بھارت اے کے خلاف میچ کا ہمیشہ انتظار رہتا ہے، کپتان کے اعتماد سے حوصلہ ملا: حسن نواز

image

ایشیا کپ رائزنگ اسٹارز میں بھارت اے کے خلاف 48 رنز کی فتح میں کلیدی کردار ادا کرنے والے پاکستان شاہینز کے بیٹر حسن نواز نے کہا ہے کہ انہیں اس مقابلے کا ہمیشہ انتظار رہتا ہے اور وہ ایسے بڑے میچوں میں بہترین کارکردگی دکھانے کی کوشش کرتے ہیں۔

میچ کے بعد پی سی بی ڈیجیٹل سے گفتگو کرتے ہوئے حسن نواز کا کہنا تھا کہ ہر میچ کا اپنا دباؤ ہوتا ہے تاہم ابتدائی چند گیندیں کھیلنے کے بعد صورتحال معمول پر آ جاتی ہے۔ انہوں نے بتایا کہ ٹیم میٹنگ میں طے پایا تھا کہ کھیل کو سادہ رکھا جائے اور اس جیت میں تمام کھلاڑیوں نے اپنا حصہ ڈالا۔

اپنی بولنگ کے حوالے سے بات کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ پچ پر گیند کے رک کر آنے کی امید تھی جس کے باعث انہوں نے کپتان سے خود بولنگ کرنے کی خواہش ظاہر کی۔ کپتان کی جانب سے اعتماد ملنے پر ان کا حوصلہ بڑھا اور اب وہ مستقبل میں بھی باقاعدگی سے بولنگ کرنے کی کوشش کریں گے۔ حسن نواز نے اپنی کامیابی پر اہلِ خانہ کی دعاؤں اور مداحوں کی حمایت کا شکریہ بھی ادا کیا۔

اس میچ میں حسن نواز نے شاندار آل راؤنڈ کھیل پیش کرتے ہوئے پہلے 79 رنز کی ذمہ دارانہ اننگز کھیلی اور پھر بھارت اے کے تین کھلاڑیوں کو پویلین کی راہ دکھائی۔ ٹورنامنٹ کی دفاعی چیمپئن اور اب تک ناقابلِ شکست رہنے والی پاکستان شاہینز کی ٹیم اپنا آخری گروپ میچ 24 نومبر کو نیپال کے خلاف کھیلے گی۔


Meta Urdu News: This news section is a part of the largest Urdu News aggregator that provides access to over 15 leading sources of Urdu News and search facility of archived news since 2008.

Follow US