اسلامی یونیورسٹی میں آوارہ کتے کے کاٹنے سے طالب علم کی ہلاکت کے واقعے کے بعد وفاقی دارالحکومت میں آوارہ کتوں کے خلاف کارروائی کا معاملہ اسلام آباد ہائیکورٹ پہنچ گیا۔ عدالت نے چیئرمین سی ڈی اے اور چیف کمشنر اسلام آباد کو درخواست پر سماعت کے بعد فیصلہ کرنے کی ہدایت کردی۔
اسلام آباد ہائیکورٹ کے جسٹس ایاز شوکت نے درخواست پر سماعت کی۔ درخواست سجاد بلوچ ایڈووکیٹ نے ذاتی حیثیت میں دائر کی تھی۔
دوران سماعت درخواست گزار کے وکیل نے مؤقف اختیار کیا کہ اسلامی یونیورسٹی میں آوارہ کتے کے کاٹنے سے ایک طالب علم جاں بحق ہوچکا ہے۔ پاکستان نے ورلڈ آرگنائزیشن فار اینیمل ہیلتھ کے ساتھ معاہدے پر دستخط کر رکھے ہیں، یہ عالمی تنظیم آوارہ کتوں کو کنٹرول کرنے کے لیے کام کرتی ہے۔
وکیل نے کہا کہ اسلام آباد انتظامیہ آوارہ کتوں کی روک تھام اور کنٹرول کے لیے مذکورہ عالمی تنظیم سے بھی معاونت حاصل کرسکتی ہے۔ انہوں نے استدعا کی کہ وفاقی دارالحکومت میں آوارہ کتوں کے خلاف مؤثر کارروائی کا حکم دیا جائے۔
اس موقع پر جسٹس ایاز شوکت نے ریمارکس دیے کہ اس معاملے پر ہدایات جاری کردیتے ہیں تاکہ مسئلے کا جلد سدباب ہوسکے۔
عدالت نے درخواست چیئرمین سی ڈی اے اور چیف کمشنر اسلام آباد کو بھجواتے ہوئے ہدایت کی کہ وہ معاملے کا جائزہ لے کر درخواست پر فیصلہ کریں۔