رونالڈو کا نیا کارنامہ، مجموعی گولز کی تعداد 987 تک جا پہنچی

image

پرتگالی اسٹار فٹبالر کرسٹیانو رونالڈو نے اپنے کیریئر کے ایک ہزار گولز کے ہدف کی جانب ایک اور اہم قدم بڑھاتے ہوئے مجموعی گولز کی تعداد 987 تک پہنچا دی ہے۔

ریاض کے الاوّل پارک اسٹیڈیم میں کھیلے گئے اے ایف سی چیمپئنز لیگ ایلیٹ کے سنسنی خیز مقابلے میں النصر نے السد کو ایک کے مقابلے میں دو گول سے زیر کیا۔ میچ کے تیرہویں منٹ میں رونالڈو نے پنالٹی کک پر گول داغ کر اپنی ٹیم کو برتری دلائی، تاہم السد کے محمد وعد نے محض آٹھ منٹ بعد گول اسکور کرکے مقابلہ برابر کردیا۔

کھیل کے دوران رونالڈو نے ایک اور گول بھی کیا لیکن ویڈیو اسسٹنٹ ریفری (وی اے آر) کے جائزے کے بعد اسے مسترد قرار دے دیا گیا، جبکہ دوسری جانب السد کے محمد وعد کو مخالف کھلاڑی پر تھوکنے کی پاداش میں ریڈ کارڈ دکھا کر میدان سے باہر بھیج دیا گیا۔

دوسرے ہاف میں النصر کے ژواؤ فیلکس نے دلکش بائی سائیکل کک کے ذریعے گیند جال میں پہنچا کر اپنی ٹیم کی جیت پر مہر ثبت کردی۔

اس نئے اضافے کے بعد کرسٹیانو رونالڈو کو ہزار گولز کا تاریخی اعزاز حاصل کرنے کے لیے مزید صرف 13 گول درکار ہیں۔


Meta Urdu News: This news section is a part of the largest Urdu News aggregator that provides access to over 15 leading sources of Urdu News and search facility of archived news since 2008.

Follow US