وزیراعظم اپنا گھر پروگرام، 100 ارب روپے سے زائد کے قرضوں کی فراہمی کا سنگ میل عبور

image

وزیراعظم محمد شہباز شریف نے کہا ہے کہ ’’وزیراعظم اپنا گھر، اپنا آشیانہ‘‘ پروگرام کے تحت ساڑھے چھ ماہ میں 18 ہزار 500 گھروں کے لیے 100 ارب روپے تقسیم کیے گئے، جو اب بڑھ کر 112 ارب روپے ہوچکے ہیں، جبکہ 500 ارب روپے کے قرضے منظور کیے جا چکے ہیں۔

وزیراعظم محمد شہباز شریف نے ’’وزیراعظم اپنا گھر پروگرام‘‘ کے تحت 100 ارب روپے سے زائد کے قرضوں کی فراہمی کا سنگ میل عبور کرنے کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ آج کا دن ہزاروں خاندانوں کے لیے خوشی کا دن ہے، جن خاندانوں کو عزت و وقار کے ساتھ گھر ملا انہیں مبارکباد پیش کرتا ہوں۔

انہوں نے کہا کہ جن خاندانوں کو بینکوں کے ذریعے قرضے ملے ہیں، یہ قابلِ تحسین اقدام ہے، اس عمل میں نہ کرپشن ہوئی اور نہ اقربا پروری، جو بہت بڑی کامیابی ہے۔ کسی قرض لینے والے سے یہ نہیں پوچھا گیا کہ وہ کس سیاسی جماعت سے تعلق رکھتا ہے، اسی کو شفافیت اور میرٹ کہتے ہیں۔

وزیراعظم نے کہا کہ میرٹ پر اگر کسی مخالف جماعت سے تعلق رکھنے والے شخص کو بھی قرض ملتا ہے تو ضرور ملنا چاہیے، بینک میرٹ پر قرضوں کی فراہمی کے لیے مزید آسانیاں پیدا کریں۔ بینک قرضوں کی منظوری لائٹننگ اسپیڈ سے کریں اور اس عمل میں کسی قسم کی سیاسی مداخلت برداشت نہیں کی جائے گی۔

محمد شہباز شریف نے کہا کہ ’’اپنا گھر، اپنا آشیانہ‘‘ پروگرام کے تحت گھروں کی تعداد کی کوئی حد مقرر نہیں، غریبوں اور متوسط طبقے کے لیے جتنے گھر بنانے پڑے بنائیں گے۔ ایک لاکھ، دو لاکھ یا پانچ لاکھ گھروں کی کوئی پابندی نہیں، ہمارا مقصد عام آدمی کو گھر کی سہولت فراہم کرنا ہے۔

انہوں نے کہا کہ شاہانہ گھروں کی ضرورت اشرافیہ کو ہوتی ہے، وہ دو دو اور چار چار کنال کے گھر بنا سکتے ہیں، تاہم گھر غریب اور متوسط طبقے سے تعلق رکھنے والوں کی ضرورت ہے۔ یہ وسائل قوم کے ہیں اور ان کے حق داروں کے لیے ہیں۔

وزیراعظم نے کہا کہ اگلے چھ ماہ میں ایک ہزار ارب روپے کی ادائیگی کا ہدف حاصل کرنے کے لیے دوبارہ تقریب منعقد کی جائے گی۔ پروگرام کی راہ میں حائل تمام رکاوٹیں مل بیٹھ کر دور کی جائیں گی۔

انہوں نے ’’آباد‘‘، اسٹیٹ بینک، حکومت اور بلڈرز کو ایک جگہ بٹھا کر فوری اجلاس منعقد کرنے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ وزارت ہاؤسنگ کے سیکریٹری کو بھی اجلاس میں بلایا جائے اور سہ فریقی معاہدے کا جائزہ لے کر اسے عملی شکل دی جائے۔

وزیراعظم نے کہا کہ پروگرام میں حصہ لینے والے پانچ بینکوں کو بلیو پاسپورٹس جاری کیے جائیں گے اور بینک مالکان و چیف ایگزیکٹو افسران خود فیصلہ کریں گے کہ پاسپورٹ کون وصول کرے گا۔ یہ پانچوں بینک اس مقصد کے لیے ’’ایمبیسڈرز ایٹ لارج‘‘ ہوں گے۔

وزیراعظم محمد شہباز شریف نے کہا کہ پاکستان کے قیام کے وقت لاکھوں مسلمانوں نے خون کے دریا عبور کیے، ملک میں سب کو برابر کے حقوق ملنے چاہئیں۔ عام آدمی کی فلاح و بہبود کے لیے اقدامات ناگزیر ہیں، وفاق اور صوبوں کو مل کر دن رات کام کرنا ہوگا کیونکہ وقت کسی کا انتظار نہیں کرتا۔

انہوں نے کہا کہ محمد نواز شریف کی قیادت میں پنجاب میں آشیانہ ہاؤسنگ اسکیم شروع ہوئی، پہلے آشیانہ قائد، پھر آشیانہ اقبال اور پنجاب کے دیگر شہروں میں اس کا آغاز کیا گیا۔

وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات عطاء اللہ تارڑ نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ وزیراعظم اپنا گھر پروگرام کی کامیابی کے لیے کئی اجلاس منعقد کیے گئے، وزیراعظم نے تمام اسٹیک ہولڈرز کو ایک پلیٹ فارم پر اکٹھا کیا اور عوامی ضروریات کو مدنظر رکھتے ہوئے پالیسیاں تشکیل دی گئیں۔

عطاء اللہ تارڑ نے کہا کہ آج کی تقریب میں وہ پاکستانی بھی موجود ہیں جنہوں نے وزیراعظم اپنا گھر اسکیم کے تحت اپنے گھر کا خواب پورا کیا۔ ہمارے ہاں یہ تصور پایا جاتا تھا کہ مرد مکان تعمیر کرتا ہے جبکہ عورت اسے گھر بناتی ہے، لیکن ہماری کئی بہنیں ایسی ہیں جنہوں نے نہ صرف مکان تعمیر کیا بلکہ اسے مکمل گھر کی شکل بھی دی۔

وفاقی وزیر نے کہا کہ آج کی تقریب سازگار ماحول اور مؤثر پالیسی کا نتیجہ ہے، جبکہ پروگرام کے تمام بینیفشریز، بینکرز، بلڈرز، ڈویلپرز اور اسٹیٹ بینک کے نمائندے ایک پلیٹ فارم پر موجود ہیں۔

وفاقی وزیر ریاض حسین پیرزادہ نے کہا کہ حکومت وزیراعظم اپنا گھر پروگرام کو مزید آگے بڑھانے کے لیے پرعزم ہے۔ وزیراعظم کی خصوصی توجہ سے ہی یہ کامیابی ممکن ہوئی ہے۔

چیئرمین آباد محمد حنیف گوہر نے کہا کہ وزیراعظم کے وژن کے تحت سوا لاکھ گھروں کا ہدف حاصل کیا جائے گا۔ وزیراعظم کے کامیاب وژن سے عام آدمی کو فائدہ پہنچ رہا ہے۔


Meta Urdu News: This news section is a part of the largest Urdu News aggregator that provides access to over 15 leading sources of Urdu News and search facility of archived news since 2008.

Follow US