ریاض میں کنگ عبداللہ فنانشل ڈسٹرکٹ کے ٹاور پر حوثی حملے کی پاکستان، مصر، قطر اور کویت سمیت متعدد ممالک نے شدید مذمت کرتے ہوئے سعودی عرب سے یکجہتی کا اظہار کیا ہے۔
پاکستان کے دفتر خارجہ کے ترجمان نے حملے کو سعودی خودمختاری کی سنگین خلاف ورزی قرار دیتے ہوئے سعودی حکومت اور عوام کے ساتھ مکمل یکجہتی کا اظہار کیا۔
مصر نے شہری اور اقتصادی تنصیبات کو نشانہ بنانے کو ناقابلِ قبول قرار دیتے ہوئے سعودی عرب کی سلامتی اور خودمختاری کے تحفظ کے لیے کیے جانے والے اقدامات کی حمایت کی۔
قطر نے شاہ عبداللہ کمرشل زون پر حملے اور سعودی عرب کو مسلسل نشانہ بنانے کی مذمت کی جبکہ کویت نے حملے کو سعودی خودمختاری کی صریح خلاف ورزی قرار دیا۔
خلیج تعاون کونسل کے سیکریٹری جنرل جاسم البداوی نے بھی حملے کی مذمت کرتے ہوئے عالمی برادری پر حوثیوں کو جوابدہ ٹھہرانے کے لیے مؤثر اقدامات کرنے پر زور دیا۔