ترجمان دفتر خارجہ نے کہا ہے کہ پاکستان نے گزشتہ دو ہفتوں کے دوران علاقائی امن و استحکام، معاشی تعاون، دوطرفہ تعلقات اور عالمی سطح پر سفارتی روابط کے فروغ کے لیے متعدد اہم اقدامات کیے ہیں، جبکہ حکومت اقتصادی سفارت کاری اور غیر ملکی سرمایہ کاری کے فروغ کو خارجہ پالیسی کا اہم ستون قرار دے رہی ہے۔
20 نومبر کو ہفتہ وار پریس بریفنگ کے دوران ترجمان دفتر خارجہ نے بتایا کہ وزیراعظم محمد شہباز شریف نے 10 سے 12 نومبر تک ترکیہ کے شہر انطالیہ میں موسمیاتی تبدیلی سے متعلق اقوام متحدہ کے فریم ورک کنونشن کی 31ویں کانفرنس (COP-31) کے سربراہی اجلاس میں شرکت کی۔ وزیراعظم نے ترک صدر رجب طیب اردوان سے ملاقات میں پاک ترک برادرانہ تعلقات، دوطرفہ تعاون، علاقائی صورتحال اور قیام امن کی کوششوں پر تبادلہ خیال کیا۔
ترجمان کے مطابق وزیراعظم نے مکہ معاہدے کے ارکان کی جانب سے کشیدگی میں کمی اور مذاکرات کے لیے کی جانے والی کوششوں کو اجاگر کیا، جبکہ ترک صدر نے پاکستان کے تعمیری کردار اور اسلام آباد مفاہمتی یادداشت پر دستخط کے لیے پاکستان کی ثالثی کی کوششوں کو سراہا۔
ترجمان نے بتایا کہ وزیراعظم نے COP-31 کے دوران پاکستان میں شمسی توانائی کے فروغ، قابل تجدید توانائی کی صلاحیت میں اضافے، قدرتی آفات سے نمٹنے کی تیاری اور ابتدائی وارننگ نظام کی بہتری کے اقدامات سے آگاہ کیا اور ترقی پذیر ممالک کے لیے قابل پیش گوئی، مناسب اور قابل رسائی موسمیاتی مالی معاونت کی ضرورت پر زور دیا۔
دفتر خارجہ کے مطابق پاکستان نے 15 اور 16 نومبر کو اسلام آباد میں اقتصادی تعاون تنظیم (ECO) کے وزرائے خارجہ کونسل کا 30واں اجلاس بھی کامیابی سے منعقد کیا۔ پاکستان نے 2026-27 کے لیے ECO کی صدارت سنبھالتے ہوئے اجلاس کی میزبانی ’’علاقائی تعاون کی بحالی، مضبوط ECO کے لیے‘‘ کے عنوان سے کی۔
اجلاس میں رکن ممالک کے وزرائے خارجہ اور اعلیٰ حکام نے شرکت کی، جبکہ اسلام آباد اعلامیہ اور اقتصادی تعاون کے اسٹریٹجک اہداف 2035 کی منظوری دی گئی۔ اجلاس میں تجارت، سرمایہ کاری، ٹرانسپورٹ، علاقائی رابطوں، پائیدار ترقی اور مشترکہ خوشحالی کے لیے تعاون بڑھانے پر اتفاق کیا گیا۔
ترجمان کے مطابق نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ سینیٹر محمد اسحاق ڈار نے ایران، تاجکستان، ترکیہ اور کرغزستان سمیت مختلف ممالک کے وزرائے خارجہ اور اعلیٰ حکام سے دوطرفہ ملاقاتیں کیں، جبکہ ECO، او آئی سی اور CICA کے سیکرٹری جنرلز سے بھی ملاقاتیں ہوئیں۔
دفتر خارجہ نے بتایا کہ پاکستان اور اٹلی کے درمیان ساتویں جبکہ پاکستان اور سویڈن کے درمیان 20ویں دوطرفہ سیاسی مشاورت کا دور بھی منعقد ہوا، جس میں تجارت، سرمایہ کاری، دفاع، تعلیم، ٹیکنالوجی، صحت، ثقافت اور دیگر شعبوں میں تعاون کا جائزہ لیا گیا۔
پاکستان اور ترکمانستان کے درمیان 17 نومبر کو چھٹے مشترکہ بین الحکومتی کمیشن کا اجلاس بھی اسلام آباد میں ہوا، جس میں تجارت و سرمایہ کاری، توانائی، ٹرانسپورٹ، زراعت، صنعت، سیاحت، تعلیم، سائنس و ٹیکنالوجی سمیت مختلف شعبوں میں تعاون بڑھانے پر اتفاق کیا گیا۔ دونوں ممالک نے 2026 سے 2030 تک وزارت خارجہ کے درمیان تعاون کے پروگرام اور مشترکہ بین الحکومتی کمیشن کا پروٹوکول بھی طے کیا، جبکہ سیاحت کے شعبے میں مفاہمتی یادداشت کا تبادلہ ہوا۔
ترجمان کے مطابق پاکستان نے آسیان کے ساتھ بھی روابط مزید مضبوط بنانے کے لیے اقدامات جاری رکھے۔ نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ نے 19 نومبر کو آسیان کے سیکرٹری جنرل ڈاکٹر کاؤ کم ہورن سے ملاقات کی، جس میں تجارت، سرمایہ کاری، علاقائی رابطوں، زراعت، غذائی تحفظ، موسمیاتی لچک اور ڈیجیٹل جدت سمیت مختلف شعبوں میں تعاون بڑھانے پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
