اسلام آباد: تھانہ شہزاد ٹاؤن کی حدود علی پور فراش ٹاؤن میں گھر سے نوجوان لڑکی کی لاش برآمد ہوئی ہے، پولیس نے لاش تحویل میں لے کر اسپتال منتقل کردی۔
پولیس کے مطابق واقعہ علی الصبح پیش آیا، ابتدائی طور پر واقعہ کو خودکشی کا رنگ دینے کی کوشش کی گئی ہے، پولیس ذرائع کا کہنا ہے کہ چھت کے کنڈے سے لٹکتی لاش دیکھ کر اندازہ ہوتا ہے کہ جان نکلنے کے کافی دیر بعد لاش لٹکائی گئی ہے کیونکہ اگر لٹکتے ہوئے جان نکلی ہوتی تو لاش کے بازو بالکل سیدھے ہوتے اور ان میں خم نہ ہوتا۔
پولیس کا کہنا ہے کہ پوسٹ مارٹم رپورٹ اور تحقیقات مکمل ہونے کے بعد ہی موت کی وجہ کا تعین ہوسکے گا۔
ذرائع کے مطابق واقعے کی اطلاع ملتے ہی پولیس موقع پر پہنچ گئی اور جائے وقوعہ سے شواہد اکٹھے کرلیے۔ پولیس نے واقعے کی تحقیقات شروع کرتے ہوئے مختلف پہلوؤں کا جائزہ لینا شروع کردیا ہے۔
پولیس حکام کا کہنا ہے کہ واقعے کی مکمل تحقیقات کی جا رہی ہیں، حتمی حقائق پوسٹ مارٹم رپورٹ اور تفتیش کے بعد سامنے آئیں گے۔