ٹیلی کام سروسز کا معیار: پی ٹی اے کے ملک گیر معائنوں میں متعدد تکنیکی و انتظامی خامیوں کا انکشاف

image

پاکستان ٹیلی کام اتھارٹی (پی ٹی اے) کی جانب سے ٹیلی کام سروسز کے معیار کو جانچنے کے لیے کیے گئے ملک گیر معائنوں کے دوران سروسز کی فراہمی میں رکاوٹ بننے والی متعدد تکنیکی اور انتظامی خامیوں کا انکشاف ہوا ہے۔

پی ٹی اے کے مطابق 29 اکتوبر سے 11 نومبر 2026ء تک جاری رہنے والی فیلڈ مانیٹرنگ مہم میں مزید 226 موبائل سائٹس کی جانچ پڑتال کی گئی، جس کے بعد اب تک مجموعی طور پر 1127 سے زائد ٹیلی کام سائٹس کا معائنہ مکمل کیا جا چکا ہے۔

یہ سروے کراچی، لاہور، اسلام آباد، راولپنڈی، پشاور، کوئٹہ، سرگودھا، بہاولپور، گوادر، اسکردو، میرپور، مانسہرہ، ہری پور، چارسدہ، پنڈی گھیب اور کھرمنگ سمیت مختلف شہروں میں کیا گیا۔ اس عمل کے دوران مقامی انتظامیہ، عوامی نمائندوں، متعلقہ فریقین اور ٹیلی کام کمپنیوں کے ساتھ مل کر سروسز کو درپیش مسائل کی نشاندہی کی گئی۔

جانچ پڑتال کے دوران یہ بات سامنے آئی کہ کئی مقامات پر بجلی کی عدم دستیابی اور اس کے متبادل انتظامات ناقص ہیں، جبکہ خراب بیٹریاں، جنریٹرز کے مسائل، آلات کی خرابی اور فائبر آپٹک کیبلز کے عدم تحفظ سمیت بنیادی ڈھانچے کی دیگر کمزوریاں بھی سروس کے معیار کو متاثر کر رہی ہیں۔

اتھارٹی کا کہنا ہے کہ ملک بھر میں صارفین کو بلا تعطل اور معیاری ٹیلی کام سہولیات کی فراہمی یقینی بنانے کے لیے نگرانی کا یہ عمل مسلسل جاری ہے اور متعلقہ اداروں کے تعاون سے ان خامیوں کو فوری طور پر دور کرنے کے لیے عملی اقدامات اٹھائے جا رہے ہیں تاکہ کسی بھی ہنگامی صورتحال میں سروس کی جلد بحالی ممکن بنائی جاسکے۔


Meta Urdu News: This news section is a part of the largest Urdu News aggregator that provides access to over 15 leading sources of Urdu News and search facility of archived news since 2008.

Follow US