شاہین آفریدی کے ننھے بیٹے عالیار نے لاہور قلندرز کی نئی سائننگ کا اعلان کردیا

image

پاکستان سپر لیگ کے بارہویں ایڈیشن سے قبل لاہور قلندرز نے سری لنکا سے تعلق رکھنے والے آل راؤنڈر کمیندو مینڈس کے ساتھ براہِ راست معاہدہ کر لیا ہے۔

فرنچائز کی طرف سے سوشل میڈیا پر شیئر کیے گئے ایک خصوصی کلپ میں کپتان شاہین شاہ آفریدی اور ٹیم اونر ثمین رانا کے ہمراہ شاہین کے کمسن صاحبزادے عالیار بھی نظر آئے۔

اس ویڈیو میں جب شاہین نے اپنے بیٹے سے نئے شامل ہونے والے کھلاڑی کا نام پوچھا تو ننھے عالیار نے بڑی معصومیت سے ’کمیندو‘ کا نام لے کر اس سائننگ کا اعلان کیا، جسے شائقینِ کرکٹ کی جانب سے بے حد پسند کیا جا رہا ہے۔

اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے شاہین آفریدی نے بتایا کہ ان کی ٹیم گزشتہ پانچ چھ سال سے اپنے بنیادی اسکواڈ کو برقرار رکھنے کی پالیسی پر گامزن ہے، البتہ پچھلے ٹورنامنٹ میں مڈل آرڈر بیٹنگ میں جو خلا محسوس کیا گیا تھا، اسے پر کرنے کے لیے اب نئی حکمتِ عملی اپنائی گئی ہے۔

کپتان کا مزید کہنا تھا کہ کمیندو مینڈس ایک بہترین صلاحیتوں کے حامل کھلاڑی ہیں جو عمدہ بیٹنگ کے علاوہ دونوں ہاتھوں سے اسپن بولنگ کرنے کا ہنر بھی رکھتے ہیں، اور ان کی آمد سے لاہور قلندرز کی مڈل آرڈر بیٹنگ کو خاصی تقویت ملے گی۔


Meta Urdu News: This news section is a part of the largest Urdu News aggregator that provides access to over 15 leading sources of Urdu News and search facility of archived news since 2008.

Follow US