پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) کراچی کے نیشنل اسٹیڈیم میں تزئین و آرائش اور اپ گریڈیشن کے کام کو مکمل کرنے کے لیے تقریباً 5 ارب روپے خرچ کرے گا۔
بورڈ نے یہ کام پہلے ہی فرنٹیئر ورکس آرگنائزیشن (ایف ڈبلیو او) کو تفویض کر دیا ہے، جو تزئین و آرائش اور اپ گریڈیشن کے اس عمل کو مکمل کرے گی جس کا آغاز گزشتہ سال آئی سی سی چیمپئنز ٹرافی سے قبل ہوا تھا۔
پی سی بی کا کہنا ہے کہ وہ نیشنل اسٹیڈیم کراچی (جس کا نام تبدیل کر کے نیشنل بینک اسٹیڈیم رکھ دیا گیا ہے) میں تماشائیوں کے بیٹھنے کی گنجائش کو موجودہ 32 سے 33 ہزار سے بڑھا کر 50 ہزار کرنا چاہتا ہے۔
تزئین و آرائش اور اپ گریڈیشن کے اس کام میں ہر انکلوژر کے سامنے لگے جنگلوں کو ہٹا کر ان کی جگہ خندقیں (موٹس) بنانا، چھتوں کو بہتر بنانا، زیادہ بلندی پر نشستوں والے نئے انکلوژرز کی تعمیر اور شائقین کے لیے بہتر سہولیات کی فراہمی شامل ہوگی۔
چیمپئنز ٹرافی سے قبل بورڈ نے ایک نئے پانچ منزلہ پویلین، 24 ہاسپٹیلٹی باکسز، جدید ڈریسنگ رومز، نئی ایل ای ڈی فلڈ لائٹس، ڈیجیٹل اسکرینز اور دیگر کئی سہولیات کی تعمیر مکمل کر لی تھی۔
اب اس منصوبے کا دوسرا مرحلہ جلد شروع ہونے کی توقع ہے۔ پی سی بی کے سالانہ بجٹ کے مطابق، کیپٹل ایکسپینڈیچر (سرمایہ جاتی اخراجات) کے لیے 6.702 ارب روپے مختص کیے گئے ہیں، جس میں طویل مدتی یا مستقل اثاثوں کی خریداری، تعمیر، مرمت اور بہتری شامل ہے۔
اس سرمایہ جاتی اخراجات کے بجٹ میں سے 5.685 ارب روپے انفراسٹرکچر کے منصوبوں کے لیے رکھے گئے ہیں۔
بورڈ نے پاکستان کے قدیم ترین ٹیسٹ وینیوز میں سے ایک، نیشنل اسٹیڈیم کراچی میں تعمیراتی کام مکمل کرنے کے لیے خصوصی طور پر 5 ارب روپے مختص کیے ہیں۔
پی سی بی اسلام آباد کی مارگلہ کی پہاڑیوں میں ایک نئے اسٹیڈیم کی تعمیر پر بھی اربوں روپے خرچ کر رہا ہے۔