وزیراعظم محمد شہباز شریف سے پرتگال کے وزیر خارجہ پاؤلو رینڈژیل نے ملاقات کی، جس میں پاکستان اور پرتگال کے درمیان سیاسی و معاشی تعلقات مزید مضبوط بنانے اور مختلف شعبوں میں دوطرفہ تعاون بڑھانے پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔
ملاقات میں تجارت، سرمایہ کاری، زراعت، انفارمیشن ٹیکنالوجی، ٹیکسٹائل، سیاحت، تعلیم اور ثقافتی تبادلوں سمیت باہمی دلچسپی کے امور زیرِ بحث آئے۔
وزیراعظم محمد شہباز شریف نے پرتگالی وزیر خارجہ کا خیرمقدم کرتے ہوئے خطے میں امن کے فروغ میں پاکستان کے کردار کو سراہنے اور یورپی یونین کی جی ایس پی پلس سہولت کے تحت پاکستان کی حمایت جاری رکھنے پر پرتگال کا شکریہ ادا کیا۔
وزیراعظم نے مختلف شعبوں میں شراکت داری کے فروغ کے لیے مشترکہ وزارتی کمیشن قائم کرنے کی پاکستان کی تجویز قبول کرنے پر پرتگال کے فیصلے کو سراہا۔ انہوں نے کہا کہ مشترکہ وزارتی کمیشن دونوں ممالک کی مشترکہ ترجیحات کے تعین اور عملی تعاون کو آگے بڑھانے کے لیے باقاعدہ فورم فراہم کرے گا۔
ملاقات میں پرتگال کے وزیر خارجہ کے دورے کے موقع پر منعقدہ پاکستان پرتگال بزنس فورم کا بھی خیرمقدم کیا گیا۔ فورم میں پرتگال کی تقریباً 20 کمپنیوں نے شرکت کی، جہاں دونوں ممالک کے کاروباری نمائندوں کو تجارت، سرمایہ کاری اور مشترکہ منصوبوں کے مواقع تلاش کرنے کا موقع ملا۔
وزیراعظم نے پرتگالی کمپنیوں کو پاکستان میں قابل تجدید توانائی، زراعت، غذائی اشیا کی پراسیسنگ، ٹیکسٹائل، ٹیکنالوجی اور سیاحت کے شعبوں میں سرمایہ کاری کے مواقع سے فائدہ اٹھانے کی دعوت دی۔
دونوں رہنماؤں نے زراعت کے شعبے میں تعاون بالخصوص زیتون کی کاشت، پراسیسنگ اور جدید ٹیکنالوجی کی منتقلی پر بھی تبادلہ خیال کیا، جبکہ پاکستان اور پرتگال کے ٹیکسٹائل اداروں کے درمیان روابط مزید مضبوط بنانے کے امور بھی زیرِ غور آئے۔
ملاقات میں افرادی قوت کی نقل و حرکت، پیشہ ورانہ مہارتوں کی ترقی، تعلیمی تعاون، ثقافتی تبادلوں اور علاقائی و عالمی صورتحال پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا۔
دونوں فریقوں نے اس عزم کا اظہار کیا کہ پرتگالی وزیر خارجہ کے دورے کے دوران طے پانے والے امور کو عملی شکل دینے اور پاکستان پرتگال تعلقات کو مزید نتیجہ خیز بنانے کے لیے مشترکہ کوششیں جاری رکھی جائیں گی۔