیاب شواہد سے یہ نتیجہ سامنے آتا ہے کہ میانمار کی فورسز کا مقصد روہنگیا اقلیت کے ایک بڑے حصے کو تباہ کرنا تھا۔ اسی بنیاد پر بعض مخصوص واقعات کو نسل کشی کے ارادے سے کی گئی کارروائیاں قرار دیا گیا۔

واضح رہے کہ 2017 میں میانمار کی ریاست راکھائن میں فوجی آپریشن کے بعد روہنگیا مسلمانوں کی بڑی تعداد اپنے گھر بار چھوڑنے پر مجبور ہوگئی تھی۔ اس دوران 7 لاکھ 30 ہزار سے زائد افراد نے جان بچانے کے لیے پڑوسی ملک بنگلادیش کا رخ کیا، جہاں انہیں پناہ گزین کیمپوں میں رہنا پڑا۔

یہ مقدمہ مغربی افریقی ملک گیمبیا نے 2019 میں عالمی عدالتِ انصاف میں دائر کیا تھا۔ گیمبیا کا مؤقف تھا کہ میانمار نے روہنگیا مسلمانوں کو منظم انداز میں نشانہ بنا کر 1948 کے نسل کشی کنونشن کی خلاف ورزی کی۔

گیمبیا نے عدالت سے مطالبہ کیا تھا کہ میانمار کو روہنگیا آبادی کے خلاف غیر قانونی کارروائیاں روکنے کا پابند بنایا جائے اور ان مظالم کے ذمہ دار افراد کے خلاف کارروائی یقینی بنائی جائے۔

دوسری جانب میانمار کی حکومت نے اپنے دفاع میں دعویٰ کیا تھا کہ فوجی آپریشن اراکان روہنگیا سالویشن آرمی کے جنگجوؤں کی جانب سے پولیس چوکیوں پر حملوں کے جواب میں شروع کیا گیا تھا۔

تاہم عالمی عدالتِ انصاف نے اس مؤقف کے باوجود قرار دیا کہ سیکیورٹی فورسز کے وسیع پیمانے پر کیے گئے مظالم سے نسل کشی کے ارادے کا نتیجہ اخذ ہوتا ہے۔ عدالت کے مطابق میانمار کی حکومت کو فوجی کارروائیوں کے دوران روہنگیا آبادی کو لاحق خطرات کا علم ہونا چاہیے تھا، لیکن وہ نسل کشی روکنے کی اپنی ذمہ داری پوری کرنے میں ناکام رہی۔

روہنگیا مسلمانوں کا انسانی بحران تقریباً ایک دہائی گزرنے کے باوجود ختم نہیں ہوسکا۔ اقوام متحدہ کے اعداد و شمار کے مطابق جنوبی اور جنوب مشرقی ایشیا میں 13 لاکھ سے زائد روہنگیا اب بھی بے گھر ہیں، جن میں سے تقریباً 12 لاکھ بنگلادیش کے علاقے کاکس بازار کے پناہ گزین کیمپوں میں زندگی گزار رہے ہیں۔

عالمی عدالت کا یہ فیصلہ روہنگیا مسلمانوں کے خلاف ہونے والے مظالم کی قانونی ذمہ داری کے تعین میں ایک اہم پیش رفت ہے۔ تاہم متاثرین کی بحفاظت واپسی، انصاف کی فراہمی اور ان کے بنیادی حقوق کا تحفظ اب بھی بڑے چیلنجز ہیں۔


Meta Urdu News: This news section is a part of the largest Urdu News aggregator that provides access to over 15 leading sources of Urdu News and search facility of archived news since 2008.

Follow US