شمالی وزیرستان کے علاقے میر علی میں عزمِ استحکام وژن کے تحت سیکیورٹی فورسز نے فتنہ الخوارج کے خلاف کارروائی کرتے ہوئے خواتین کے لباس میں رکشے کے ذریعے فرار ہونے کی کوشش کرنے والے خارجی دہشت گردوں کو ہلاک کردیا۔
سیکیورٹی ذرائع نے اس واقعے پر ردعمل دیتے ہوئے کہا ہے کہ دہشت گرد اپنی جان بچانے کے لیے انتہائی غیر اخلاقی اور گھٹیا ہتھکنڈے اپنا رہے ہیں، جو نہ صرف سماجی و اخلاقی اقدار کی خلاف ورزی ہے بلکہ خواتین کے تقدس کو پامال کرنے کے مترادف بھی ہے۔
ذرائع نے مزید انکشاف کیا ہے کہ خیبر پختونخوا میں سرگرم یہ دہشت گرد عناصر شہری آبادی اور مساجد کو اپنی پناہ گاہ کے طور پر استعمال کر رہے ہیں اور وہاں دھماکا خیز مواد ذخیرہ کرنے کے ٹھوس شواہد بھی سامنے آئے ہیں۔
مزید برآں، یہ عناصر قانون نافذ کرنے والے اداروں کی کارروائیوں سے بچنے کے لیے معصوم خواتین اور بچوں کو انسانی ڈھال کے طور پر استعمال کرنے سے بھی گریز نہیں کرتے۔