پاکستان اور ترکیہ نے سمندر میں تیل و گیس کی تلاش، اہم معدنی ذخائر کی ترقی اور توانائی کے شعبے میں دوطرفہ تعاون کو فروغ دینے کے لیے اہم معاہدوں پر دستخط کردیے۔
ترکیہ کا جدید سیسمک تحقیقی بحری جہاز اورچ رئیس بھی کراچی پہنچ گیا، جو پاکستانی سمندری حدود میں تقریباً 670 مربع کلومیٹر کے علاقے کا سروے کرکے زیرِ سمندر تیل و گیس کے ممکنہ ذخائر کی نشاندہی میں معاونت کرے گا۔
ترک تحقیقی جہاز کی کراچی بندرگاہ آمد پر استقبالیہ تقریب کا انعقاد کیا گیا، جس میں نائب وزیراعظم اسحاق ڈار، ترکیہ کے وزیر توانائی الپرسلان بیرکتار، وفاقی وزیر پیٹرولیم اور گورنر سندھ سمیت دیگر حکام نے شرکت کی۔ اس موقع پر دونوں ممالک کے درمیان توانائی اور معدنیات کے شعبوں میں تعاون کے مختلف معاہدوں پر دستخط کیے گئے۔
معاہدوں کے تحت پاکستان منرل ڈویلپمنٹ کارپوریشن اور ترکیہ کی ایم ٹی اے انٹرنیشنل کے درمیان بلوچستان کے ضلع پشین میں اینٹیمونی کے ذخائر کی ترقی کے لیے شیئر ہولڈرز معاہدہ طے پایا، جبکہ ماری منرلز اور ترکیہ کی ایم ٹی اے آئی سی کے درمیان چاغی بلوچستان میں تانبے، سونے اور دیگر معدنی ذخائر کی تلاش اور ترقی کے لیے مشترکہ منصوبے کا معاہدہ کیا گیا۔
اس کے علاوہ جیولوجیکل سروے آف پاکستان، ترکیہ کے ایم ٹی اے اور ایم ٹی اے آئی سی کے درمیان سہ فریقی مفاہمتی یادداشت پر بھی دستخط ہوئے، جس کے تحت تکنیکی مہارت کے تبادلے اور معدنی وسائل کی ترقی کے لیے استعداد کار بڑھانے پر اتفاق کیا گیا۔
تقریب سے خطاب کرتے ہوئے نائب وزیراعظم اسحاق ڈار نے کہا کہ پاکستان اور ترکیہ کے تعلقات تاریخی دوستی اور مشترکہ اقدار پر مبنی ہیں، اب وقت آگیا ہے کہ اس دوستی کو عملی اقتصادی منصوبوں اور عوام کے لیے ترقی کے مواقع میں تبدیل کیا جائے۔
انہوں نے کہا کہ 87 میٹر طویل تحقیقی جہاز اورچ رئیس جدید سیسمک اور صوتی آلات سے لیس ہے، جو سمندر کی تہہ میں موجود چٹانوں اور ارضیاتی ساخت کا جائزہ لے گا۔ حاصل ہونے والے ڈیٹا کی بنیاد پر زیرِ سمندر کی سہ جہتی تصاویر تیار کی جائیں گی، جس سے تیل و گیس کے ممکنہ ذخائر کی تلاش اور مستقبل میں کھدائی کے امکانات کا تعین کیا جاسکے گا۔
اسحاق ڈار کے مطابق ترک حکام نے سروے کی تکمیل کے لیے پانچ سے چھ ماہ کا وقت دیا ہے۔ انہوں نے امید ظاہر کی کہ یہ تحقیقی مشن پاکستان کے لیے تیل و گیس کے نئے ذخائر کی دریافت کی نوید ثابت ہوگا، تاہم انہوں نے واضح کیا کہ سیسمک سروے سے ذخائر کی موجودگی کی ضمانت نہیں ملتی بلکہ یہ مستقبل میں تلاش کے لیے بنیادی سائنسی معلومات فراہم کرتا ہے۔
نائب وزیراعظم نے کہا کہ پاکستانی ماہرینِ ارضیات اور انجینیئرز ترک ماہرین کے ساتھ مل کر کام کریں گے، جبکہ دونوں ممالک کی جامعات اور تحقیقی اداروں کے درمیان بھی تعاون کو فروغ دیا جائے گا۔
انہوں نے ترک سرمایہ کاروں کو پاکستان میں سرمایہ کاری کی دعوت دیتے ہوئے یقین دہانی کرائی کہ حکومت اہم منصوبوں میں ہر ممکن سہولت فراہم کرے گی اور اداروں کے درمیان رابطوں کو مؤثر بنایا جائے گا تاکہ سرمایہ کاری کے منصوبوں میں غیر ضروری تاخیر سے بچا جاسکے۔
اسحاق ڈار نے سمندری سرگرمیوں کے دوران بحری تحفظ اور ماحولیاتی معیارات کی پاسداری کو بھی ناگزیر قرار دیا۔
دوسری جانب تقریب سے خطاب کرتے ہوئے ترکیہ کے وزیر توانائی الپرسلان بیرکتار نے کہا کہ پاکستان اور ترکیہ کے درمیان توانائی کے شعبے میں تعاون کے وسیع امکانات موجود ہیں اور دونوں ممالک کے تعلقات ایک نئے اقتصادی دور میں داخل ہورہے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان اور ترکیہ مشترکہ تاریخ، اقدار اور برادرانہ تعلقات کے مضبوط رشتے میں بندھے ہوئے ہیں۔ توانائی کے شعبے میں باہمی تعاون دونوں ممالک کے مستقبل کو نئی سمت دینے میں اہم کردار ادا کرے گا۔ ترکیہ پاکستان کے ساتھ توانائی کے شعبے میں اشتراک کو مزید وسعت دینے کے لیے پرعزم ہے۔