علاقائی سلامتی کے حوالے سے ترجمان نے کہا کہ پاکستان سعودی عرب کے خلاف حوثی حملوں کی شدید مذمت کرتا ہے۔ پاکستان نے ریاض میں سعودی آرامکو کی انتظامی عمارت اور کنگ عبداللہ فنانشل ڈسٹرکٹ میں ٹاور کو نشانہ بنانے کے واقعات کی مذمت کرتے ہوئے سعودی عرب کی خودمختاری اور علاقائی سالمیت کے تحفظ کے لیے مکمل حمایت کا اعادہ کیا۔
فلسطین کی صورتحال پر ترجمان نے بتایا کہ پاکستان نے دیگر ممالک کے وزرائے خارجہ کے ساتھ مل کر خان یونس کے ناصر میڈیکل کمپلیکس پر اسرائیلی فضائی حملے اور فلسطینی شہریوں کے خلاف جاری کارروائیوں کی مذمت کی۔ پاکستان نے شہریوں اور طبی مراکز کے تحفظ، بلا رکاوٹ انسانی امداد کی فراہمی اور جنگ بندی کے انتظامات پر عملدرآمد پر زور دیا۔
دفتر خارجہ کے مطابق پاکستان سمیت 15 ممالک نے مقبوضہ فلسطینی علاقوں میں اسرائیلی آبادکاری کی سرگرمیوں کے خلاف برطانیہ اور آسٹریلیا کی پابندیوں کا خیرمقدم کیا اور دو ریاستی حل کی حمایت کا اعادہ کیا، جس کے تحت 4 جون 1967 کی حدود کے مطابق آزاد فلسطینی ریاست اور مشرقی یروشلم اس کا دارالحکومت ہو۔
ترجمان نے بتایا کہ پاکستان نے شنگھائی تعاون تنظیم کے تحت بین تہذیبی روابط کے فروغ کے لیے بھی اپنا کردار جاری رکھا ہے۔ وفاقی وزیر موسمیاتی تبدیلی ڈاکٹر مصدق مسعود ملک نئی دہلی میں 20 سے 22 نومبر تک ہونے والے SCO سولائزیشنل ڈائیلاگ فورم میں پاکستان کی نمائندگی کر رہے ہیں۔
دفتر خارجہ میں 18 نومبر کو گندھارا اسٹریٹجک ڈائیلاگ بھی منعقد ہوا، جس میں آٹھ ممالک کے بدھ مت کے مذہبی رہنماؤں، عالمی ماہرین، سفارت کاروں، ارکان پارلیمنٹ اور اعلیٰ سرکاری حکام نے شرکت کی۔ فورم میں گندھارا تہذیب کو انسانیت کا مشترکہ ورثہ اور تہذیبوں کے درمیان پل قرار دیتے ہوئے ثقافتی سفارت کاری، بین المذاہب ہم آہنگی اور گندھارا ورثے کے تحفظ پر زور دیا گیا۔
ترجمان کے مطابق پاکستان اور امریکا کے درمیان بھی سفارتی روابط جاری رہے۔ نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ نے سابق امریکی معاون وزیر خارجہ رابن ریفیل سے ملاقات میں پاک امریکا تعلقات کی مثبت سمت اور مستقل رابطوں کی اہمیت پر زور دیا، جبکہ تھنک ٹینکس اور تعلیمی اداروں کے درمیان روابط بڑھانے پر بھی اتفاق کیا گیا۔
پاکستان نے وسطی ایشیائی ممالک کے ساتھ روابط کے تحت ازبکستان کے وزیر خارجہ بختیار سعیدوف سے دو ٹیلی فونک رابطے کیے، جبکہ مصر کے وزیر خارجہ بدر عبدالعاطی سے بھی علاقائی و عالمی امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
ترجمان نے بتایا کہ نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ نے پاکستان میں ایگزیکٹو لیڈرشپ ٹریننگ پروگرام میں شریک 35 بنگلہ دیشی سینئر سول افسران سے بھی خطاب کیا اور پاکستان بنگلہ دیش تعلقات، گورننس، پبلک ایڈمنسٹریشن اور نالج کوریڈور کے ذریعے تعاون بڑھانے کی ضرورت پر زور دیا۔
معاشی سفارت کاری کے حوالے سے ترجمان نے کہا کہ نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ نے 12 نومبر کو پاکستان منرلز انویسٹمنٹ فورم 2026 کی افتتاحی نشست سے خطاب کیا اور بین الاقوامی نمائش کا افتتاح کیا۔ انہوں نے اقتصادی سفارت کاری کو پاکستان کی خارجہ پالیسی کا مرکزی ستون قرار دیتے ہوئے غیر ملکی سرمایہ کاری کے فروغ میں خصوصی سرمایہ کاری سہولت کونسل کے کردار کو اجاگر کیا۔
ترجمان کے مطابق نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ نے مارگلہ ڈائیلاگ سے بھی خطاب کیا، جبکہ اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل کے امیدوار لانا نسیبہ اور انٹرنیشنل ریسکیو کمیٹی کے صدر ڈیوڈ ملی بینڈ سے الگ الگ ملاقاتیں کیں۔
دفتر خارجہ نے کہا کہ پاکستان کی حالیہ سفارتی سرگرمیاں تعمیری سفارت کاری، دوطرفہ تعلقات کے استحکام، علاقائی امن و استحکام، معاشی شراکت داری اور مشترکہ چیلنجز کے حل کے لیے مذاکرات اور تعاون کے عزم کی عکاس ہیں۔ پاکستان قومی سلامتی، معاشی خوشحالی، علاقائی تعاون اور تنازعات کے پرامن حل پر مبنی خارجہ پالیسی جاری رکھے گا۔